ریاض الصالحین — حدیث نمبر 957

باب: جمعرات کے دن (سفر کے لیے) نکلنا اور دن کے شروع میں نکلنا مستحب ہے

باب استحباب الخروج يوم الخميس، واستحبابه أول النهار

حدیث نمبر: 957
وعن صخر بن وَداعَةَ الغامِدِيِّ الصحابيِّ - رضي الله عنه: أنَّ رسولَ الله - صلى الله عليه وسلم - قَالَ: «اللَّهُمَّ بَارِكْ لأُمَّتِي في بُكُورِهَا» وَكَانَ إِذَا بَعَثَ سَرِيَّةً أَوْ جَيْشًا بَعَثَهُمْ مِنْ أوَّلِ النَّهَارِ. وَكَانَ صَخْرٌ تَاجِرًا، وَكَانَ يَبْعَثُ تِجَارَتَهُ أوَّلَ النَّهَار، فَأَثْرَى وَكَثُرَ مَالُهُ. رواه أَبُو داود والترمذي، وقال: «حديث حسن».
ترجمہ

سیدنا صخر بن وداعہ غامدی صحابی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”اے اللہ! میری امت کے لیے اس کے صبح سویرے (کے اوقات) میں برکت عطا فرما۔“ اور آپ ﷺ جب کوئی سریہ (چھوٹا دستہ) یا لشکر بھیجتے تو انہیں دن کے شروع میں بھیجتے۔ اور صخر (رضی اللہ عنہ) تاجر تھے، وہ اپنا تجارتی سامان دن کے شروع میں بھیجتے تھے، تو وہ مالدار ہو گئے اور ان کا مال بہت زیادہ ہو گیا۔
(اسے ابوداود اور ترمذی نے روایت کیا ہے اور (ترمذی نے) کہا ہے: یہ حدیث حسن ہے)

وضاحت:
«بُكُورِهَا» : بُکرہ کا معنی صبح سویرے کا وقت اور اس وقت میں نکلنا ہے۔ (لسان العرب 1/469)
حوالہ حدیث رياض الصالحين / كتاب آداب السفر / حدیث: 957
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: صحيح (أبو داود 2606) , شیخ زبیر علی زئی: حسن, مشكوة المصابيح (3908), أخرجه الترمذي (1212 وسنده حسن) وابن ماجه (2236 وسنده حسن) عمارة بن حديد حسن الحديث علي الراجح وثقه العجلي وابن خزيمة وغيرھما
تخریج حدیث أخرجه: أبو داود (2606)، وابن ماجه (2236)، والترمذي (1212)، والنسائي في «الكبرى» (8833).
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : سنن ترمذي: 1212 | سنن ابي داود: 2606 | سنن ابن ماجه: 2236 | معجم صغير للطبراني: 526
البكرة: الغدوة، والخروج في ذلك الوقت. اللسان ١/ ٤٦٩.

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ترمذي / حدیث: 1212 کی شرح از ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی ✍️
´سامان تجارت لے کر سویرے نکلنے کا بیان۔`
صخر غامدی رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " اے اللہ! میری امت کو اس کے دن کے ابتدائی حصہ میں برکت دے " ۱؎ صخر کہتے ہیں کہ آپ جب کسی سریہ یا لشکر کو روانہ کرتے تو اسے دن کے ابتدائی حصہ میں روانہ کرتے۔ اور صخر ایک تاجر آدمی تھے۔ جب وہ تجارت کا سامان لے کر (اپنے آدمیوں کو) روانہ کرتے تو انہیں دن کے ابتدائی حصہ میں روانہ کرتے۔ تو وہ مالدار ہو گئے اور ان کی دولت بڑھ گئی۔ [سنن ترمذي/كتاب البيوع/حدیث: 1212]
اردو حاشہ:
وضاحت:
1؎:
اس حدیث سے معلوم ہوا کہ سفرتجارت ہو یا اورکوئی کام ہو ان کا آغاز دن کے پہلے پہرسے کرنا زیادہ مفیداوربابرکت ہے، اس وقت انسان تازہ دم ہوتا ہے اورقوت عمل وافرہوتی ہے جو ترقی اوربرکت کا باعث بنتی ہے۔

نوٹ:
(متابعات وشواہد کی بناپر یہ حدیث صحیح ہے، ورنہ اس کے راوی ’’عمارہ بن جدید‘‘ مجہول ہیں، اور ان کے مذکورہ ’’ضعیف‘‘جملے کا کوئی متابع وشاہد نہیں ہے، تراجع الالبانی 277، وصحیح ابی داود ط۔
غراس 2345)
درج بالا اقتباس سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 1212 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابن ماجه / حدیث: 2236 کی شرح از مولانا عطا اللہ ساجد ✍️
´صبح کے وقت میں برکت متوقع ہونے کا بیان۔`
صخر غامدی رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " اے اللہ! میری امت کے لیے صبح کے وقت میں برکت عطا فرما " اور جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو کوئی سریہ یا لشکر روانہ کرنا ہوتا تو اسے دن کے ابتدائی حصہ ہی میں روانہ فرماتے ۱؎۔ راوی کہتے ہیں: غامدی صخر تاجر تھے، وہ اپنا مال تجارت صبح سویرے ہی بھیجتے تھے بالآخر وہ مالدار ہو گئے، اور ان کی دولت بڑھ گئی۔ [سنن ابن ماجه/كتاب التجارات/حدیث: 2236]
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
(1)
صبح کا وقت بابرکت ہے، لہٰذا اسے مفید کاموں میں صرف کرنا چاہیے، غفلت اور نیند میں ضائع نہیں کرنا چاہیے۔

(2)
صبح جلدی دکان کھولنا تاجر کے لیے باعث برکت ہے۔
درج بالا اقتباس سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 2236 سے ماخوذ ہے۔