ریاض الصالحین — حدیث نمبر 93
باب: نیکیوں کی طرف جلدی کرنے، اور جو شخص کسی نیکی کی طرف متوجہ ہو اسے بغیر تردد کے پوری کوشش کے ساتھ اس پر لگ جانے کی ترغیب دینے کا بیان
باب في المبادرة إلى الخيرات وحثِّ من توجه لخير على الإقبال عليه بالجد من غير تردد
السابع: عن أبي هريرة - رضي الله عنه: أن رَسُول الله - صلى الله عليه وسلم - قَالَ: «بادِرُوا بِالأَعْمَالِ سَبْعًا، هَلْ تَنْتَظِرُونَ إلاَّ فَقرًا مُنسيًا، أَوْ غِنىً مُطغِيًا، أَوْ مَرَضًا مُفسِدًا، أَوْ هَرَمًا مُفْندًا، أَوْ مَوتًا مُجْهزًا، أَوْ الدَّجَّالَ فَشَرُّ غَائِبٍ يُنْتَظَرُ، أَوْ السَّاعَةَ فالسَّاعَةُ أدهَى وَأَمَرُّ» رواه الترمذي، وَقالَ: «حديث حسن».سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”سات چیزوں (کے آنے) سے پہلے نیک اعمال میں جلدی کر لو: کیا تم انتظار کر رہے ہو مگر ایسے فقر کا جو (سب کچھ) بھلا دینے والا ہو، یا ایسی مالداری کا جو سرکش بنا دینے والی ہو، یا ایسی بیماری کا جو (بدن کو) بگاڑ دینے والی ہو، یا ایسے بڑھاپے کا جو (عقل و قوت کو) ناکارہ کر دینے والا ہو، یا ایسی موت کا جو اچانک (کام تمام کر دینے والی) ہو، یا دجال کا، تو وہ سب سے بری غائب چیز ہے جس کا انتظار کیا جا رہا ہے، یا قیامت کا، تو قیامت بہت سخت اور بہت کڑوی ہے۔“
(اسے ترمذی نے روایت کیا ہے اور کہا ہے: یہ حدیث حسن ہے)
تشریح، فوائد و مسائل
ابوہریرہ رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " سات چیزوں سے پہلے نیک اعمال کرنے میں جلدی کرو، تمہیں ایسے فقر کا انتظار ہے جو سب کچھ بھلا ڈالنے والا ہے؟ یا ایسی مالداری کا جو طغیانی پیدا کرنے والی ہے؟ یا ایسی بیماری کا جو مفسد ہے (یعنی اطاعت الٰہی میں خلل ڈالنے والی) ہے؟ یا ایسے بڑھاپے کا جو عقل کو کھو دینے والا ہے؟ یا ایسی موت کا جو جلدی ہی آنے والی ہے؟ یا اس دجال کا انتظار ہے جس کا انتظار سب سے برے غائب کا انتظار ہے؟ یا اس قیامت کا جو قیامت نہایت سخت اور کڑوی ہے۔" [سنن ترمذي/كتاب الزهد/حدیث: 2306]
نوٹ:
(سند میں ’’محرر یا محرز بن ہارون‘‘ متروک الحدیث راوی ہے)