ریاض الصالحین — حدیث نمبر 79

باب: یقین اور توکل کا بیان

باب في اليقين والتوكل

حدیث نمبر: 79
السادس: عن عُمَر - رضي الله عنه - قَالَ: سمعتُ رَسُول الله - صلى الله عليه وسلم - يقول: «لَوْ أَنَّكُمْ تَتَوَكَّلُونَ عَلَى اللهِ حَقَّ تَوَكُّلِهِ لَرَزَقَكُمْ كَمَا يَرْزُقُ الطَّيْرَ، تَغْدُو خِمَاصًا وَتَرُوحُ بِطَانًا». رواه الترمذي، وَقالَ: «حديث حسن».
معناه: تَذْهبُ أَوَّلَ النَّهَارِ خِمَاصًا: أي ضَامِرَةَ البُطُونِ مِنَ الجُوعِ، وَتَرجعُ آخِرَ النَّهَارِ بِطَانًا. أَي مُمْتَلِئَةَ البُطُونِ.
ترجمہ

سیدنا عمر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، انہوں نے کہا: میں نے رسول اللہ ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا: ”اگر تم اللہ پر اس طرح بھروسا کرو جیسا کہ اس پر بھروسا کرنے کا حق ہے تو وہ تمہیں اسی طرح رزق دے جس طرح پرندوں کو رزق دیتا ہے، وہ صبح خالی پیٹ نکلتے ہیں اور شام کو پیٹ بھر کر لوٹتے ہیں۔“
(اسے ترمذی نے روایت کیا ہے اور کہا ہے: یہ حدیث حسن ہے)
اس کا معنی ہے: وہ دن کے شروع میں «خِمَاصًا» یعنی بھوک کی وجہ سے پچکے ہوئے پیٹوں کے ساتھ جاتے ہیں، اور دن کے آخر میں «بِطَانًا» یعنی بھرے ہوئے پیٹوں کے ساتھ لوٹتے ہیں۔

حوالہ حدیث رياض الصالحين / بداية الكتاب / حدیث: 79
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: صحيح، ابن ماجة (4164) (الترمذي 2344) , شیخ زبیر علی زئی: حسن
تخریج حدیث أخرجه: ابن ماجه (4164)، والترمذي (2344)، وقال: «حديث حسن صحيح».
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : سنن ترمذي: 2344 | سنن ابن ماجه: 4164

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ترمذي / حدیث: 2344 کی شرح از ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی ✍️
´اللہ پر توکل (بھروسہ) کرنے کا بیان۔`
عمر بن خطاب رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " اگر تم لوگ اللہ پر توکل (بھروسہ) کرو جیسا کہ اس پر توکل (بھروسہ) کرنے کا حق ہے تو تمہیں اسی طرح رزق ملے گا جیسا کہ پرندوں کو ملتا ہے کہ صبح کو وہ بھوکے نکلتے ہیں اور شام کو آسودہ واپس آتے ہیں " ۱؎۔ [سنن ترمذي/كتاب الزهد/حدیث: 2344]
اردو حاشہ:
وضاحت:
1؎:
معلوم ہوا کہ مومن کی زندگی رزق ومعیشت کی فکرسے خالی ہونی چاہئے، اوراس کا دل پرندوں کی طرح ہونا چاہئے جو اپنے لیے کچھ جمع کرکے نہیں رکھتے بلکہ ہرروزصبح تلاش رزق میں نکلتے ہیں اورشام کو شکم سیرہو کر لوٹتے ہیں۔
درج بالا اقتباس سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 2344 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابن ماجه / حدیث: 4164 کی شرح از مولانا عطا اللہ ساجد ✍️
´توکل اور یقین کا بیان۔`
عمر رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا: " اگر تم اللہ تعالیٰ پر ایسے ہی توکل (بھروسہ) کرو جیسا کہ اس پر توکل (بھروسہ) کرنے کا حق ہے، تو وہ تم کو ایسے رزق دے گا جیسے پرندوں کو دیتا ہے، وہ صبح میں خالی پیٹ نکلتے ہیں اور شام کو پیٹ بھر کر لوٹتے ہیں۔‏‏‏‏" [سنن ابن ماجه/كتاب الزهد/حدیث: 4164]
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
(1)
پرندوں کا توکل یہ ہے کہ وہ رزق جمع کرکے نہیں رکھتے بلکہ انھیں یقین ہوتا ہے کہ جس طرح اللہ تعالی نے ہمیں آج رزق دیا ہے اسی طرح کل بھی دے گا۔

(2)
انسان عام طور پر اللہ کی راہ میں خرچ کرنے سے اس لیے گھبراتا ہے کہ وہ مستقبل کے بارے میں فقر فاقہ سے ڈرتا ہے۔
اسے یقین رکھنا چاہیے کہ جس طرح اللہ نے اسے اب رزق دیا ہے اسی طرح کل بھی دے گا۔

(3)
توکل کا مطلب یہ نہیں کہ جائز اسباب اختیار نہ کیے جائیں۔
پرندے بھی گھونسلے چھوڑ کر نکلتے ہیں اور تلاش کرکے رزق کھاتے ہیں۔
اسی طرح انسان کو حرص سے بچتے ہوئے جائز ذرائع سے رزق حاصل کرنا چاہیے۔
درج بالا اقتباس سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 4164 سے ماخوذ ہے۔