ریاض الصالحین — حدیث نمبر 707

باب: خوش خبری دینے اور بھلائی پر مبارک باد دینے کے مستحب ہونے کا بیان

باب استحباب التبشير والتهنئة بالخير

باب کی ابتدا میں امام نووی رحمہ اللہ نے یہ آیات / کلام ذکر کیا ہے:
قَالَ الله تَعَالَى: ﴿فَبَشَّرْ عبادِ الذينَ يَسْتَمِعُونَ القَوْلَ فيتَّبِعُونَ أَحْسَنهُ﴾ [الزمر: ١٧ - ١٨]، وقال تَعَالَى: ﴿يُبَشِّرُهُمْ رَبُّهُمْ بِرَحْمَةٍ مِنْهُ وَرِضْوانٍ وَجَنَّاتٍ لَهُمْ فِيهَا نَعِيمٌ مُقِيمٌ﴾ [التوبة: ٢١]، وقال تَعَالَى: ﴿وَأَبْشِرُوا بِالجَنَّةِ الَّتي كُنْتُم تُوعَدُونَ﴾ [فصلت: ٣٠]، وقال تَعَالَى: ﴿فَبَشَّرْنَاهُ بِغُلاَمٍ حَلِيمٍ﴾ [الصافات: ١٠١]، وقال تَعَالَى: ﴿وَلَقدْ جَاءتْ رُسُلُنَا إبْراهِيمَ بِالبُشْرَى﴾ [هود: ٦٩]، وقال تَعَالَى: ﴿وَامْرَأَتُهُ قَائِمَةٌ فَضَحِكَتْ فَبَشَّرْنَاهَا بِإِسْحَاقَ وَمِنْ وَرَاءِ إسْحَاقَ يَعْقُوبَ﴾ [هود: ٧١]، وقال تَعَالَى: ﴿فَنَادَتْهُ المَلاَئِكَةُ وَهُوَ قَائِمٌ يُصَلِّي في المِحْرَابِ أَنَّ اللهَ يُبَشِّرُكَ بِيَحْيَى﴾ [آل عمران: ٣٩]، وقال تَعَالَى: ﴿إِذْ قَالَتِ الْمَلاَئِكَةُ يَا مَرْيَمُ إنَّ اللهَ يُبَشِّرُكِ بِكَلِمَةٍ مِنْهُ اسْمُهُ الْمسِيحُ﴾ [آل عمران: ٤٥] الآية، والآيات في الباب كثيرة معلومة.
وأما الأحاديث فكثيرةٌ جِدًّا وهي مشهورة في الصحيح، مِنْهَا:

اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ”تو میرے ان بندوں کو خوش خبری دے دیجیے جو بات کو غور سے سنتے ہیں، پھر اس کی بہترین بات کی پیروی کرتے ہیں۔“ (سورۃ الزمر: 17-18)
اور اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ”ان کا رب انہیں اپنی طرف سے رحمت، رضامندی اور ایسے باغات کی خوش خبری دیتا ہے جن میں ان کے لیے ہمیشہ رہنے والی نعمتیں ہیں۔“ (سورۃ التوبہ: 21)
اور اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ”اور اس جنت کی خوش خبری سن لو جس کا تم سے وعدہ کیا جاتا تھا۔“ (سورۃ فصلت: 30)
اور اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ”تو ہم نے اسے ایک بردبار لڑکے کی خوش خبری دی۔“ (سورۃ الصافات: 101)
اور اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ”اور بلاشبہ ہمارے بھیجے ہوئے (فرشتے) ابراہیم کے پاس خوش خبری لے کر آئے۔“ (سورۃ ہود: 69)
اور اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ”اور اس کی بیوی کھڑی تھی تو وہ ہنس پڑی، پھر ہم نے اسے اسحاق کی اور اسحاق کے بعد یعقوب کی خوش خبری دی۔“ (سورۃ ہود: 71)
اور اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ”تو فرشتوں نے اسے آواز دی جبکہ وہ محراب میں کھڑا نماز پڑھ رہا تھا کہ اللہ تجھے یحییٰ کی خوش خبری دیتا ہے۔“ (سورۃ آل عمران: 39)
اور اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ”جب فرشتوں نے کہا: اے مریم! بے شک اللہ تجھے اپنی طرف سے ایک کلمے کی خوش خبری دیتا ہے جس کا نام مسیح ہے۔“ (سورۃ آل عمران: 45) الآیۃ، اور اس باب میں آیات بہت سی ہیں اور معلوم (و معروف) ہیں۔
رہی احادیث تو وہ بہت زیادہ ہیں اور صحیح (احادیث) میں مشہور ہیں، ان میں سے (چند یہ ہیں):

