ریاض الصالحین — حدیث نمبر 538
باب: اپنے ہاتھ کی کمائی سے کھانے، اور اس کے ذریعے سوال کرنے اور عطیے کے درپے ہونے سے بچنے کی ترغیب
باب الحث عَلَى الأكل من عمل يده والتعفف به عن السؤال والتعرض للإعطاء
قَالَ الله تَعَالَى: ﴿فَإِذَا قُضِيَتِ الصَّلاةُ فَانْتَشِرُوا في الأَرْضِ وَابْتَغُوا مِنْ فَضْلِ الله﴾ [الجمعة: ١٠].اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ”پھر جب نماز ادا ہو جائے تو زمین میں پھیل جاؤ اور اللہ کا فضل تلاش کرو۔“ (سورۃ الجمعہ: 10)
وعن أَبي عبد الله الزبير بن العَوَّام - رضي الله عنه - قَالَ: قَالَ رسول الله - صلى الله عليه وسلم: «لأَنْ يَأخُذَ أحَدُكُمْ أُحبُلَهُ ثُمَّ يَأتِيَ الجَبَلَ، فَيَأْتِيَ بحُزمَةٍ مِنْ حَطَب عَلَى ظَهْرِهِ فَيَبِيعَهَا، فَيكُفّ اللهُ بِهَا وَجْهَهُ، خَيْرٌ لَهُ مِنْ أَنْ يَسْألَ النَّاسَ، أعْطَوْهُ أَوْ مَنَعُوهُ». رواه البخاري.سیدنا ابوعبداللہ زبیر بن عوام رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”تم میں سے کوئی اپنی رسیاں لے، پھر پہاڑ پر جائے اور اپنی پیٹھ پر لکڑیوں کا ایک گٹھا لاد کر لائے اور اسے بیچ دے، اور اس کے ذریعے اللہ تعالیٰ اس کے چہرے کو (سوال کی ذلت سے) بچا لے، تو یہ اس کے لیے اس سے بہتر ہے کہ وہ لوگوں سے سوال کرے، وہ اسے دیں یا نہ دیں۔“
(اسے بخاری نے روایت کیا ہے)
تشریح، فوائد و مسائل
بہرحال سوال کرنے سے بہتر ہے خواہ ا س کوپہاڑ سے لکڑیاں کاٹ کر اپنے سر پر لاد کر لانی پڑیں۔
اور ان کی فروخت سے وہ گزران کرسکے۔
بیکاری سے یہ بدرجہا بہتر ہے۔
روایت میں صرف لکڑی کا ذکر ہے۔
حضرت امام نے گھاس کو بھی باب میں شامل فرما لیا ہے گھاس جنگل سے کھود کر لانا اور بازار میں فروخت کرنا۔
یہ بھی عنداللہ بہت ہی محبوب ہے کہ بندہ کسی مخلوق کے سامنے ہاتھ نہ پھیلائے۔
آگے حدیث میں گھاس کا بھی ذکر آرہا ہے۔
ان کی والدہ حضرت صفیہ عبدالمطلب کی بیٹی اور آنحضور ﷺ کی پھوپھی ہیں۔
یہ اور ان کی والدہ شروع میں ہی اسلام لے آئے تھے جب کہ ان کی عمر سولہ سال کی تھی۔
اس پر ان کے چچا نے دھویں سے ان کا دم گھوٹ کر تکلیف پہنچائی تاکہ یہ اسلام چھوڑ دیں مگر انہوں نے اسلام کو نہ چھوڑا۔
یہ تمام غزوات میں آنحضور ﷺ کے ساتھ رہے اور یہ وہ ہیں جنہوں نے سب سے اول تلوار اللہ کے راستے میں سونتی۔
اور آنحضور ﷺ کے ساتھ جنگ احد میں ڈٹے رہے۔
اور عشرہ مبشرہ میں ان کا بھی شمار ہے۔
چونسٹھ سال کی عمر میں بصرہ میں شہید کردئیے گئے۔
یہ حادثہ 36 ھ میں پیش آیا۔
اول وادی سباع میں دفن ہوئے۔
پھر بصرہ میں منتقل کردئیے گئے۔
رضي اللہ عنه وأرضاہ۔
اس حدیث میں سوال کی مذمت بیان ہوئی ہے، حضرت ابو ہریرہ ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ’’جو آدمی اپنا مال بڑھانے کی غرض سے سوال کرتا ہے وہ اپنے لیے انگاروں کے سوا اور کوئی چیز نہیں مانگتا، اب اس کی مرضی ہے انہیں کم کرے یا زیادہ کرے۔
‘‘ (صحیح مسلم، الزکاة، حدیث: 2399(1041)
رسول اللہ ﷺ نے مزید فرمایا: ’’مانگنا ایک زخم ہے جس سے انسان اپنے چہرے کو زخمی کرتا ہے، البتہ ایسا شخص جو مجبوری کی وجہ سے سوال کرے یا سربراہ مملکت سے مانگے تو اس کے لیے کوئی حرج نہیں۔
‘‘ (سنن أبي داود، الزکاة، حدیث: 1639)
اس حدیث میں ایک سچے مسلمان کی علامت بیان ہوئی ہے کہ وہ محنت مزدوری کر کے اپنا اور اپنے بچوں کا پیٹ پالتا ہے،دوسروں کے سامنے دست سوال نہیں پھیلاتا کیونکہ اس میں ذلت ورسوائی ہے۔
مسلمان کبھی دوسروں کے سامنے خود کو ذلیل وخوار نہیں کرتا۔
مسند احمد میں ایک حدیث ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے دریافت کیا گیا: کون سی کمائی زیادہ پاک اور اچھی ہے؟تو آپ نے فرمایا: "آدمی کا اپنے ہاتھ سے کوئی کام کرنا،نیز ہر تجارت جو پاکبازی کے ساتھ ہو۔
"(مسند احمد: 4/141)
اس سے معلوم ہوا کہ سب سے اچھی کمائی تو وہ ہے جو خود اپنے دست وبازو اور محنت سے کی جائے اور اس تجارت کی کمائی بھی پاکیزہ ہے جو شریعت کے احکام کے مطابق اور دیانت داری کے ساتھ ہو۔
والله اعلم.
