ریاض الصالحین — حدیث نمبر 302
باب: اپنے گھر والوں، سمجھدار بچوں اور اپنی ماتحتی میں موجود تمام لوگوں کو اللہ تعالیٰ کی اطاعت کا حکم دینے، انہیں (شریعت کی) خلاف ورزی سے روکنے، انہیں ادب سکھانے اور ممنوع کام کے ارتکاب سے باز رکھنے کے وجوب کا بیان
باب وجوب أمره أهله وأولاده المميزين وسائر من في رعيته بطاعة الله تعالى ونهيهم عن المخالفة وتأديبهم ومنعهم من ارتكاب مَنْهِيٍّ عَنْهُ
وعن أَبي ثُرَيَّةَ سَبْرَةَ بن معبدٍ الجُهَنِيِّ - رضي الله عنه - قَالَ: قَالَ رَسُول الله - صلى الله عليه وسلم: «عَلِّمُوا الصَّبِيَّ الصَّلاةَ لِسَبْعِ سِنِينَ، وَاضْرِبُوهُ عَلَيْهَا ابْنَ عَشْرِ سِنِينَ» حديث
حسن رواه أَبُو داود والترمذي، وَقالَ: «حديث حسن».
ولفظ أَبي داود: «مُرُوا الصَّبِيَّ بِالصَّلاةِ إِذَا بَلَغَ سَبْعَ سِنِينَ».سیدنا ابوثریہ سبرہ بن معبد جہنی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”بچے کو سات سال کی عمر میں نماز سکھاؤ، اور دس سال کی عمر میں (نماز نہ پڑھنے پر) اسے مارو۔“
(یہ حدیث حسن ہے، اسے ابوداود اور ترمذی نے روایت کیا ہے، اور ترمذی نے کہا ہے: یہ حدیث حسن ہے)
اور ابوداود کے الفاظ یہ ہیں: ”بچے کو نماز کا حکم دو جب وہ سات سال کا ہو جائے۔“
تشریح، فوائد و مسائل
سبرہ بن معبد جہنی رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "بچے سات سال کے ہو جائیں تو انہیں نماز پڑھنے کا حکم دو، اور جب دس سال کے ہو جائیں تو اس (کے ترک) پر انہیں مارو۔" [سنن ابي داود/كتاب الصلاة /حدیث: 494]
اس حکم کا تعلق بچے اور بچی دونوں سے ہے اور مقصد یہ ہے کہ شعور کی عمر کو پہنچتے ہی شریعت کے اوامر و نواہی اور دیگر آداب کی تلقین و مشق کا عمل شروع ہو جانا چاہیے تاکہ بلوغت کو پہنچتے پہنچتے اس کے خوب عادی ہو جائیں۔
➊ اسلام میں جسمانی سزا کا تصور موجود ہے، مگر بےتکا نہیں ہے۔ پہلے تین سال تک تو ایک طرح سے والدین کا امتحان ہے کہ زبانی تلقین سے کام لیں اور خود عملی نمونہ پیش کریں۔ اس کے بعد سزا بھی دیں مگر ایسی جو زخمی نہ کرے اور چہرے پر بھی نہ مارا جائے کیونکہ چہرے پر مارنے سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے منع فرمایا ہے۔ [سنن أبى داود، حديث نمبر: 4493]