ریاض الصالحین — حدیث نمبر 357

باب: علماء، بڑوں اور اہلِ فضل کی توقیر، انہیں دوسروں پر مقدم کرنا، ان کی مجلسوں کو بلند رکھنا اور ان کے مرتبے کو ظاہر کرنا

باب توقير العلماء والكبار وأهل الفضل وتقديمهم عَلَى غيرهم ورفع مجالسهم وإظهار مرتبتهم

حدیث نمبر: 357
وعن ابن عباس رضي الله عنهم، قَالَ: قَدِمَ عُيَيْنَةُ بنُ حِصْن، فَنَزَلَ عَلَى ابْنِ أخِيهِ الحُرِّ بنِ قَيسٍ، وَكَانَ مِنَ النَّفَرِ الَّذِينَ يُدْنِيهِمْ عُمرُ - رضي الله عنه - وَكَانَ القُرَّاءُ أصْحَاب مَجْلِس عُمَرَ وَمُشاوَرَتِهِ، كُهُولًا كاَنُوا أَوْ شُبَّانًا، فَقَالَ عُيَيْنَةُ لابْنِ أخيهِ: يَا ابْنَ أخِي، لَكَ وَجْهٌ عِنْدَ هَذَا الأمِيرِ، فَاسْتَأذِنْ لِي عَلَيهِ، فاسْتَأذَن له، فَأَذِنَ لَهُ عُمَرُ - رضي الله عنه - فَلَمَّا دَخَلَ قَالَ: هِي يَا ابنَ الخَطَّابِ، فَواللهِ مَا تُعْطِينَا الْجَزْلَ، وَلا تَحْكُمُ فِينَا بالعَدْلِ، فَغَضِبَ عُمَرُ - رضي الله عنه - حَتَّى هَمَّ أَنْ يُوقِعَ بِهِ، فَقَالَ لَهُ الحُرُّ: يَا أَمِيرَ المُؤْمِنِينَ، إنَّ الله تَعَالَى قَالَ لِنَبيِّهِ - صلى الله عليه وسلم: ﴿خُذِ الْعَفْوَ وَأْمُرْ بِالْعُرْفِ وَأَعْرِضْ عَنِ الْجَاهِلِينَ﴾ [الأعراف: ١٩٩]، وَإنَّ هَذَا مِنَ الجَاهِلِينَ. واللهِ مَا جَاوَزَهاَ عُمَرُ حِينَ تَلاَهَا عليه، وكَانَ وَقَّافًا عِنْدَ كِتَابِ اللهِ تَعَالَى. رواه البخاري.
ترجمہ

سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے، انہوں نے کہا: عیینہ بن حصن (مدینہ) آئے اور اپنے بھتیجے حر بن قیس کے پاس ٹھہرے، اور حر ان لوگوں میں سے تھے جنہیں سیدنا عمر رضی اللہ عنہ اپنے قریب رکھتے تھے، اور قراء (قرآن کے علماء) ہی سیدنا عمر رضی اللہ عنہ کی مجلس اور مشاورت والے تھے، خواہ وہ ادھیڑ عمر ہوں یا جوان۔ عیینہ نے اپنے بھتیجے سے کہا: اے میرے بھتیجے! تمہاری اس امیر کے ہاں قدر و منزلت ہے، لہٰذا میرے لیے ان کے پاس آنے کی اجازت لو۔ انہوں نے ان کے لیے اجازت مانگی تو سیدنا عمر رضی اللہ عنہ نے انہیں اجازت دے دی، جب وہ اندر آئے تو کہا: سنو اے ابن خطاب! اللہ کی قسم! نہ تم ہمیں زیادہ عطا دیتے ہو اور نہ ہمارے درمیان انصاف سے فیصلہ کرتے ہو۔ اس پر سیدنا عمر رضی اللہ عنہ غضبناک ہو گئے یہاں تک کہ انہیں سزا دینے کا ارادہ کر لیا، تو حر نے ان سے کہا: اے امیر المومنین! اللہ تعالیٰ نے اپنے نبی ﷺ سے فرمایا: ”درگزر کو اختیار کیجیے، نیکی کا حکم دیجیے اور جاہلوں سے کنارہ کش رہیے۔“ (سورۃ الاعراف: 199) اور یہ (شخص) جاہلوں میں سے ہے۔ اللہ کی قسم! جب انہوں نے یہ آیت ان کے سامنے تلاوت کی تو سیدنا عمر رضی اللہ عنہ اس سے آگے نہ بڑھے، اور وہ اللہ تعالیٰ کی کتاب (کے حکم) کے پاس بہت رک جانے والے تھے۔
(اسے بخاری نے روایت کیا ہے)

وضاحت:
یہ حدیث نمبر 50 پر گزر چکی ہے۔
حوالہ حدیث رياض الصالحين / بداية الكتاب / حدیث: 357
درجۂ حدیث محدثین: صحيح (رواه البخاري)
تخریج حدیث انظر الحديث (50). أخرجه: البخاري 6/ 76 (4642).
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح البخاري: 4642 | رياض الصالحين: 50
انظر الحديث (٥٠).

