ریاض الصالحین — حدیث نمبر 713

باب: سفر وغیرہ کے لیے جدا ہوتے وقت ساتھی کو الوداع کہنے، اسے نصیحت کرنے، اس کے لیے دعا کرنے اور اس سے دعا کی درخواست کرنے کا بیان

باب وداع الصاحب ووصيته عند فراقه للسفر وغيره والدعاء لَهُ وطلب الدعاء مِنْهُ

حدیث نمبر: 713
وعن عمرَ بن الخطاب - رضي الله عنه - قَالَ: اسْتأذَنْتُ النَّبيَّ - صلى الله عليه وسلم - في العُمْرَةِ، فَأذِنَ، وقال: «لاَ تَنْسَانَا يَا أُخَيَّ مِنْ دُعَائِكَ» فقالَ كَلِمَةً ما يَسُرُّنِي أنَّ لِي بِهَا الدُّنْيَا.
وفي رواية قَالَ: «أشْرِكْنَا يَا أُخَيَّ في دُعَائِكَ». رواه أَبُو داود والترمذي، وقال: «حديث حسن صحيح».
ترجمہ

سیدنا عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، انہوں نے کہا: میں نے نبی کریم ﷺ سے عمرے (پر جانے) کی اجازت مانگی تو آپ نے اجازت دے دی اور فرمایا: ”اے میرے پیارے بھائی! اپنی دعا میں ہمیں نہ بھولنا۔“ آپ نے ایک ایسا کلمہ فرمایا کہ اس کے بدلے مجھے ساری دنیا مل جائے تو بھی مجھے (اتنی) خوشی نہ ہو۔
اور ایک روایت میں ہے: آپ ﷺ نے فرمایا: ”اے میرے پیارے بھائی! اپنی دعا میں ہمیں بھی شریک کرنا۔“
(اسے ابوداود اور ترمذی نے روایت کیا ہے اور ترمذی نے کہا ہے: یہ حدیث حسن صحیح ہے)

وضاحت:
یہ حدیث نمبر 373 پر گزر چکی ہے۔
حوالہ حدیث رياض الصالحين / كتاب الأدب / حدیث: 713
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: ضعيف , شیخ زبیر علی زئی: ضعيف, ضعيف, ترمذي (3562) ابن ماجه (8294), عاصم بن عبيد اللّٰه : ضعيف, انوار الصحيفه، صفحه نمبر 60 , محدثین: د. ماهر الفحل: وفي الإسناد عاصم بن عبيد الله ضعيف
تخریج حدیث انظر الحديث (373). أخرجه: أبو داود (1498)، وابن ماجه (2894)، والترمذي (3562)، وفي الإسناد عاصم بن عبيد الله ضعيف.
قال الألباني في تحقيق رياض الصالحين: مضت الإشارة إلى ضعفه برقم (378)
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : سنن ترمذي: 3562 | سنن ابي داود: 1498 | سنن ابن ماجه: 2894 | رياض الصالحين: 373
انظر الحديث (٣٧٣).

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ترمذي / حدیث: 3562 کی شرح از ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی ✍️
´باب:۔۔۔`
عمر رضی الله عنہ سے روایت ہے کہ انہوں نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے عمرہ کرنے کی اجازت مانگی تو آپ نے (اجازت دیتے ہوئے) کہا: " اے میرے بھائی! اپنی دعا میں ہمیں بھی شریک رکھنا، بھولنا نہیں۔‏‏‏‏" [سنن ترمذي/كتاب الدعوات/حدیث: 3562]
اردو حاشہ:
نوٹ:
(سند میں ’’عاصم بن عبید اللہ‘‘ ضعیف ہیں)
درج بالا اقتباس سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 3562 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابي داود / حدیث: 1498 کی شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی ✍️
´دعا کا بیان۔`
عمر رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے عمرہ کرنے کی اجازت طلب کی، جس کی آپ نے مجھے اجازت دے دی اور فرمایا: " میرے بھائی! مجھے اپنی دعاؤں میں نہ بھولنا "، آپ نے یہ ایسی بات کہی جس سے مجھے اس قدر خوشی ہوئی کہ اگر ساری دنیا اس کے بدلے مجھے مل جاتی تو اتنی خوشی نہ ہوتی۔ (راوی حدیث) شعبہ کہتے ہیں: پھر میں اس کے بعد عاصم سے مدینہ میں ملا۔ انہوں نے مجھے یہ حدیث سنائی اور اس وقت «لا تنسنا يا أخى من دعائك» کے بجائے «أشركنا يا أخى في دعائك» کے الفاظ کہے " اے میرے بھائی ہمیں بھی اپنی دعاؤں میں شریک رکھنا۔‏‏‏‏" [سنن ابي داود/كتاب تفريع أبواب الوتر /حدیث: 1498]
1498. اردو حاشیہ: ➊ یہ روایت سندا اگرچہ ضعیف ہے۔ لیکن معنًا صحیح ہے۔ یعنی اس سے جو باتیں ثابت ہوتی ہیں۔ دوسرے دلائل سے بھی وہ ثابت ہیں۔ مثلا رسول اللہ ﷺ کا حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو اپنا بھائی کہنا۔
➋ اجتماعی زندگی میں کسی بڑے اہم کام کے اقدام کےلئے بزرگوں سے اجازت لینا۔
➌ اہل فضل سے دعائے خیر کی درخواست کرنا بالخصوص جب وہ کسی فضیلت والے عمل میں ہوں۔
درج بالا اقتباس سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی، حدیث/صفحہ نمبر: 1498 سے ماخوذ ہے۔