ریاض الصالحین — حدیث نمبر 974

باب: سفر کے لیے سواری پر سوار ہوتے وقت کیا کہے

باب مَا يقول إذا ركب دَابَّة للسفر

حدیث نمبر: 974
وعن عَلِي بن ربيعة، قَالَ: شهدت عليَّ بن أَبي طالب - رضي الله عنه - أُتِيَ بِدَابَّةٍ لِيَرْكَبَهَا، فَلَمَّا وَضَعَ رِجْلَهُ في الرِّكَابِ، قَالَ: بِسْمِ اللهِ، فَلَمَّا اسْتَوَى عَلَى ظَهْرِهَا، قَالَ: الحَمْدُ للهِ الَّذِي سَخَّرَ لَنَا هَذَا وَمَا كُنَّا لَهُ مُقْرِنينَ، وَإنَّا إِلَى رَبِّنَا لَمُنْقَلِبُونَ، ثُمَّ قَالَ: الحمْدُ للهِ، ثَلاثَ مَرَّاتٍ، ثُمَّ قَالَ: اللهُ أكْبَرُ، ثَلاثَ مَرَّاتٍ، ثُمَّ قَالَ: سُبْحَانَكَ إنّي ظَلَمْتُ نَفْسِي فَاغْفِرْ لِي إنَّهُ لاَ يَغْفِرُ الذُّنُوبَ إِلاَّ أنْتَ، ثُمَّ ضَحِكَ، فَقيلَ: يَا أمِيرَ المُؤمِنِينَ، مِنْ أيِّ شَيْءٍ ضَحِكْتَ؟ قَالَ: رَأيتُ النبيَّ - صلى الله عليه وسلم - فَعَلَ كَمَا فَعَلْتُ ثُمَّ ضَحِكَ، فقُلْتُ: يَا رسول اللهِ، مِنْ أيِّ شَيْءٍ ضَحِكْتَ؟ قَالَ: «إنَّ رَبَّكَ تَعَالَى يَعْجَبُ مِنْ عَبدِهِ إِذَا قَالَ: اغْفِرْ لِي ذُنُوبِي، يَعْلَمُ أنَّهُ لاَ يَغْفِرُ الذُّنُوبَ غَيْرِي». رواه أَبُو داود والترمذي، وقال: «حديث حسن»، وفي بعض النسخ: «حسن صحيح». وهذا لفظ أَبي داود.
ترجمہ

علی بن ربیعہ رحمہ اللہ کہتے ہیں: میں سیدنا علی بن ابی طالب رضی اللہ عنہ کے پاس حاضر تھا، ان کے پاس سوار ہونے کے لیے ایک جانور لایا گیا، جب انہوں نے اپنا پاؤں رکاب میں رکھا تو کہا: «بِسْمِ اللهِ» (اللہ کے نام سے)، پھر جب اس کی پیٹھ پر سیدھے ہو کر بیٹھ گئے تو کہا: «الْحَمْدُ لِلهِ الَّذِي سَخَّرَ لَنَا هَذَا وَمَا كُنَّا لَهُ مُقْرِنِينَ، وَإِنَّا إِلَى رَبِّنَا لَمُنْقَلِبُونَ» (تمام تعریف اللہ کے لیے ہے جس نے اسے ہمارے لیے مسخر کر دیا، اور ہم اسے قابو میں لانے والے نہ تھے، اور یقیناً ہم اپنے رب کی طرف لوٹ کر جانے والے ہیں)، پھر تین مرتبہ «الْحَمْدُ لِلهِ» (تمام تعریف اللہ کے لیے ہے) کہا، پھر تین مرتبہ «اللهُ أَكْبَرُ» (اللہ سب سے بڑا ہے) کہا، پھر کہا: «سُبْحَانَكَ إِنِّي ظَلَمْتُ نَفْسِي فَاغْفِرْ لِي، إِنَّهُ لَا يَغْفِرُ الذُّنُوبَ إِلَّا أَنْتَ» (تو پاک ہے، بے شک میں نے اپنی جان پر ظلم کیا، پس مجھے بخش دے، کیونکہ تیرے سوا کوئی گناہوں کو نہیں بخشتا)، پھر ہنس پڑے۔ ان سے کہا گیا: اے امیر المومنین! آپ کس بات پر ہنسے؟ انہوں نے کہا: میں نے نبی کریم ﷺ کو دیکھا کہ آپ نے ایسے ہی کیا جیسے میں نے کیا، پھر آپ ہنس پڑے، تو میں نے عرض کیا: اے اللہ کے رسول! آپ کس بات پر ہنسے؟ آپ ﷺ نے فرمایا: ”بے شک تیرا رب تعالیٰ اپنے بندے پر تعجب فرماتا ہے جب وہ کہتا ہے: میرے گناہ بخش دے، (اور) وہ جانتا ہے کہ میرے سوا کوئی گناہوں کو نہیں بخشتا۔“
(اسے ابوداود اور ترمذی نے روایت کیا ہے اور (ترمذی نے) کہا ہے: یہ حدیث حسن ہے، اور بعض نسخوں میں ہے: حسن صحیح ہے۔ اور یہ الفاظ ابوداود کے ہیں)

