ریاض الصالحین — حدیث نمبر 301

باب: اپنے گھر والوں، سمجھدار بچوں اور اپنی ماتحتی میں موجود تمام لوگوں کو اللہ تعالیٰ کی اطاعت کا حکم دینے، انہیں (شریعت کی) خلاف ورزی سے روکنے، انہیں ادب سکھانے اور ممنوع کام کے ارتکاب سے باز رکھنے کے وجوب کا بیان

باب وجوب أمره أهله وأولاده المميزين وسائر من في رعيته بطاعة الله تعالى ونهيهم عن المخالفة وتأديبهم ومنعهم من ارتكاب مَنْهِيٍّ عَنْهُ

حدیث نمبر: 301
وعن عمرو بن شعيب، عن أبيه، عن جدهِ - رضي الله عنه - قَالَ: قَالَ رَسُول الله - صلى الله عليه وسلم: «مُرُوا أَوْلادَكُمْ بِالصَّلاةِ وَهُمْ أبْنَاءُ سَبْعِ سِنينَ، وَاضْرِبُوهُمْ عَلَيْهَا، وَهُمْ أَبْنَاءُ عَشْرٍ، وَفَرِّقُوا بَيْنَهُمْ في المضَاجِعِ». حديث حسن رواه أَبُو داود بإسناد حسن.
ترجمہ

عمرو بن شعیب (رحمہ اللہ) اپنے والد سے، وہ ان کے دادا (سیدنا عبداللہ بن عمرو) رضی اللہ عنہ سے روایت کرتے ہیں، انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”اپنی اولاد کو نماز کا حکم دو جب وہ سات سال کے ہوں، اور (نماز نہ پڑھنے پر) انہیں مارو جب وہ دس سال کے ہوں، اور ان کے بستر الگ الگ کر دو۔“
(یہ حدیث حسن ہے، اسے ابوداود نے حسن سند کے ساتھ روایت کیا ہے)

حوالہ حدیث رياض الصالحين / بداية الكتاب / حدیث: 301
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: حسن صحيح (أبو داود 495) , شیخ زبیر علی زئی: صحيح, مشكوة المصابيح (572), وأخرجه أحمد (2/180،182) وسنده حسن والحديث السابق شاھد له
تخریج حدیث أخرجه: أبو داود (495).
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : سنن ابي داود: 495

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابي داود / حدیث: 495 کی شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی ✍️
´بچے کو نماز پڑھنے کا حکم کب دیا جائے؟`
عبداللہ بن عمرو بن العاص رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "جب تمہاری اولاد سات سال کی ہو جائے تو تم ان کو نماز پڑھنے کا حکم دو، اور جب وہ دس سال کے ہو جائیں تو انہیں اس پر (یعنی نماز نہ پڑھنے پر) مارو، اور ان کے سونے کے بستر الگ کر دو۔‏‏‏‏" [سنن ابي داود/كتاب الصلاة /حدیث: 495]
495۔ اردو حاشیہ:
اس حدیث سے کئی اہم مسائل معلوم ہوتے ہیں۔ مثلاًً یہ کہ جب بچے دس سال کی عمر کو پہنچ جائیں تو ان کے بستر الگ الگ کر دئیے جائیں، چاہے وہ حقیقی بھائی ہوں یا بہنیں، یا بھائی بہن ملے جلے۔ اس حکم شریعت کی حکمت۔۔۔ واللہ أعلم۔۔ یہ ہو سکتی ہے کہ شعور کی ابتدائی عمر ہی سے بچوں کو ایسی مجلس و محفل سے دور کر دیا جائے۔ جس سے ان کے خیالات اور عادات و اطوار کے بگڑنے اور پراگندہ ہونے کا خطرہ ہو۔ گویا کہ یہ نبوی حکم منکرات کے اثر سے بچنے اور اولاد کو بچانے کا بہترین ذریعہ ہے۔ نیز اس حدیث سے نماز کا بھی اندازہ ہوتا ہے۔ نماز کے سوا کوئی دوسرا ایسا شرعی عمل نہیں ہے کہ جس کے بارے میں یہ حکم ہو کہ سات سال کی عمر کے چھوٹے چھوٹے بچوں کو اس کے کرنے کی تاکید کی جائے۔ اور دس سال کی عمر کو پہنچ کر نہ کرنے کی صورت میں مارا پیٹا جائے۔ نماز نہ پڑھنے والے شخص کے بارے میں متقدمین اسلاف اہل علم کے اقوال درج ذیل ہیں۔ امام مالک اور امام شافعی کہتے ہیں کہ «يقتل تار الصلوة» یعنی تارک صلواۃ کو قتل کر دیا جائے۔ مکحول، حماد بن یزید اور وکیع بن جراح کہتے ہیں: اس سے توبہ کرائی جائے اگر وہ توبہ کر لے درست ورنہ قتل کر دیا جائے۔ امام زہری کہتے ہیں: وہ فاسق ہے اس کو سخت سزا دے کر جیل میں ڈال دیا جائے۔ ابراہیم نخعی، ایو ب سختیانی، عبداللہ بن مبارک، امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ، اسحاق بن راہویہ اور علماء کی ایک جماعت کا قول یہ ہے جو شخص شرعی عذر کے بغیر نماز نہیں پڑھتا، حتیٰ کہ نماز کا وقت ختم ہو جاتا ہے، تو ایسا شخص کافر ہے۔ [عون المعبود: 115/2، طبع جديد]
درج بالا اقتباس سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی، حدیث/صفحہ نمبر: 495 سے ماخوذ ہے۔