ریاض الصالحین — حدیث نمبر 276

باب: عورتوں کے ساتھ بھلائی کی وصیت کا بیان

باب الوصية بالنساء

حدیث نمبر: 276
وعن عمرو بن الأحوصِ الجُشَمي - رضي الله عنه: أنَّهُ سَمِعَ النَّبيّ - صلى الله عليه وسلم - في حَجَّةِ الوَدَاعِ يَقُولُ بَعْدَ أَنْ حَمِدَ الله تَعَالَى، وَأثْنَى عَلَيهِ وَذَكَّرَ وَوَعظَ، ثُمَّ قَالَ: «ألا وَاسْتَوصُوا بالنِّساءِ خَيْرًا، فَإِنَّمَا هُنَّ عَوَانٍ عِنْدَكُمْ لَيْسَ تَمْلِكُونَ مِنْهُنَّ شَيْئًا غَيْرَ ذلِكَ إلاَّ أَنْ يَأتِينَ بِفَاحِشَةٍ مُبَيِّنَةٍ، فَإنْ فَعَلْنَ فَاهْجُرُوهُنَّ في المَضَاجِع، وَاضْرِبُوهُنَّ ضَربًا غَيْرَ مُبَرِّحٍ، فإنْ أطَعْنَكُمْ فَلا تَبْغُوا عَلَيهنَّ سَبيلًا؛ ألاَ إنَّ لَكُمْ عَلَى نِسَائِكُمْ حَقًّا، وَلِنِسَائِكُمْ عَلَيْكُمْ حَقًّا؛ فَحَقُّكُمْ عَلَيهِنَّ أَنْ لا يُوطِئْنَ فُرُشَكُمْ مَنْ تَكْرَهُونَ، وَلا يَأْذَنَّ في بُيُوتِكُمْ لِمَنْ تَكْرَهُونَ؛ ألاَ وَحَقُّهُنَّ عَلَيْكُمْ أَنْ تُحْسِنُوا إِلَيْهِنَّ في كِسْوَتِهنَّ وَطَعَامِهنَّ». رواه الترمذي، وَقالَ: «حديث حسن صحيح».
قوله - صلى الله عليه وسلم: «عَوان» أيْ: أسِيرَاتٌ جَمْع عَانِيَة، بالعَيْنِ المُهْمَلَةِ، وَهِيَ الأسِيرَةُ، والعاني: الأسير. شَبَّهَ رسولُ الله - صلى الله عليه وسلم - المرأةَ في دخولِها تَحْتَ حُكْمِ الزَّوْجِ بالأَسيرِ «وَالضَّرْبُ المبَرِّحُ»: هُوَ الشَّاقُ الشَّدِيد وقوله - صلى الله عليه وسلم: «فَلاَ تَبْغُوا عَلَيهنَّ سَبِيلًا» أيْ: لاَ تَطْلُبُوا طَريقًا تَحْتَجُّونَ بِهِ عَلَيهِنَّ وَتُؤْذُونَهُنَّ بِهِ، والله أعلم.
ترجمہ

سیدنا عمرو بن احوص جشمی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ انہوں نے حجۃ الوداع میں نبی کریم ﷺ کو سنا، آپ نے اللہ تعالیٰ کی حمد و ثنا کی، اور (لوگوں کو) یاد دہانی کرائی اور نصیحت فرمائی، پھر فرمایا: ”سنو! عورتوں کے ساتھ بھلائی کی وصیت قبول کرو، کیونکہ وہ تمہارے پاس قیدیوں کی طرح ہیں، تم ان سے اس (حق) کے سوا کسی چیز کے مالک نہیں ہو، الا یہ کہ وہ کھلی بے حیائی کا ارتکاب کریں۔ اگر وہ ایسا کریں تو ان کے بستر الگ کر دو اور انہیں ایسی مار مارو جو سخت تکلیف دہ نہ ہو، پھر اگر وہ تمہاری اطاعت کر لیں تو ان کے خلاف (زیادتی کا) کوئی راستہ تلاش نہ کرو۔ سنو! تمہاری عورتوں پر تمہارا حق ہے اور تمہاری عورتوں کا تم پر حق ہے۔ تمہارا حق ان پر یہ ہے کہ وہ تمہارے بستروں پر ان لوگوں کو نہ آنے دیں جنہیں تم ناپسند کرتے ہو، اور تمہارے گھروں میں ان لوگوں کو آنے کی اجازت نہ دیں جنہیں تم ناپسند کرتے ہو۔ سنو! اور ان کا حق تم پر یہ ہے کہ تم ان کے لباس اور ان کے کھانے (پینے) میں ان کے ساتھ اچھا سلوک کرو۔“
(اسے ترمذی نے روایت کیا ہے اور کہا ہے: یہ حدیث حسن صحیح ہے)
آپ ﷺ کا فرمان: «عَوَانٍ» یعنی قیدی عورتیں، یہ «عَانِيَة» کی جمع ہے، بغیر نقطے والے عین کے ساتھ، اور اس کا معنی قیدی عورت ہے، اور «العَانِي» قیدی (مرد) کو کہتے ہیں۔ رسول اللہ ﷺ نے عورت کو شوہر کے حکم کے ماتحت آ جانے میں قیدی سے تشبیہ دی ہے۔
«وَالضَّرْبُ المُبَرِّحُ»: وہ مار جو سخت اور شدید تکلیف دہ ہو۔
اور آپ ﷺ کا فرمان: «فَلَا تَبْغُوا عَلَيْهِنَّ سَبِيلًا» یعنی ایسا کوئی راستہ تلاش نہ کرو جسے تم ان کے خلاف دلیل بناؤ اور اس کے ذریعے انہیں تکلیف پہنچاؤ۔ واللہ اعلم۔

