ریاض الصالحین — حدیث نمبر 792

باب: قمیص، آستین، ازار اور عمامے کے کنارے کی لمبائی کا بیان، اور تکبر کے طور پر ان میں سے کسی چیز کو لٹکانے کی حرمت اور تکبر کے بغیر (لٹکانے) کی کراہت

باب صفة طول القميص والكُم والإزار وطرف العمامة وتحريم إسبال شيء من ذلك على سبيل الخيلاء وكراهته من غير خيلاء

حدیث نمبر: 792
وعنه، عن النبيِّ - صلى الله عليه وسلم - قَالَ: «مَا أَسْفَل مِنَ الكَعْبَيْنِ مِنَ الإزْارِ فَفِي النار». رواه البخاري.
ترجمہ

انہی (سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ) سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا: ”ازار کا جو حصہ ٹخنوں سے نیچے ہو وہ آگ میں ہے۔“
(اسے بخاری نے روایت کیا ہے)

حوالہ حدیث رياض الصالحين / كتاب اللباس / حدیث: 792
درجۂ حدیث محدثین: صحيح (رواه البخاري)
تخریج حدیث أخرجه: البخاري 7/ 183 (5787).
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح البخاري: 5787 | سنن نسائي: 5332 | سنن نسائي: 5333

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 5787 کی شرح از مولانا داود راز ✍️
5787. حضرت ابو ہریرہ ؓ سے روایت ہے وہ نبی ﷺ سے بیان کرتے ہیں آپ نے فرمایا: "تہبند کا حصہ ٹخنوں سے نیچے ہو وہ جہنم میں ہوگا۔"[صحيح بخاري، حديث نمبر:5787]
حدیث حاشیہ: وہ تہمد والا حصہ جسم کے ساتھ دوزخ میں جلایا جائے گا۔
اور یہ اس تکبر کی سزا ہوگی جس کی وجہ سے اس شخص نے وہ تہمد ٹخنوں سے نیچے لٹکایا۔
أعاذنا اللہ آمین۔
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 5787 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 5787 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
5787. حضرت ابو ہریرہ ؓ سے روایت ہے وہ نبی ﷺ سے بیان کرتے ہیں آپ نے فرمایا: "تہبند کا حصہ ٹخنوں سے نیچے ہو وہ جہنم میں ہوگا۔"[صحيح بخاري، حديث نمبر:5787]
حدیث حاشیہ:
(1)
ٹخنوں سے نیچے کپڑا کرنے کی دو صورتیں ہیں: ایک عادت کے طور پر اور دوسرا تکبر کے پیش نظر۔
شریعت میں دونوں صورتیں مذموم ہیں۔
ہاں، اگر کوئی عذر ہو تو قابل مؤاخذہ نہیں۔
عذر کے بغیر ایسا کرنا انتہائی ناپسندیدہ عمل ہے اور ان دونوں کی الگ الگ سزا ہے۔
(2)
اس حدیث میں پہلی صورت کا بیان ہے کہ کپڑے کا جو حصہ ٹخنوں سے نیچے ہو گا وہ آگ میں جائے گا اور پہننے والے کو بھی گھسیٹ لے گا۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد گرامی ہے: ’’مسلمان کا تہ بند نصف پنڈلی تک ہوتا ہے، آدھی پنڈلی سے ٹخنوں تک کے مابین میں کوئی حرج نہیں اور جو ٹخنوں سے نیچے ہو وہ آگ میں ہے۔
‘‘ (سنن أبي داود، اللباس، حدیث: 4093)
ایک روایت میں ہے: ’’چادر وغیرہ کا ٹخنوں پر کوئی حق نہیں۔
‘‘ (سنن النسائي، الزینة، حدیث: 5331)
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 5787 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن نسائي / حدیث: 5333 کی شرح از حافظ محمد امین ✍️
´ٹخنوں سے نیچے تہبند کے حکم کا بیان۔`
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " تہبند کا جتنا حصہ ٹخنوں سے نیچے ہو گا وہ جہنم کی آگ میں ہو گا۔‏‏‏‏" [سنن نسائي/كتاب الزاينة (من المجتبى)/حدیث: 5333]
اردو حاشہ: "آگ میں جائے گی" گویا وہ شخص آگ میں جائے گا البتہ آگ متعلقہ حصے تک ہی ہو گی۔ جب تک سزا پوری نہیں ہو گی وہ جنت میں نہیں جاسکے گا۔
درج بالا اقتباس سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 5333 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن نسائي / حدیث: 5332 کی شرح از حافظ محمد امین ✍️
´ٹخنوں سے نیچے تہبند کے حکم کا بیان۔`
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " ٹخنوں سے نیچے کا تہبند جہنم کی آگ میں ہو گا " ۱؎۔ [سنن نسائي/كتاب الزاينة (من المجتبى)/حدیث: 5332]
اردو حاشہ: یہ سزا تہبند ٹخنوں سے نیچے رکھنے کی ہے خواہ تکبر کے بغیر ہو۔ الا یہ کہ سستی سے کبھی کبھار تہبند نیچا ہو جائے اور توجہ ہونے پر فوراً اونچا کر لیا جائے تو پھر یہ وعید اور سزا نہیں ہو گی۔ واللہ أعلم۔
درج بالا اقتباس سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 5332 سے ماخوذ ہے۔