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 4642 کی شرح از مولانا داود راز ✍️
4642. حضرت ابن عباس ؓ سے روایت ہے، انہوں نے کہا: عیینہ بن حصن بن حذیفہ نے اپنے بھتیجے حضرت حر بن قیس کے ہاں قیام کیا۔ حضرت حر بن قیس ان خاص لوگوں میں سے تھے جنہیں حضرت عمر ؓ اپنے بہت قریب رکھتے تھے کیونکہ جو لوگ قرآن کریم کے زیادہ عالم اور قاری ہوتے انہیں حضرت عمر ؓ کی مجلس میں بڑی پذیرائی حاصل ہوتی تھی۔ ایسے لوگ ہی آپ کے مشیر ہوتے تھے، قطع نظر اس سے کہ وہ عمر رسیدہ ہوں یا نوجوان۔ بہرحال عیینہ بن حصن نے اپنے بھتیجے سے کہا: تمہیں اس امیر کی مجلس میں بڑا قرب حاصل ہے، لہذا مجھے بھی مجلس میں حاضری کی اجازت لے دو۔ حر بن قیس نے کہا: میں آپ کے لیے مجلس میں حاضری کی اجازت مانگوں گا، چنانچہ انہوں نے عیینہ کے لیے اجازت مانگی تو حضرت عمر ؓ نے انہیں مجلس میں آنے کی اجازت دے دی۔ جب وہ مجلس میں پہنچا تو کہنے لگا: اے خطاب کے بیٹے! اللہ کی قسم! نہ تم ہمیں مال دیتے ہو اور نہ عدل کے مطابق۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔)[صحيح بخاري، حديث نمبر:4642]
حدیث حاشیہ: ابن عباس ؓ بالکل نوجوان تھے لیکن حضرت عمرؓ کے پاس بیٹھتے۔
دوسرے بوڑھے بوڑھے لوگوں پر ان کا مرتبہ زیادہ رہتا۔
حضرت عمرؓعلم اور علماء کے قدردان تھے اور ہر ایک بادشاہ اسلام کو ایسا ہی کرنا چاہیئے۔
ہمیشہ عالموں کی قدر و منزلت اور تعظیم اور تکریم لازم ہے ورنہ پھر کوئی ان کے ملک میں علم نہ پڑھے گا اور ملک کیا ہوگا جاہلوں کا ڈربہ۔
ایسا ملک بہت جلد تباہ اور برباد ہوگا۔
افسوس! ہمارے زمانہ میں علم اور علماء کی قدر و منزلت تو کیا عالموں کو جاہلوں کے برابر بھی نہیں رکھا جاتا بلکہ جاہلوں کو جو عہدے اور منصب عطا کئے جاتے ہیں عالم ان کے مستحق اور سزا وار نہیں سمجھے جاتے۔
خود مجھ پر یہ واقعہ گزر چکا ہے۔
چند روز میں قضا کی آفت میں گرفتار کیا گیا تھا مگر خدا کا بڑا فضل ہوا۔
علم و فضل کی نا قدر دانی نے مجھ کو جلد سبکدوش کر دیا ورنہ معلوم نہیں کب تک اس آفت میں گرفتار رہتا۔
میں دل سے قضا کو مکروہ جانتا تھا خیر میں تو ہٹا دیا گیا اور دوسرے لوگ جو علم وفضل سے عاری اور ان کی قابلیت ایسی تھی کہ برسوں میں ان کو تعلیم دے سکتا تھا وہ اپنی خدمات پر بد ستور قائم رہے۔
گو میں اس انقلاب سے جہاں تک میری ذات سے متعلق تھا خوش ہوا اور سجدئہ شکر بجا لایا مگر ملک اور قوم پر رونا آیا۔
یا اللہ! ہمارے بادشاہوں کو سمجھ دے، آمین یا رب العالمین۔
اللہ اللہ! عیینہ کی بے ادبی اور گستاخی اور حضرت عمر ؓ کا صبر اور تحمل، اگر اور کوئی دنیا دار بادشاہ ہوتا توایسی زبان درازی اور بے ادبی پر کیسی سزا دیتا۔