وضاحت:
«بِفَاحِشَةٍ» : ابن العربی رحمہ اللہ فرماتے ہیں: اس سے مراد ایسی کھلی نافرمانی ہے جو حلال نہ ہو، اور جس سے نکلنے کا کوئی راستہ نہ ملے اور اس میں کوئی عذر واضح نہ ہو، تو اس وقت شوہر کو اس پر تادیب اور بستر میں جدائی کا اختیار حاصل ہو جاتا ہے۔ (عارضۃ الاحوذی 3/88)
حوالہ حدیث رياض الصالحين / بداية الكتاب / حدیث: 276
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: حسن، ابن ماجة (1851) (الترمذي 1163) , شیخ زبیر علی زئی: إسناده صحيح
تخریج حدیث أخرجه: ابن ماجه (1851)، والترمذي (1163)، والنسائي في «الكبرى» (9169).
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : سنن ترمذي: 1163 | سنن ابن ماجه: 1851
قال ابن العربي في عارضة الأحوذي ٣/ ٨٨ (١١٦٣): «يريد بمعصية ظاهرة لا تحل ولا تجد منها مخرجًا ولا تتبين فيها عذرًا، فحينئذٍ يملك الزوج عليها الأدب والهجران في المضجع» .

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ترمذي / حدیث: 1163 کی شرح از ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی ✍️
´شوہر پر عورت کے حقوق کا بیان۔`
سلیمان بن عمرو بن احوص کہتے ہیں کہ مجھ سے میرے والد نے بیان کیا کہ وہ حجۃ الوداع میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ شریک ہوئے۔ آپ نے اللہ کی حمد و ثنا بیان کی۔ اور (لوگوں کو) نصیحت کی اور انہیں سمجھایا۔ پھر راوی نے اس حدیث میں ایک قصہ کا ذکر کیا اس میں یہ بھی ہے کہ آپ نے فرمایا: " سنو! عورتوں کے ساتھ خیر خواہی کرو۔ اس لیے کہ وہ تمہارے پاس قیدی ہیں۔ تم اس (ہمبستری اور اپنی عصمت اور اپنے مال کی امانت وغیرہ) کے علاوہ اور کچھ اختیار نہیں رکھتے (اور جب وہ اپنا فرض ادا کرتی ہوں تو پھر ان کے ساتھ بدسلوکی کا جواز کیا ہے) ہاں اگر وہ کسی کھلی ہوئی بی۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن ترمذي/كتاب الرضاع/حدیث: 1163]
اردو حاشہ:
وضاحت: 1 ؎: یعنی طاقت کے مطابق یہ چیزیں احسن طریقے سے مہیا کرو۔
درج بالا اقتباس سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 1163 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابن ماجه / حدیث: 1851 کی شرح از مولانا عطا اللہ ساجد ✍️
´شوہر پر بیوی کے حقوق کا بیان۔`
عمرو بن احوص رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ وہ حجۃ الوداع میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ تھے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اللہ تعالیٰ کی حمد و ثنا بیان کی اور لوگوں کو وعظ و نصیحت کی، پھر فرمایا: " عورتوں کے ساتھ حسن سلوک کرنے کی میری وصیت قبول کرو، اس لیے کہ عورتیں تمہاری ماتحت ہیں، لہٰذا تم ان سے اس (جماع) کے علاوہ کسی اور چیز کے مالک نہیں ہو، الا یہ کہ وہ کھلی بدکاری کریں، اگر وہ ایسا کریں تو ان کو خواب گاہ سے جدا کر دو، ان کو مارو لیکن سخت مار نہ مارو، اگر وہ تمہاری بات مان لیں تو پھر ان پر زیادتی کے لیے کوئی بہانہ نہ ڈھونڈو، تمہارا عورت۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن ابن ماجه/كتاب النكاح/حدیث: 1851]
اردو حاشہ:
فوائد ومسائل: (1)
وصیت تاکیدی نصیحت کو کہتے ہیں جس پر عمل کرنا بہت ضروری سمجھا جاتا ہے۔
 ’’وصیت قبول کرو‘‘ کا مطلب یہ ہے کہ میں تمہیں وصیت کرتا ہوں۔
بہت سے صحابہ کرام جو حجۃ الوداع میں حاضر تھے ان کے لیے ممکن ہے کہ نبی ﷺ سے ان کی وہ آخری ملاقات ہو کیونکہ اس سے تین ماہ بعد رسول اللہ ﷺ اس دار فانی سے کوچ فرما گئے۔
ان کے لیے یہ خطبہ واقعی آخری نصیحت (وصیت)
بن گیا۔

