ریاض الصالحین — حدیث نمبر 763

باب: مشک وغیرہ کے منہ سے (منہ لگا کر) پینے کی کراہت، اور اس بات کا بیان کہ یہ کراہتِ تنزیہی ہے، تحریمی نہیں

باب كراهة الشرب من فم القربة ونحوها وبيان أنه كراهة تنزيه لا تحريم

حدیث نمبر: 763
وعن أم ثابتٍ كَبْشَةَ بنتِ ثابتٍ أُختِ حَسَّانَ بن ثابتٍ رضي الله عنهم، قالت: دخل عَلَيَّ رسولُ الله - صلى الله عليه وسلم - فَشَرِبَ مِنْ فيِّ قِرْبَةٍ مُعَلَّقَةٍ قَائِمًا، فَقُمْتُ إِلَى فِيهَا فَقَطَعْتُهُ. رواه الترمذي، وقال: «حديث حسن صحيح».
وإنّما قَطَعَتْهَا: لِتَحْفَظَ مَوْضِع فَمِ رسول الله - صلى الله عليه وسلم - وَتَتَبَرَّكَ بِهِ، وتَصُونَهُ عَن الابْتِذَال. وهذا الحديث محمولٌ عَلَى بيان الجواز، والحديثان السابقان لبيان الأفضل والأكمل، والله أعلم.
ترجمہ

سیدہ ام ثابت کبشہ بنت ثابت رضی اللہ عنہا، جو سیدنا حسان بن ثابت رضی اللہ عنہ کی بہن ہیں، سے روایت ہے، انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ میرے پاس تشریف لائے اور ایک لٹکی ہوئی مشک کے منہ سے کھڑے ہو کر پیا، تو میں اٹھ کر اس کے منہ کی طرف گئی اور اسے کاٹ لیا۔
(اسے ترمذی نے روایت کیا ہے اور کہا ہے: یہ حدیث حسن صحیح ہے)
انہوں نے اسے اس لیے کاٹا تاکہ رسول اللہ ﷺ کے منہ (مبارک) کی جگہ کو محفوظ رکھیں، اس سے برکت حاصل کریں اور اسے عام استعمال سے بچائیں۔ اور یہ حدیث جواز کے بیان پر محمول ہے، اور پچھلی دونوں حدیثیں افضل اور زیادہ کامل (طریقے) کے بیان کے لیے ہیں۔ واللہ اعلم۔

حوالہ حدیث رياض الصالحين / كتاب أدب الطعام / حدیث: 763
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: صحيح، المشكاة (4281) ، مختصر الشمائل (182) (الترمذي 1892) , شیخ زبیر علی زئی: إسناده حسن
تخریج حدیث أخرجه: ابن ماجه (3423)، والترمذي (1892) وقال: «حديث حسن صحيح غريب».
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : سنن ترمذي: 1892 | سنن ابن ماجه: 3423 | مسند الحميدي: 357

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ترمذي / حدیث: 1892 کی شرح از ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی ✍️
´مشکیزے سے منہ لگا کر پینے کی رخصت کا بیان۔`
کبشہ رضی الله عنہا کہتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم میرے گھر تشریف لائے، آپ نے ایک لٹکی ہوئی مشکیزہ کے منہ سے کھڑے ہو کر پانی پیا، پھر میں مشکیزہ کے منہ کے پاس گئی اور اس کو کاٹ لیا ۱؎۔ [سنن ترمذي/كتاب الأشربة/حدیث: 1892]
اردو حاشہ:
وضاحت: 1 ؎: یعنی اپنے پاس تبرکاً رکھنے کے لیے کاٹ کررکھ لیا۔
درج بالا اقتباس سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 1892 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابن ماجه / حدیث: 3423 کی شرح از مولانا عطا اللہ ساجد ✍️
´کھڑے ہو کر پینے کا بیان۔`
کبشہ انصاریہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ان کے پاس تشریف لے گئے، ان کے پاس ایک پانی کی مشک لٹکی ہوئی تھی، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے کھڑ ے کھڑے اس کے منہ سے منہ لگا کر پانی پیا، تو انہوں نے مشک کے منہ کو جہاں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے منہ کا لمس ہوا تھا برکت کے لیے کاٹ کر رکھ لیا۔ [سنن ابن ماجه/كتاب الأشربة/حدیث: 3423]
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
نبی اکرمﷺ کے جسم مبارک سے مس ہونے والی اشیاء کو تبرک کے طور پر محفوظ رکھنا درست ہے۔
کسی اور کے ساتھ یہ معاملہ درست نہیں صحابہ رضوان اللہ عنھم اجمعین وتابعین رحمۃ اللہ علیہ نے حضرت ابو بکر وعمررضوان اللہ عنھم اجمعین جیسے صحابہ رضوان اللہ عنھم اجمعین کے آثار کو بھی تبرک کے لئے محفوظ نہیں فرمایا۔
درج بالا اقتباس سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 3423 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: مسند الحميدي / حدیث: 357 کی شرح از محمد ابراہیم بن بشیر ✍️
357-سیدہ کبشہ رضی اللہ عنہا بیان کرتی ہیں: ایک نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم میرے ہاں تشریف لائے، تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے لٹکے ہوئے مشکیزے کے منہ سے کھڑے ہوکر پانی پیا۔ وہ خاتون بیان کرتی ہیں: میں نے مشکیزے کے منہ کو کاٹ لیا۔ سفیان نامی راوی نے بعض اوقات خاتون کا نام کبشہ ذکر کیا ہے اور بعض اوقات کبیشہ ذکر کیا ہے۔ اور اکثر اوقات انہوں نے ان کا نام کبیشہ ذکر کیا ہے۔ [مسند الحمیدی/حدیث نمبر:357]
فائدہ:
اس حدیث سے ثابت ہوا کہ بسا اوقات کھڑے ہوکر پانی پی لینا درست ہے، اور جن احاد یث میں ممانعت ہے، وہ مکر وہ پرمحمول ہیں یعنی کھڑے ہو کر پانی پینا خلاف اولٰی ہے۔
درج بالا اقتباس مسند الحمیدی شرح از محمد ابراهيم بن بشير، حدیث/صفحہ نمبر: 357 سے ماخوذ ہے۔