ریاض الصالحین — حدیث نمبر 385

باب: اللہ کی خاطر محبت کی فضیلت اور اس کی ترغیب، آدمی جس سے محبت کرتا ہو اسے بتا دینا کہ وہ اس سے محبت کرتا ہے، اور جب وہ اسے بتائے تو (دوسرا) اسے کیا جواب دے

باب فضل الحب في الله والحث عَلَيهِ وإعلام الرجل من يحبه، أنه يحبه، وماذا يقول لَهُ إِذَا أعلمه

حدیث نمبر: 385
وعن أنس - رضي الله عنه: أنَّ رَجُلًا كَانَ عِنْدَ النَّبيِّ، - صلى الله عليه وسلم - فَمَرَّ رَجُلٌ بِهِ، فَقَالَ: يَا رَسُول الله، أنِّي لأُحِبُّ هَذَا، فَقَالَ لَهُ النَّبيّ - صلى الله عليه وسلم: «أأعْلَمْتَهُ؟» قَالَ: لاَ. قَالَ: «أَعْلِمْهُ»، فَلَحِقَهُ، فَقَالَ: إنِّي أُحِبُّكَ في الله، فَقَالَ: أَحَبَّكَ الَّذِي أَحْبَبْتَنِي لَهُ. رواه أَبُو داود بإسناد صحيح.
ترجمہ

سیدنا انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ایک آدمی نبی کریم ﷺ کے پاس تھا کہ ایک (دوسرا) آدمی اس کے پاس سے گزرا، اس نے کہا: اے اللہ کے رسول! میں اس سے محبت کرتا ہوں۔ نبی کریم ﷺ نے اس سے فرمایا: ”کیا تم نے اسے بتایا ہے؟“ اس نے کہا: نہیں۔ فرمایا: ”اسے بتا دو۔“ چنانچہ وہ اس کے پیچھے گیا اور کہا: میں تم سے اللہ کی خاطر محبت کرتا ہوں۔ اس نے کہا: تم سے وہ (اللہ) محبت کرے جس کی خاطر تم نے مجھ سے محبت کی۔
(اسے ابوداود نے صحیح سند کے ساتھ روایت کیا ہے)

حوالہ حدیث رياض الصالحين / بداية الكتاب / حدیث: 385
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: حسن (أبو داود 5125) , شیخ زبیر علی زئی: إسناده حسن, مشكوة المصابيح (5017)
تخریج حدیث أخرجه: أبو داود (5125)، والنسائي في «الكبرى» (10010).
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : سنن ابي داود: 5125

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابي داود / حدیث: 5125 کی شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی ✍️
´آدمی جس سے محبت کرے اس سے کہہ دے کہ میں تم سے محبت کرتا ہوں۔`
انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ایک شخص نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس تھا، اتنے میں ایک شخص اس کے سامنے سے گزرا تو اس شخص نے کہا: اللہ کے رسول! میں اس سے محبت رکھتا ہوں، تو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے اس سے پوچھا: " تم نے اسے یہ بات بتا دی ہے؟ " اس نے کہا: نہیں، آپ نے فرمایا: " اسے بتا دو " یہ سن کر وہ شخص اٹھا اور اس شخص سے جا کر ملا اور اسے بتایا کہ میں تم سے اللہ واسطے کی محبت رکھتا ہوں، اس نے کہا: تم سے وہ ذات محبت کرے، جس کی خاطر تم نے مجھ سے محبت کی ہے۔ [سنن ابي داود/أبواب النوم /حدیث: 5125]
فوائد ومسائل:
للہ فی اللہ محبت کرنے کی بے انتہا فضیلت ہے۔
مثلاً ایسے لوگوں کو محشر میں اللہ عزوجل کا سایہ نصیب ہوگا۔
(صحیح البخاري، الأذان، حدیث 660۔
وصحیح مسلم، الزکوة، حدیث: 1031) اور اس خبر دینے کا فائدہ یہ ہے کہ دوسری طرف سے بھی محبت مذید کا جواب ملے گا۔
اور دونوں جانب سے ایک دوسرے کی خیر خواہی ہوگی اور وہ کار خیر میں ایک دوسرے کے معاون بنیں گے۔
اور غلطی و تقصیر پر متنبہ کرنے میں کوئی رنجش نہیں آئے گی۔
درج بالا اقتباس سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی، حدیث/صفحہ نمبر: 5125 سے ماخوذ ہے۔