حدیث نمبر: 707
عن أَبي إبراهيم، ويقال: أَبُو محمد، ويقال: أَبُو معاوية عبد اللهِ بن أَبي أوفى رضي الله عنهم: أنّ رسول الله - صلى الله عليه وسلم - بَشَّرَ خَدِيجَةَ رضي الله عنها ببَيْتٍ في الجَنَّةِ مِنْ قَصَبٍ، لاَ صَخَبَ فِيهِ، وَلاَ نَصَبَ. متفقٌ عَلَيْهِ. «القَصَبُ»: هُنَا اللُّؤْلُؤُ الْمُجَوَّفُ. وَ«الصَّخَبُ»: الصِّياحُ وَاللَّغَطُ.
وَ«النَّصَبُ»: التَّعَبُ.
ترجمہ

سیدنا ابوابراہیم — اور کہا جاتا ہے: ابومحمد، اور کہا جاتا ہے: ابومعاویہ — عبداللہ بن ابی اوفیٰ رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے سیدہ خدیجہ رضی اللہ عنہا کو جنت میں قصب کے ایک گھر کی خوش خبری دی، جس میں نہ شور و غل ہو گا اور نہ تھکاوٹ۔
(متفق علیہ)
«القَصَبُ»: یہاں اس سے مراد کھوکھلا موتی ہے۔
«الصَّخَبُ»: چیخ و پکار اور شور و غل۔
«النَّصَبُ»: تھکاوٹ۔

حوالہ حدیث رياض الصالحين / كتاب الأدب / حدیث: 707
درجۂ حدیث محدثین: صحيح (متفق عليه)
تخریج حدیث أخرجه: البخاري 5/ 48 (3819)، ومسلم 7/ 133 (2433) (72).
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح البخاري: 3819 | صحيح مسلم: 2433 | معجم صغير للطبراني: 825

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 3819 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
3819. حضرت اسماعیل بن ابوخالد سے روایت ہے، انہوں نے کہا کہ میں نے حضرت عبداللہ بن ابی اوفی ؓ سے پوچھا: کیا نبی ﷺ نے سیدہ خدیجہ‬ ؓ ک‬و خوشخبری دی تھی؟ انہوں نے فرمایا: ہاں، جنت میں ایسے محل کی بشارت دی تھی جو ایک موتی سے بنا ہو گا، جس میں کوئی شوروغل اور کسی قسم کی مشقت نہ ہو گی۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:3819]
حدیث حاشیہ:
جنت کے محل کی دوصفات بیان کی گئی ہیں کہ اس میں شوروغل اور تھکاوٹ وغیرہ نہیں ہوگی۔
ان دوصفات کی مناسبت یہ ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے جب حضرت خدیجہ ؓ کو اسلام کی دعوت دی تو وہ نہایت خوش دلی سے اور شرح صدر سے مسلمان ہوئیں، شوروغوغا اور جھگڑے وغیرہ کی نوبت نہیں آئی اور نہ اس میں انھیں کسی قسم کی کوفت ہی اٹھانا پڑی بلکہ آپ کے ایمان لانے سے رسول اللہ ﷺ کو بہت سکون میسرآیا اور شریک حیات نے آپ سے ہرقسم کا تعاون کیا۔
(فتح الباري: 174/7)
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 3819 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح مسلم / حدیث: 2433 کی شرح از مولانا عبد العزیز علوی ✍️
اسماعیل رحمۃ ا للہ علیہ کہتے ہیں،میں نے عبداللہ بن ابی رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے پوچھا،کیارسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت خدیجہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کو جنت میں گھر کی بشارت دی تھی،انہوں نے کہا،ہاں،آپ نے انہیں جنت میں خولدار موتیوں سے بنے ہوئےگھر کی بشارت دی تھی،جس میں نہ شوروشغب ہوگا اور نہ مشقت وتھکان۔ [صحيح مسلم، حديث نمبر:6274]
حدیث حاشیہ: مفردات الحدیث:
(1)
قصب: خولدار چیز، لیکن یہاں مراد خولدار موتی ہیں۔
(2)
صخب: شور شرابہ، (3)
فصب: مشقت، تھکان۔
درج بالا اقتباس تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 6274 سے ماخوذ ہے۔