زبیر بن عوام رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " اگر تم میں سے کوئی اپنی رسی لے اور پہاڑ پر جا کر ایک گٹھا لکڑیوں کا اپنی پیٹھ پر لادے، اور اس کو بیچ کر اس کی قیمت پر قناعت کرے، تو یہ اس کے لیے لوگوں کے سامنے مانگنے سے بہتر ہے کہ لوگ دیں یا نہ دیں " ۱؎۔ [سنن ابن ماجه/كتاب الزكاة/حدیث: 1836]
فوائد و مسائل: (1)
بھیک مانگنا اسلام کی نظر میں قابل نفرت چیز ہے۔
اگر آدمی کوئی ایسا پیشہ اختیار کرنے کی پوزیشن میں نہ ہو جو معاشرے میں وقار کا حال سمجھا جاتا ہے تو محنت مزدوری کو عار نہیں سمجھنا چاہیے۔
جو چیز کسی کی ملکیت نہ ہو اس میں سے ہر شخص ضرورت کے مطابق لے سکتا ہے۔
جو پیشہ لوگوں کی نظر میں حقیر ہے اس کے ذریعے سے دیانت داری کے ساتھ کام کرتے ہوئے روزی کمانا بھی عزت کا باعث ہے۔
جو شخص معذوری کی وجہ سے روزی نہیں کما سکتا، اسلامی حکومت یا مسلمان عوام کا فرض ہے کہ اس کی جائز ضروریات پوری کرنے کا اہتمام کیا جائے تاکہ وہ بھیک مانگنے پر مجبور نہ ہو۔
سیدنا زبیر بن عوام رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا " اگر تم میں سے کوئی رسی لے کر لکڑیوں کا گٹھا جنگل سے اپنی پشت پر اٹھا کر لائے پھر اسے فروخت کر دے تو (اللہ تعالیٰ) اس وجہ سے اس کے چہرے کو مانگنے سے روک دیتا ہے۔ یہ (کام) اس کے لیے اس سے بہتر ہے کہ وہ لوگوں سے مانگتا پھرے اور لوگ اسے دیں یا نہ دیں۔ " (بخاری) [بلوغ المرام/حدیث: 518]
بِحُزْمَۃِ الْحَطَبِ حزمۃ کی "حا" پر ضمہ اور "زا" ساکن ہے۔ لکڑیوں کا گٹھا۔
فَیَکُفَّ الْلّٰہَ بِھَا وَجھَہُ یعنی اللہ تعالیٰ اس کے ذریعے سے اس کی عزت وآبرو کو محفوظ رکھتا ہے اور دستِ سوال دراز کرنے کی رسوائی سے باز رکھتا ہے۔
فائدہ 518:
اس حدیث کی رو سے گداگری اور بھیک مانگنا قابلِ مذمت فعل ہے۔ کما کر کھانا اور محنت و مشقت کر کے حاصل کرنا بہتر ہے۔ سوالی اور گداگر کو اگر کچھ مل بھی جائے تو سوال کرنے کی ذلت کیا کچھ کم ہے۔ بھیک مانگنے سے عزت وآبرو نہیں رہتی۔ معاشرے میں وقار کم ہو جاتا ہے۔ لوگوں کی نگاہوں میں ایسے آدمی کا کوئی مقام ومرتبہ نہیں رہتا۔ مفت خوری کی بد عادت ایسے آدمی کو کاہل و سست بنا کر رکھ دیتی ہے۔ معاشرے کی ترقی متأثر ہو جاتی ہے۔ اور ایسا شخص بسا اوقات چوری اور ہیراپھیری جیسی بری عادات کا خوگر بن کر رہ جاتا ہے۔