ریاض الصالحین — حدیث نمبر 657

باب: حکمرانوں کو اپنی رعایا کے ساتھ نرمی کرنے، ان کی خیرخواہی کرنے اور ان پر شفقت کرنے کا حکم، اور انہیں دھوکا دینے، ان پر سختی کرنے، ان کے مفادات کو نظرانداز کرنے اور ان سے اور ان کی ضروریات سے غافل رہنے کی ممانعت

باب أمر وُلاة الأمور بالرفق برعاياهم ونصيحتهم والشفقة عليهم والنهي عن غشهم والتشديد عليهم وإهمال مصالحهم والغفلة عنهم وعن حوائجهم

حدیث نمبر: 657
وعن أَبي مريم الأزدِيِّ - رضي الله عنه: أنّه قَالَ لِمعاوية - رضي الله عنه: سَمِعْتُ رسول الله - صلى الله عليه وسلم - يقول: «مَنْ وَلاَّهُ اللهُ شَيْئًا مِنْ أُمُورِ المُسْلِمِينَ، فَاحْتَجَبَ دُونَ حَاجَتِهِمْ وَخَلَّتِهِمْ وَفَقْرِهِمْ، احْتَجَبَ اللهُ دُونَ حَاجَتِهِ وَخَلَّتِهِ وَفَقْرِهِ يَوْمَ الْقِيَامَةِ» فجعل معاوية رجلًا عَلَى حوائج النَّاسِ. رواه أَبُو داود والترمذي.
ترجمہ

سیدنا ابو مریم ازدی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ انہوں نے سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ سے کہا: میں نے رسول اللہ ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا: ”جسے اللہ مسلمانوں کے معاملات میں سے کسی چیز کا ذمہ دار بنائے، پھر وہ ان کی ضرورت، ان کی محتاجی اور ان کے فقر (کو دور کرنے) سے پردے میں رہے، تو اللہ قیامت کے دن اس کی ضرورت، اس کی محتاجی اور اس کے فقر سے پردے میں رہے گا۔“ چنانچہ سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ نے لوگوں کی ضروریات (پوری کرنے) پر ایک آدمی مقرر کر دیا۔
(اسے ابوداود اور ترمذی نے روایت کیا ہے)

حوالہ حدیث رياض الصالحين / بداية الكتاب / حدیث: 657
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: صحيح , شیخ زبیر علی زئی: إسناده حسن, مشكوة المصابيح (3728، 3729), أخرجه الترمذي (1333 وسنده حسن)
تخریج حدیث أخرجه: أبو داود (2948)، والترمذي (1332).
قال الألباني في تحقيق رياض الصالحين: قلت: وأحد إسنادي الحديث صحيح كما بينته في (الصحيحة) رقم (629)
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : سنن ابي داود: 2948 | سنن ترمذي: 1332 | بلوغ المرام: 1198

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابي داود / حدیث: 2948 کی شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی ✍️
´امام پر رعایا کے کیا حقوق ہیں؟ اور ان حقوق کے درمیان رکاوٹ بننے کا وبال۔`
ابومریم ازدی (اسدی) رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں معاویہ بن ابی سفیان رضی اللہ عنہما کے پاس گیا، انہوں نے کہا: اے ابوفلاں! بڑے اچھے آئے، میں نے کہا: میں آپ کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنی ہوئی ایک حدیث بتا رہا ہوں، میں نے آپ کو فرماتے سنا ہے: " جسے اللہ مسلمانوں کے کاموں میں سے کسی کام کا ذمہ دار بنائے پھر وہ ان کی ضروریات اور ان کی محتاجی و تنگ دستی کے درمیان رکاوٹ بن جائے ۱؎ تو اللہ اس کی ضروریات اور اس کی محتاجی و تنگ دستی کے درمیان حائل ہو جاتا ہے ۲؎۔‏‏‏‏" یہ سنا تو معاویہ رضی اللہ عنہ نے ایک شخص۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن ابي داود/كتاب الخراج والفيء والإمارة /حدیث: 2948]
فوائد ومسائل:
غیر شرعی اور غیر اسلامی سیاست میں یہ ہوتا ہے کہ حاکم اور رعیت میں فاصلہ ضروری سمجھا جاتا ہے۔
ان کا وہم ہے کہ عوام سے بہت زیادہ میل جول ہیبت اور رعب داب کو کم کردیتا ہے۔
جبکہ اسلامی سیاست اس کے برخلاف ہے۔
حاکم ان کا راعی اور خدمت گار ہے۔
اس کاعوام سے ملنے سے گریز کرنا اور ان کی ضروریات کو پوری نہ کرنا دنیا اور آخرت کا نقصان ہے۔
حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ اپنے گورنروں کی سخت سرزنش کرتے، اگر یہ معلوم ہوتا کہ عام لوگ بلا روک ٹوک ان سے نہیں مل سکتے۔

درج بالا اقتباس سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی، حدیث/صفحہ نمبر: 2948 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ترمذي / حدیث: 1332 کی شرح از ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی ✍️
´رعایا کے حاکم کا بیان۔`
عمرو بن مرہ رضی الله عنہ سے روایت ہے کہ انہوں نے معاویہ رضی الله عنہ سے کہا: میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے سنا ہے: " جو بھی حاکم حاجت مندوں، محتاجوں اور مسکینوں کے لیے اپنے دروازے بند رکھتا ہے تو اللہ تعالیٰ بھی اس کی ضرورت، حاجت اور مسکنت کے لیے اپنے دروازے بند رکھتا ہے "، جب معاویہ رضی الله عنہ نے یہ سنا تو لوگوں کی ضرورت کے لیے ایک آدمی مقرر کر دیا۔ [سنن ترمذي/كتاب الأحكام/حدیث: 1332]
اردو حاشہ:
نوٹ:
(اگلی حدیث اور معاذ رضی اللہ عنہ کی حدیث کی بنا پر یہ حدیث صحیح لغیرہ ہے، ورنہ اس کے راوی ’’ابوالحسن جزری‘‘ مجہول اور ’’اسماعیل بن ابراہیم بن مہاجر‘‘ ضعیف ہیں۔
)
درج بالا اقتباس سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 1332 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: بلوغ المرام / حدیث: 1198 کی شرح از الشیخ صفی الرحمن مبارکپوری ✍️
´(قضاء کے متعلق احادیث)`
سیدنا ابو مریم ازدی رضی اللہ عنہ نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کیا ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ’’ جس شخص کو اللہ تعالیٰ نے مسلمانوں کے کسی کام کا حاکم بنا دیا اور وہ پردہ میں رہا۔ ان کی ضروریات اور ان کی حاجات پوری کرنے میں اللہ تعالیٰ بھی پردہ میں رہے گا اس کی حاجات پوری کرنے میں۔ " (ابوداؤد و ترمذی) «بلوغ المرام/حدیث: 1198»
تخریج:
«أخرجه أبوداود، الخراج والإمارة، باب فيما يلزم الإمام من أمر الرعية...، حديث:2948، والترمذي، الأحكام، حديث:1332 وقال: غريب.»
تشریح:
راویٔ حدیث:
«حضرت ابو مریم ازدی رضی اللہ عنہ» ازدی‘ اسدی دونوں طرح مشہور ہیں‘ حضرمی بھی کہا جاتا تھا۔
شرف صحابیت سے مشرف تھے۔
شام میں حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ کے پاس آئے تو انھیں یہ حدیث بیان کی۔
درج بالا اقتباس بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری، حدیث/صفحہ نمبر: 1198 سے ماخوذ ہے۔