حدیث نمبر: 403
وعن أَبي هريرة - رضي الله عنه: أن رَسُول الله - صلى الله عليه وسلم - قَالَ: «يَعْرَقُ النَّاسُ يَومَ القِيَامَةِ حَتَّى يَذْهَبَ عَرَقُهُمْ في الأَرضِ سَبْعِينَ ذِراعًا، وَيُلْجِمُهُمْ حَتَّى يَبْلُغَ آذَانَهُمْ». مُتَّفَقٌ عَلَيهِ.
ومعنى «يَذْهَبُ في الأَرضِ»: ينزل ويغوص.
ترجمہ

سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”قیامت کے دن لوگوں کو (اتنا) پسینہ آئے گا کہ ان کا پسینہ زمین میں ستر ہاتھ تک چلا جائے گا، اور (پسینہ) انہیں لگام ڈال دے گا یہاں تک کہ ان کے کانوں تک پہنچ جائے گا۔“
(متفق علیہ)
«يَذْهَبُ فِي الأَرْضِ» کا معنی ہے: (زمین میں) اترتا اور دھنستا چلا جائے گا۔

حوالہ حدیث رياض الصالحين / بداية الكتاب / حدیث: 403
درجۂ حدیث محدثین: صحيح (متفق عليه)
تخریج حدیث أخرجه: البخاري 8/ 138 (6532)، ومسلم 8/ 158 (2863) (61).
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح البخاري: 6532

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 6532 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
6532. حضرت ابو ہریرہ ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: "قیامت کے دن لوگ پسینے میں شرابور ہوں گے حتیٰ کہ ان کا پسینہ زمین میں ستر ہاتھ تک پھیل جائے گا اور ان کے منہ تک پہنچ کر کانوں کو چھونے لگے گا۔"[صحيح بخاري، حديث نمبر:6532]
حدیث حاشیہ:
(1)
اس قدر پیسنے کی کثرت اور زیادتی قیامت کی ہولناکیوں، لوگوں کے ہجوم اور سورج کے قریب آنے کی بنا پر ہو گا۔
لیکن کامل ایمان والے لوگ اس تکلیف اور پریشانی سے محفوظ ہوں گے۔
یہ پسینہ میدان محشر میں ہو گا لیکن بعض روایات سے پتا چلتا ہے کہ جہنم میں بھی اس تکلیف سے دوچار ہونا پڑے گا۔
(2)
حافظ ابن حجر رحمہ اللہ نے لکھا ہے کہ انبیاء علیہم السلام اور شہداء اس آزمائش سے محفوظ ہوں گے۔
کفار تو پسینے میں ڈبکیاں لے رہے ہوں گے اور کبیرہ گناہوں والے اپنے اپنے اعمال کے مطابق پسینے میں شرابور ہوں گے لیکن یہ حضرات کفار کے مقابلے میں بہت تھوڑی تعداد میں ہوں گے۔
(3)
ان احادیث کے بیان کرنے کا مقصد یہ ہے کہ انسان ابھی سے بچنے کی فکر کرے اور ایسے اسباب عمل میں لائے جو اس کی نجات کا باعث ہوں۔
اللہ تعالیٰ کے حضور گناہوں سے توبہ کا نذرانہ پیش کرے کیونکہ اللہ تعالیٰ ہی اس سے نجات دینے والا ہے۔
(فتح الباري: 480/11)
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 6532 سے ماخوذ ہے۔