عیینہ حضرت عمر ؓ کو بھی دنیا دار بادشاہوں کی طرح سمجھے کہ جاہل مصاحبوں اور واہی رفیقوں پر بادشادہی خزانہ جو رعایا کا مال ہے لٹاتے رہیں۔
حضرت عمر ؓ اپنے بیٹے عبد اللہ ؓ کو ادنیٰ سپاہی کی طرح تنخواہ دیا کرتے وہ بھلا ان سے واہی لوگوں کو کب دینے والے تھے۔
حضرت عمر ؓ کا ایمان اور اخلاص سمجھنے کے لیے انصاف والے آدمی کے لیے یہی قصہ کافی ہے۔
قرآن مجید کی آیت پڑھتے ہی غصہ جا تا رہا صبر اور تحمل پر عمل کیا سبحا ن اللہ، رضي اللہ عنه (وحیدی)
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 4642 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 4642 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
4642. حضرت ابن عباس ؓ سے روایت ہے، انہوں نے کہا: عیینہ بن حصن بن حذیفہ نے اپنے بھتیجے حضرت حر بن قیس کے ہاں قیام کیا۔ حضرت حر بن قیس ان خاص لوگوں میں سے تھے جنہیں حضرت عمر ؓ اپنے بہت قریب رکھتے تھے کیونکہ جو لوگ قرآن کریم کے زیادہ عالم اور قاری ہوتے انہیں حضرت عمر ؓ کی مجلس میں بڑی پذیرائی حاصل ہوتی تھی۔ ایسے لوگ ہی آپ کے مشیر ہوتے تھے، قطع نظر اس سے کہ وہ عمر رسیدہ ہوں یا نوجوان۔ بہرحال عیینہ بن حصن نے اپنے بھتیجے سے کہا: تمہیں اس امیر کی مجلس میں بڑا قرب حاصل ہے، لہذا مجھے بھی مجلس میں حاضری کی اجازت لے دو۔ حر بن قیس نے کہا: میں آپ کے لیے مجلس میں حاضری کی اجازت مانگوں گا، چنانچہ انہوں نے عیینہ کے لیے اجازت مانگی تو حضرت عمر ؓ نے انہیں مجلس میں آنے کی اجازت دے دی۔ جب وہ مجلس میں پہنچا تو کہنے لگا: اے خطاب کے بیٹے! اللہ کی قسم! نہ تم ہمیں مال دیتے ہو اور نہ عدل کے مطابق۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔)[صحيح بخاري، حديث نمبر:4642]
حدیث حاشیہ:
1۔
ایک داعی حق کے لیے اس میں سبق ہے کہ جب وہ نیکی کا حکم دینے میں اتمام حجت کرچکے اور پھر بھی کوئی نہ مانے تو ان سے اعراض کرلیا جائے اور ان کے جھگڑوں اور حماقتوں کا جواب نہ دیاجائے۔
اگراس موقع پر شیطان اشتعال دلانے کی کوشش کرے تو فوراً اللہ کی پناہ طلب کرنی چاہیے جیسا کہ ارشاد باری تعالیٰ ہے: ’’اور اگرآپ کو شیطان کی طرف سے کوئی وسوسہ آنے لگے تو آپ فوراً اللہ کی پناہ مانگیں، بلاشبہ وہ خوب سننے والاجاننے والا ہے۔
‘‘ (الأعراف: 200/7)
2۔
عیینہ نے حضرت عمر ؓ کو عام بادشاہوں کی طرح خیال کیا جو جاہل مصاحبوں پر قومی خزانہ لٹا دیتے ہیں بلکہ اس نے سخت مزاجی اور ترش روئی کا کا مظاہرہ کیا لیکن حضرت عمر ؓ نے اللہ کی کتاب کا حکم سن کر صبر اور تحمل سے کام لیا، اگر کوئی دوسرا بادشاہ ہوتا تو اس طرح کی بے ادبی پر سزا دیتا۔
حضرت عمرفاروق ؓ کا ایمان اور ان کا اخلاص سمجھنے کے لیے یہ ایک واقعہ ہی کافی ہے۔
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 4642 سے ماخوذ ہے۔