ریاض الصالحین — حدیث نمبر 1368

باب: خرید و فروخت اور لین دین میں نرمی، اچھے طریقے سے قرض ادا کرنے اور تقاضا کرنے، ناپ تول میں جھکتا دینے کی فضیلت، کم تولنے کی ممانعت، اور مالدار کا تنگدست کو مہلت دینے اور اسے (قرض) معاف کرنے کی فضیلت

باب فضل السماحة في البيع والشراء والأخذ والعطاء وحسن القضاء والتقاضي وإرجاح المكيال والميزان، والنهي عن التطفيف وفضل إنظار الموسِر المُعْسِرَ والوضع عَنْهُ

حدیث نمبر: 1368
وعن جابر - رضي الله عنه: أنَّ رسول الله - صلى الله عليه وسلم - قَالَ: «رَحِمَ اللهُ رَجُلًا سَمْحًا إِذَا بَاعَ، وَإِذَا اشْتَرَى، وَإِذَا اقْتَضَى». رواه البخاري.
ترجمہ

سیدنا جابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”اللہ اس آدمی پر رحم فرمائے جو بیچتے وقت، خریدتے وقت اور (اپنے حق کا) تقاضا کرتے وقت نرمی اور فراخ دلی سے کام لیتا ہے۔“
(اسے بخاری نے روایت کیا ہے)

حوالہ حدیث رياض الصالحين / كتاب الجهاد / حدیث: 1368
درجۂ حدیث محدثین: صحيح (رواه البخاري)
تخریج حدیث أخرجه: البخاري 3/ 75 (2076).
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح البخاري: 2076 | سنن ترمذي: 1320 | سنن ابن ماجه: 2203 | معجم صغير للطبراني: 535

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 2076 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
2076. حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: " اللہ تعالیٰ اس شخص پر رحم فرمائے جو بیچتے خریدتے اور تقاضا کرتے وقت نرمی اور کشادہ دلی کا مظاہرہ کرے۔ "[صحيح بخاري، حديث نمبر:2076]
حدیث حاشیہ:
(1)
ايك روايت میں ہے کہ اللہ تعالیٰ اس شخص کو جنت میں داخل کرے گا جو فروخت کرتے،خریدتے، حقوق کا تقاضا اور ان کی ادائیگی کے وقت خوش دلی اختیار کرتا ہے۔
(سنن النسائی،البیوع،حدیث: 4700) (2)
اس سے معلوم ہوا کہ معاملات میں خندہ پیشانی اور کشادہ روئی سے پیش آنا چاہیے،نیز تنگ دلی اور خود غرضی سے بچنا چاہیے۔
(3)
حدیث میں دعا اور خبر دونوں کا احتمال ہے لیکن امام ترمذی رحمہ اللہ کی بیان کردہ ایک روایت سے معلوم ہوتا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے کسی معین شخص کے متعلق خبردی ہے۔
اس کے الفاظ یہ ہیں: اللہ تعالیٰ نے تم سے پہلے ایک ایسے شخص کو معاف کردیا جو خریدوفروخت کے وقت نرمی اختیار کرتا تھا۔
(جامع الترمذی،الاحکام،حدیث: 1320)
بہرحال ایسے معاملات میں اچھے اخلاق کو اختیار کرنا چاہیے کیونکہ ان امور سے مال میں برکت ہوتی ہے۔
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 2076 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابن ماجه / حدیث: 2203 کی شرح از مولانا عطا اللہ ساجد ✍️
´خرید و فروخت میں نرمی اور آسانی برتنے کا بیان۔`
جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " اللہ تعالیٰ اس بندے پر رحم کرے، جو نرمی کرے جب بیچے، نرمی کرے جب خریدے، اور نرمی کرے جب تقاضا کرے۔‏‏‏‏" [سنن ابن ماجه/كتاب التجارات/حدیث: 2203]
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
(1)
اللہ تعالیٰ کو نرمی پسند ہے کیونکہ اس سے معاشرے میں امن قائم ہوتا ہے، جب کہ درشتی سے ایسے جھگڑے پیدا ہوتے ہیں جو امن و امان کو درہم برہم کر دیتے ہیں۔

(2)
لوگوں میں زیادہ جھگڑے لین دین کے معاملات میں ہوتے ہیں، جب ایک شخص کی غلطی کو دوسرا برداشت کرنے پر آ مادہ نہیں ہوتا اور فریقین میں سے ہر ایک اپنا فائدہ مد نظر رکھتا ہے، اس لیے ان معاملات میں تحمل و برداشت کی ضرورت زیادہ ہے۔

(3)
بیچنے میں نرمی یہ ہے کہ قیمت میں مناسب رعایت دی جائے، ادھار لینے والے کو مہلت دی جائے، اگر خریدار نامناسب حد تک رعائت طلب کرے تو جھگڑنے کی بجائے نرمی سے معذرت کر لی جائے۔
اگر وہ خریدی ہوئی چیز واپس کرنا چاہے تو واپس لے لی جائے۔

(4)
خریدنے میں نرمی یہ ہے کہ قیمت میں نامناسب حد تک رعایت کا مطالبہ نہ کیا جائے۔
اگر خریدی جانے والی چیز میں کوئی معمولی عیب ہو تو نظر انداز کر دیا جائے حتیٰ الامکان نقد ادائیگی کی جائے۔
اگر دکاندار نامناسب رویہ اختیار کرے تو اس کے جواب میں تلخ کلامی نہ جائے۔

(5)
تقاضا سے مراد اپنا حق طلب کرنا ہے، مثلاً: قرض کی واپسی کا مطالبہ۔
اور پیشگی قیمت ادا کرنے کی صورت میں خریدی ہوئی چیز مقررہ وقت پر مہیا کرنے کا مطالبہ۔

(6)
تقاضا میں نرمی کا مطلب ہے دوسرے کے جائز عذر کو تسلیم کرتے ہوئے مناسب مہلت دینا۔
اور مطالبہ کرتے ہوئے اس کی عزت نفس کا خیال کرنا اور تلخ کلامی یا گالی گلوچ سے پرہیز کرنا۔

(7)
خوش اخلاقی بہت بڑی نیکی ہے۔

(8)
خوش اخلاق تاجر کے کاروبار میں برکت ہوتی ہے۔
درج بالا اقتباس سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 2203 سے ماخوذ ہے۔