ریاض الصالحین — حدیث نمبر 885

باب: ملاقات کے وقت مصافحہ کرنے اور خندہ پیشانی سے ملنے، نیک آدمی کے ہاتھ کو بوسہ دینے، شفقت سے اپنے بچے کو بوسہ دینے، سفر سے آنے والے سے معانقہ کرنے کا استحباب، اور (سلام کے وقت) جھکنے کی کراہت

باب استحباب المصافحة عِنْدَ اللقاء وبشاشة الوجه وتقبيل يد الرجل الصالح وتقبيل ولده شفقة ومعانقة القادم من سفر وكراهية الانحناء

حدیث نمبر: 885
عن أَبي الخطاب قتادة، قَالَ: قُلْتُ لأَنَسٍ: أكَانَتِ المُصَافَحَةُ في أصْحَابِ رسولِ الله - صلى الله عليه وسلم؟ قَالَ: نَعَمْ. رواه البخاري.
ترجمہ

ابوالخطاب قتادہ رحمہ اللہ سے روایت ہے، انہوں نے کہا: میں نے (سیدنا) انس (رضی اللہ عنہ) سے پوچھا: کیا رسول اللہ ﷺ کے صحابہ میں مصافحہ (کا رواج) تھا؟ انہوں نے کہا: ہاں۔
(اسے بخاری نے روایت کیا ہے)

حوالہ حدیث رياض الصالحين / كتاب السلام / حدیث: 885
درجۂ حدیث محدثین: صحيح (رواه البخاري)
تخریج حدیث أخرجه: البخاري 8/ 73 (6263).
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح البخاري: 6263

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 6263 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
6263. حضرت قتادہ سے روایت ہے کہ میں نے حضرت انس ؓ سے پوچھا: کیا نبی ﷺ کے صحابہ کرام میں مصافحہ (کرنے کا دستور) تھا؟ انہوں نے فرمایا: ہاں[صحيح بخاري، حديث نمبر:6263]
حدیث حاشیہ:
(1)
اس حدیث سے صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم کا ملاقات کے وقت مصافحہ کرنے کا عمل ثابت ہوتا ہے کہ جب وہ آپس میں ملتے تھے تو مصافحہ کرتے تھے۔
حدیث میں اس کی بہت فضیلت بیان ہوئی ہے، چنانچہ حضرت براء بن عازب رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’جب کوئی دومسلمان ملاقات کرتے اور پھر مصافحہ کرتے ہیں تو جدا ہونے سے پہلے ہی ان دونوں کی مغفرت کر دی جاتی ہے۔
‘‘ (سنن أبي داود، الأدب، حدیث: 5212) (2)
بہرحال مسلمانوں کا ایک دوسرے کے ساتھ خوشی سے ملنا اور مصافحہ کرنا آپس میں محبت کے اضافے اور اللہ تعالیٰ کی طرف سے گناہوں کی مغفرت کا ذریعہ ہے۔
حافظ ابن حجر رحمہ اللہ نے لکھا ہے کہ مصافحے کے اس عمومی عمل سے اجنبی عورت اور خوبصورت بے ریش لڑکا مستثنیٰ ہے۔
اس سے مصافحہ نہیں کرنا چاہیے کیونکہ اس سے بے شمار فتنے جنم لیتے ہیں۔
(فتح الباري: 66/11)
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 6263 سے ماخوذ ہے۔