(2)
خطاب اگرچہ حجۃ الوداع میں حاضر ہونے والے صحابہ کرام سے فرمایا گیا تھا تاہم یہ حکم قیامت تک آنے والے تمام مومنوں کے لیے ہے۔

(3)
مرد کو چاہیے کہ بیوی کے اخلاق و کردار کی نگرانی کرے تاہم بلاوجہ شکوک و شبہات میں مبتلا رہنا درست نہیں جب تک کوئی واضح مشکوک صورت سامنے نہ آئے۔

(4)
واضح بے حیائی سے مراد ایسی حرکات ہیں جن پر روک ٹوک نہ کرنے سے بدکاری تک نوبت پہنچ سکتی ہے۔
زنا کا ارتکاب ہو جانے کی صورت میں دوسرے احکام ہیں جو قرآن و حدیث میں اپنے مقام پر مذکور ہیں۔

(5)
بستروں میں الگ ہونے سے مراد ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے جنسی تعلقات منقطع کر لینا ہے۔
بعض علماء نے اس کی یہ صورت بیان فرمائی ہے کہ ایک ہی بستر پر ہوتے ہوئے عورت کی طرف پیٹھ کر کے لیٹ جائے تاکہ اس کا جذباتی ہیجان اسے معافی مانگنے اور اپنی اصلاح کرنے پر مجبور کر دے۔

(6)
جب محسوس ہو کہ عورت اپنی غلطی پر پشیمان ہے اور اصلاح پر آمادہ ہے تو اس سے معمول کے تعلقات قائم کر لینے چاہییں اور بار بار گزشتہ غلطیوں کا طعنہ نہیں دینا چاہیے۔

(7)
بعض اوقات صورتحال اس قدر خراب ہو جاتی ہے کہ جسمانی سزا ناگزیر ہو جاتی ہے لیکن یہ اصلاح کی کوشش کا آخری درجہ ہے جہاں تک ممکن ہو معاملات کو اس مرحلے پر نہیں پہنچنے دینا چاہیے۔

(8)
اگر جسمانی سزا ضروری محسوس ہو تو اس میں بھی نرمی کا پہلو مدنظر ہونا چاہیے یعنی صرف اس حد تک سختی کی جائے یا سزا دی جائے جو تنبیہ کے لیے ضروری ہو اس سے زیادہ نہیں کیونکہ مقصود اصلاح ہے غصہ نکالنا یا بدلہ لینا نہیں۔

(9)
مہمانوں کی تکریم ضروری ہے لیکن اگر کوئی ایسا شخص آتا ہے جسے خاوند اچھا نہیں سمجھتا تو عورت کو چاہیے کہ خاوند کے جذبات کا خیال رکھتے ہوئے اسے اجازت دینے سےمعذرت کر لے، یا کہہ دے کہ مرد گھر میں نہیں، پھر آ جائیے گا۔
ناپسندیدہ شخص کو بستر پر نہ بٹھانے کا مطلب یہ بھی ہو سکتا ہے کہ غیر مردوں سے ناجائز تعلقات استوار کرنے کی راہ ہموار نہ کی جائے۔
ان سے نرم لہجے میں ہنس ہنس کر بات کرنے کے بجائے سنجیدگی سے مختصر بات کر کے فارغ کر دیا جائے۔
امام خطابی فرماتے ہیں: ’’اس کا مطلب یہ ہے کہ اجنبی مردوں کو گپ شپ کے لیے اپنے پاس گھر میں آنے کی اجازت نہ دیں، جیسے عرب میں یہ رواج تھا اور اسے عیب نہیں سمجھا جاتا تھا۔
پردے کا حکم نازل ہونے کے بعد اس سے منع کر دیا گیا۔‘‘ (حاشہ سنن ابن ماجہ از محمد فواد عبدالباقی)
ہمارے ہاں دیہات میں، جہاں پردے کا اہتمام نہیں کیا جاتا اب بھی یہ صورت حال موجود ہے جو شرعی طور پر ممنوع ہے۔
بعض علماء نے فرمایا ہے کہ عورت اپنے محرم رشتہ داروں کو بھی خاوند کی اجازت کے بغیر گھر میں نہ آنے دے لیکن زیادہ صحیح یہ معلوم ہوتا ہے کہ خاوند کو ایسا نہیں ہونا چاہیے کہ عورت کے محرم مردوں پر پابندی لگائے۔
حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے اپنے رضاعی چچا کو گھر میں آنے کی اجازت نہیں دی تھی تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ’’ وہ تمہارا چچا ہے، اسے آنے کی اجازت دو۔‘‘ (سنن ابن ماجة، حدیث: 1948)
لباس اور خوراک کے بارے میں اچھا سلوک یہ ہے کہ اپنی حیثیت کے مطابق اچھا لباس اور مناسب خوراک مہیا کرے لیکن ایسے لباس سے منع کرنا چاہیے جو شریعت کی تعلیمات کے مطابق نہ ہو۔
درج بالا اقتباس سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 1851 سے ماخوذ ہے۔