سنن ابوداود — حدیث نمبر 5125
باب: آدمی جس سے محبت کرے اس سے کہہ دے کہ میں تم سے محبت کرتا ہوں۔
باب إِخْبَارِ الرَّجُلِ الرَّجُلَ بِمَحَبَّتِهِ إِيَّاهُ
حَدَّثَنَا مُسْلِمُ بْنُ إِبْرَاهِيمَ ، حَدَّثَنَا الْمُبَارَكُ بْنُ فَضَالَةَ ، حَدَّثَنَا ثَابِتٌ الْبُنَانِيُّ ، عَنْ أَنَسِ بْنِ مَالِكٍ ، " أَنَّ رَجُلًا كَانَ عِنْدَ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فَمَرَّ بِهِ رَجُلٌ ، فَقَالَ : يَا رَسُولَ اللَّهِ ، إِنِّي لَأُحِبُّ هَذَا , فَقَالَ لَهُ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : أَعْلَمْتَهُ ؟ قَالَ : لَا , قَالَ : أَعْلِمْهُ , قال : فَلَحِقَهُ ، فَقَالَ : إِنِّي أُحِبُّكَ فِي اللَّهِ , فَقَالَ : أَحَبَّكَ الَّذِي أَحْبَبْتَنِي لَهُ " .
´انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ` ایک شخص نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس تھا ، اتنے میں ایک شخص اس کے سامنے سے گزرا تو اس شخص نے کہا : اللہ کے رسول ! میں اس سے محبت رکھتا ہوں ، تو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے اس سے پوچھا : ” تم نے اسے یہ بات بتا دی ہے ؟ “ اس نے کہا : نہیں ، آپ نے فرمایا : ” اسے بتا دو “ یہ سن کر وہ شخص اٹھا اور اس شخص سے جا کر ملا اور اسے بتایا کہ میں تم سے اللہ واسطے کی محبت رکھتا ہوں ، اس نے کہا : تم سے وہ ذات محبت کرے ، جس کی خاطر تم نے مجھ سے محبت کی ہے ۔
سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ کے پاس ایک آدمی بیٹھا ہوا تھا کہ ایک شخص اس کے پاس سے گزرا، تو اس نے کہا: ”اے اللہ کے رسول! بیشک مجھے اس سے محبت ہے۔“ نبی کریم ﷺ نے اس سے فرمایا: ”کیا تو نے اس کو بتایا ہے؟“ اس نے کہا: ”نہیں۔“ آپ ﷺ نے فرمایا: ”اس کو بتا دے۔“ چنانچہ وہ اس سے جا کر ملا اور اس سے بولا: ”مجھے تم سے اللہ کے لیے محبت ہے۔“ تو اس نے جواب دیا: ”اللہ بھی تم سے محبت کرے جس کی خاطر تم مجھ سے محبت کرتے ہو۔“
تشریح، فوائد و مسائل
انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ایک شخص نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس تھا، اتنے میں ایک شخص اس کے سامنے سے گزرا تو اس شخص نے کہا: اللہ کے رسول! میں اس سے محبت رکھتا ہوں، تو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے اس سے پوچھا: " تم نے اسے یہ بات بتا دی ہے؟ " اس نے کہا: نہیں، آپ نے فرمایا: " اسے بتا دو " یہ سن کر وہ شخص اٹھا اور اس شخص سے جا کر ملا اور اسے بتایا کہ میں تم سے اللہ واسطے کی محبت رکھتا ہوں، اس نے کہا: تم سے وہ ذات محبت کرے، جس کی خاطر تم نے مجھ سے محبت کی ہے۔ [سنن ابي داود/أبواب النوم /حدیث: 5125]
للہ فی اللہ محبت کرنے کی بے انتہا فضیلت ہے۔
مثلاً ایسے لوگوں کو محشر میں اللہ عزوجل کا سایہ نصیب ہوگا۔
(صحیح البخاري، الأذان، حدیث 660۔
وصحیح مسلم، الزکوة، حدیث: 1031) اور اس خبر دینے کا فائدہ یہ ہے کہ دوسری طرف سے بھی محبت مذید کا جواب ملے گا۔
اور دونوں جانب سے ایک دوسرے کی خیر خواہی ہوگی اور وہ کار خیر میں ایک دوسرے کے معاون بنیں گے۔
اور غلطی و تقصیر پر متنبہ کرنے میں کوئی رنجش نہیں آئے گی۔