ریاض الصالحین — حدیث نمبر 76

باب: یقین اور توکل کا بیان

باب في اليقين والتوكل

حدیث نمبر: 76
الثالث: عن ابن عباس رضي الله عنهم أيضًا، قَالَ: حَسْبُنَا اللهُ وَنِعْمَ الوَكِيلُ، قَالَهَا إِبرَاهيمُ - صلى الله عليه وسلم - حِينَ أُلقِيَ في النَّارِ، وَقَالَها مُحَمَّدٌ - صلى الله عليه وسلم - حِينَ قَالُوا: إنَّ النَّاسَ قَدْ جَمَعوا لَكُمْ فَاخْشَوْهُمْ فَزَادَهُمْ إيْمانًا وَقَالُوا: حَسْبُنَا الله وَنِعْمَ الوَكيلُ. رواه البخاري.
وفي رواية لَهُ عن ابن عَبَّاسٍ رضي الله عنهم، قَالَ: كَانَ آخر قَول إبْرَاهِيمَ - صلى الله عليه وسلم - حِينَ أُلْقِيَ في النَّارِ: حَسْبِي الله ونِعْمَ الوَكِيلُ.
ترجمہ

سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما ہی سے روایت ہے، انہوں نے کہا: «حَسْبُنَا اللهُ وَنِعْمَ الْوَكِيلُ» (ہمیں اللہ کافی ہے اور وہ بہترین کارساز ہے) — یہ کلمہ ابراہیم علیہ السلام نے اس وقت کہا جب انہیں آگ میں ڈالا گیا، اور محمد ﷺ نے اس وقت کہا جب لوگوں نے کہا: ”(دشمن) لوگوں نے تمہارے (مقابلے کے) لیے (لشکر) جمع کر لیے ہیں، لہٰذا ان سے ڈرو، تو اس (بات) نے ان کے ایمان کو اور بڑھا دیا اور انہوں نے کہا: ہمیں اللہ کافی ہے اور وہ بہترین کارساز ہے۔“
(اسے بخاری نے روایت کیا ہے)
اور انہی (بخاری) کی ایک روایت میں سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما سے ہے، انہوں نے کہا: ابراہیم علیہ السلام کو جب آگ میں ڈالا گیا تو ان کی آخری بات یہ تھی: «حَسْبِيَ اللهُ وَنِعْمَ الْوَكِيلُ» (مجھے اللہ کافی ہے اور وہ بہترین کارساز ہے)۔

حوالہ حدیث رياض الصالحين / بداية الكتاب / حدیث: 76
درجۂ حدیث محدثین: صحيح (رواه البخاري)
تخریج حدیث أخرجه: البخاري 6/ 48 (4563) و(4564).
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح البخاري: 4563

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 4563 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
4563. حضرت عبداللہ بن عباس ؓ سے روایت ہے کہ حضرت ابراہیم ؑ کو جب آگ میں ڈالا گیا تو انہوں نے کہا: ﴿حَسْبُنَا اللَّـهُ وَنِعْمَ الْوَكِيلُ﴾ اور محمد ﷺ نے یہ کلمہ اس وقت کہا جب منافقین نے افواہ پھیلائی کہ "لوگوں نے آپ سے لڑنے کے لیے بہت بڑا لشکر تیار کر رکھا ہے، لہذا ان سے ڈرو۔" یہ خبر سن کر صحابہ کرام ؓ کا ایمان بڑھ گیا اور انہوں نے بھی یہی کہا: ''ہمیں اللہ کافی ہے اور وہ بہت اچھا کارساز ہے۔"[صحيح بخاري، حديث نمبر:4563]
حدیث حاشیہ:
1۔
حافظ ابن حجرؒ نے ابن اسحاق کے حوالے سے اس واقعے کو ذرا تفصیل سے بیان کیا ہے کہ ابو سفیان جب قریش کو لے جنگ احد سے واپس ہوا تو اسے معبد خزاعی ملا اس نے کہا: میں نے رسول اللہ ﷺ کو ایک بہت بڑے لشکر کے ساتھ دیکھا ہے جو لوگ جنگ احد سے پیچھے رہ جانے کی بنا پر شرمندہ تھے وہ بھی آپ کے ساتھ جمع ہو چکے اس بات نے ابو سفیان اور اس کے ساتھیوں کو حملہ کرنے کے لیے پلٹنے پر مجبور کردیا۔
چنانچہ وہ واپس پلٹے ابو سفیان نے چند لوگوں کے ذریعے سے اپنے متعلق رسول اللہ ﷺ کو یہ خبر بھیجی کہ وہ اپنے ساتھیوں کو لے کر حملے کے لیے بڑھتا چلا آرہا ہے یہ خبر سن کر آپ کی زبان پر یہ کلمات جاری ہو گئے۔
﴿حَسْبُنَا اللَّـهُ وَنِعْمَ الْوَكِيلُ﴾ اسی موقع پر یہ آیت نازل ہوئی۔
(فتح الباري: 289/8)
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 4563 سے ماخوذ ہے۔