حوالہ حدیث رياض الصالحين / كتاب آداب السفر / حدیث: 974
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: صحيح (أبو داود 2602) , شیخ زبیر علی زئی: صحيح, مشكوة المصابيح (2434), أبو إسحاق السبيعي صرح بالسماع عند البيھقي (5/252)
تخریج حدیث أخرجه: أبو داود (2602)، والترمذي (3446)، والنسائي في «الكبرى» (8800).
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : سنن ترمذي: 3446 | سنن ابي داود: 2602

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ترمذي / حدیث: 3446 کی شرح از ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی ✍️
´اونٹنی پر سوار ہو تو کیا پڑھے؟`
علی بن ربیعہ کہتے ہیں کہ میں علی رضی الله عنہ کے پاس موجود تھا، انہیں سواری کے لیے ایک چوپایہ دیا گیا، جب انہوں نے اپنا پیر رکاب میں ڈالا تو کہا: «بسم اللہ» " میں اللہ کا نام لے کر سوار ہو رہا ہوں " اور پھر جب پیٹھ پر جم کر بیٹھ گئے تو کہا: «الحمد للہ» " تمام تعریفیں اللہ کے لیے ہیں "، پھر آپ نے یہ آیت: «سبحان الذي سخر لنا هذا وما كنا له مقرنين وإنا إلى ربنا لمنقلبون» " پاک ہے وہ ذات جس نے اسے ہمارے قابو میں کیا ورنہ ہم ایسے نہ تھے جو اسے ناتھ پہنا سکتے، لگام دے سکتے، ہم اپنے رب کے پاس پلٹ کر جانے والے ہیں "، پڑھی، پھر تین بار «الحمد للہ» کہا، او۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن ترمذي/كتاب الدعوات/حدیث: 3446]
اردو حاشہ:
وضاحت:
1؎:
یہ صرف اونٹنی کے ساتھ خاص نہیں ہے، کسی بھی سواری پرسوار ہوتے وقت یہ دعاء پڑھنی مسنون ہے، خود باب کی دونوں حدیثوں میں ’’اونٹنی‘‘ کا تذکرہ نہیں ہے، بلکہ دوسری حدیث میں تو’’سواری‘‘ کا لفظ ہے، کسی بھی سواری پر صادق آتا ہے۔

2؎:
پاک ہے وہ ذات جس نے اسے ہمارے قابو میں کیا ورنہ ہم ایسے نہ تھے جو اسے ناتھ پہنا سکتے، لگام دے سکتے، ہم اپنے رب کے پاس پلٹ کر جانے والے ہیں۔

3؎:
پاک ہے تو اے اللہ! بے شک میں نے اپنی جان کے حق میں ظلم و زیادتی کی ہے تو مجھے بخش دے، کیوں کہ تیرے سوا کوئی ظلم معاف کرنے والا نہیں ہے۔

نوٹ:
(سند میں ابو اسحاق مختلط راوی ہیں، اس لیے اس کی روایت میں اضطراب کا شکار بھی ہوئے ہیں، لیکن متابعات و شواہد کی بنا پر یہ حدیث صحیح لغیرہ ہے، ملاحظہ ہو: صحیح أبي داؤد رقم: 2342)
درج بالا اقتباس سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 3446 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابي داود / حدیث: 2602 کی شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی ✍️
´سواری پر چڑھتے وقت سوار کیا دعا پڑھے؟`
علی بن ربیعہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں علی رضی اللہ عنہ کے پاس حاضر ہوا، آپ کے لیے ایک سواری لائی گئی تاکہ اس پر سوار ہوں، جب آپ نے اپنا پاؤں رکاب میں رکھا تو «بسم الله» کہا، پھر جب اس کی پشت پر ٹھیک سے بیٹھ گئے تو «الحمد الله» کہا، اور «سبحان الذي سخر لنا هذا وما كنا له مقرنين * وإنا إلى ربنا لمنقلبون» کہا، پھر تین مرتبہ «الحمد الله» کہا، پھر تین مرتبہ «الله اكبر» کہا، پھر «سبحانك إني ظلمت نفسي فاغفر لي فإنه لا يغفر الذنوب إلا أنت» کہا، پھر ہنسے، پوچھا گیا: امیر المؤمنین! آپ کیوں ہنس رہے ہیں؟ تو انہوں نے کہا: میں نے نبی اکرم صلی اللہ۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن ابي داود/كتاب الجهاد /حدیث: 2602]
فوائد ومسائل:
اسلام انسان کا مذاج ایسا بنا دینا چاہتا ہے۔
کہ زندگی کا کوئی لمحہ بھی ایسا نہ گزرے جس سے وہ اپنے خالق ومالک سے غافل ہو۔
چاہیے کہ ہر حال میں اللہ کی نعمتوں کا شکر ادا کیا جائے۔
اور اسی طرح جس طرح رسول اللہ ﷺنے کر کے دیکھایا ہے۔
اسے بقدر امکان اختیار کیا جائے۔

درج بالا اقتباس سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی، حدیث/صفحہ نمبر: 2602 سے ماخوذ ہے۔