حدیث نمبر: 843
وعن أَبي الأسقع واثِلةَ بن الأسقعِ - رضي الله عنه - قَالَ: قَالَ رسولُ الله - صلى الله عليه وسلم: «إنَّ مِنْ أَعْظَمِ الفِرَى أَنْ يَدَّعِيَ الرَّجُلُ إِلَى غَيرِ أبِيهِ، أَوْ يُرِي عَيْنَهُ مَا لَمْ تَرَ، أَوْ يَقُولَ عَلَى رسول الله - صلى الله عليه وسلم - مَا لَمْ يَقُلْ». رواه البخاري.
ترجمہ

سیدنا ابوالاسقع واثلہ بن اسقع رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”سب سے بڑے جھوٹوں میں سے یہ ہے کہ آدمی اپنے باپ کے علاوہ کسی اور کی طرف اپنی نسبت کرے، یا اپنی آنکھ کو وہ (خواب) دکھائے جو اس نے نہیں دیکھا، یا رسول اللہ ﷺ کی طرف وہ بات منسوب کرے جو آپ نے نہیں فرمائی۔“
(اسے بخاری نے روایت کیا ہے)

وضاحت:
«يُرِي عَيْنَهُ مَا لَمْ تَرَ» : ابن حجر رحمہ اللہ فرماتے ہیں: "یعنی وہ دعویٰ کرے کہ اس کی آنکھوں نے خواب میں کوئی ایسی چیز دیکھی ہے جو انہوں نے نہیں دیکھی۔" (فتح الباری 6/662، تحت حدیث 3511)
حوالہ حدیث رياض الصالحين / كتاب آداب النوم والاضطجاع والقعود والمجلس والجليس والرؤيا / حدیث: 843
درجۂ حدیث محدثین: صحيح (رواه البخاري)
تخریج حدیث أخرجه: البخاري 4/ 219 (3509).
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح البخاري: 3509
قال ابن حجر: «أي يدّعي أنَّ عينيه رأتا في المنام شيئًا ما رأتاه» . فتح الباري ٦/ ٦٦٢ عقيب (٣٥١١).

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 3509 کی شرح از مولانا داود راز ✍️
3509. حضرت واثلہ بن اسقع ؓسے روایت ہے، انھوں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ’’سب سے بڑا بہتان یہ ہے کہ آدمی اپنے حقیقی باپ کے علاوہ کسی دوسرے کو باپ خیال کرے، یا اپنی آنکھ کی طرف ایسی بات دیکھنے کی نسبت کرے جو اس نے نہیں دیکھی، یا وہ رسول اللہ ﷺ پر ایسی بات لگائے جو آپ نے نہیں فرمائی۔‘‘[صحيح بخاري، حديث نمبر:3509]
حدیث حاشیہ: جھوٹاخواب بیان کرنا بیداری میں جھوٹ بولنے سے بڑھ کر گناہ ہے کیوں کہ خواب نبوت کے حصوں میں سے ایک حصہ ہے۔
جھوٹا خواب بیان کرنے والا گویا اللہ پر بہتان لگاتا ہے، یہی حال جھوٹی حدیث بیان کرنے والے کا ہے۔
جو رسول اللہ ﷺ پر الزام لگاتا ہے، ایسا شخص اگر توبہ نہ کرے تو وہ زندہ دوزخی ہے۔
آج کل بہت سے لوگ شیخ، سید، پٹھان فرضی طور پر بن جاتے ہیں ان کو اس ارشاد بنوی پر غور کرنا چاہیے کہ یہ کتنا بڑا گناہ ہے۔
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 3509 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 3509 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
3509. حضرت واثلہ بن اسقع ؓسے روایت ہے، انھوں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ’’سب سے بڑا بہتان یہ ہے کہ آدمی اپنے حقیقی باپ کے علاوہ کسی دوسرے کو باپ خیال کرے، یا اپنی آنکھ کی طرف ایسی بات دیکھنے کی نسبت کرے جو اس نے نہیں دیکھی، یا وہ رسول اللہ ﷺ پر ایسی بات لگائے جو آپ نے نہیں فرمائی۔‘‘[صحيح بخاري، حديث نمبر:3509]
حدیث حاشیہ:
جھوٹ بولنا تو حالتِ بیداری میں بھی گناہ ہے لیکن چونکہ رسول اللہ ﷺنے سچے خواب کو نبوت کا چھیالیسواں جز قراردیا ہے تو جھوٹا خواب بیان کرنے والا گویا اس جزو نبوت کو بھی مشکوک کرنا چاہتا ہے تو یہ بہت بڑا افترا ہوگا۔
یہی حال جھوٹی حدیث بیان کرنے والے کا ہے جو رسول اللہ ﷺ پر ایک ایسی بات کا الزام لگاتا ہے جو آپ نے نہیں کہی۔
اگرایسا شخص توبہ نہ کرے تو وہ دنیا میں چلتا پھرتا دوزخی ہے۔
اس کے علاوہ ہم دیکھتے ہیں کہ آج کل اکثر لوگ شیخ سید، پٹھان وغیرہ فرضی طور پر بن جاتے ہیں، انھیں بھی مذکورہ ارشاد نبوی پر غور کرنا چاہیے کہ ایسا کرنا کس قدر سنگین جرم ہے۔
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 3509 سے ماخوذ ہے۔