ریاض الصالحین — حدیث نمبر 271
باب: یتیم، بیٹیوں اور تمام کمزوروں، مسکینوں اور شکستہ دل لوگوں کے ساتھ نرمی، ان سے حسن سلوک، ان پر شفقت، ان کے ساتھ تواضع اور ان کے لیے عاجزی کا پہلو جھکانے کا بیان
باب ملاطفة اليتيم والبنات وسائر الضعفة والمساكين والمنكسرين والإحسان إليهم والشفقة عليهم والتواضع معهم وخفض الجناح لهم
وعن مصعب بن سعد بن أَبي وقَّاص رضي الله عنهم، قَالَ: رَأى سعد أنَّ لَهُ فَضْلًا عَلَى مَنْ دُونَهُ، فَقَالَ النَّبيّ - صلى الله عليه وسلم: «هَلْ تُنْصرُونَ وتُرْزَقُونَ إلاَّ بِضُعَفَائِكُمْ». رواه البخاري هكذا مُرسلًا، فإن مصعب بن سعد تابعيٌّ، ورواه الحافظ أَبُو بكر البرقاني في صحيحه متصلًا عن مصعب، عن أبيه - رضي الله عنه.مصعب بن سعد بن ابی وقاص (رحمہ اللہ) سے روایت ہے، انہوں نے کہا: (میرے والد) سیدنا سعد (رضی اللہ عنہ) نے خیال کیا کہ انہیں اپنے سے کم تر لوگوں پر فضیلت حاصل ہے، تو نبی کریم ﷺ نے فرمایا: ”تمہاری مدد کی جاتی ہے اور تمہیں رزق دیا جاتا ہے تو صرف تمہارے کمزوروں کی وجہ سے۔“
(اسے بخاری نے اسی طرح مرسل روایت کیا ہے، کیونکہ مصعب بن سعد تابعی ہیں، اور حافظ ابوبکر برقانی نے اسے اپنی صحیح میں مصعب سے، انہوں نے اپنے والد (سیدنا سعد) رضی اللہ عنہ سے متصل روایت کیا ہے)
تشریح، فوائد و مسائل
یعنی ضعفاء دعا کرتے وقت اخلاص میں بہت سخت ہوتے ہیں اور عبادت میں ان کا خشوع زیادہ ہوتا ہے اور ان کے دل دنیاوی زیب و زینت سے پاک ہوتے ہیں۔
اس لئے ضعیف لوگوں سے دعا کرانا بہت ہی موجب برکت ہے۔
1۔
حضرت سعد بن ابی وقاص ؓ کو اپنی دولت مندی،شجاعت اور تیراندازی میں مہارت کی وجہ سے دل میں خیال آیا کہ وہ دوسروں سے برترہیں تو رسول اللہ ﷺنے انھیں عاجزی اور تواضع اختیار کرنے کی ترغیب دی اور انھیں بتایا کہ انھی نیک فطرت اور پریشان حال لوگوں کی دعاؤں سے تمھیں مدد ملتی ہے اور انھی کی برکت سے تمھیں رزق میسر آتاہے کیونکہ ان کی عبادت میں اخلاص اور ان کی دعاؤں میں خشوع ہوتاہے، نیز دنیاوی زیب وزینت سے ان کے دل خالی ہوتے ہیں۔
2۔
امام بخاری ؒنے ثابت کیا ہے کہ ایک مجاہد اگراپنی بہادری کی وجہ سے اللہ کے ہاں مرتبہ حاصل کرتا ہے توایک کمزور و ناتواں اپنی مسکینی اور عاجزی کی بنا پراللہ کے ہاں مقام بنالیتا ہے۔
غالباً اسی وجہ سے میدان جنگ میں اترنے والےتمام مجاہدین مال غنیمت میں برابر کے شریک ہوتے ہیں۔
بہادراپنی بہادری کی وجہ سے اور کمزور اپنی مخلصانہ دعاؤں کی وجہ سے،اس لیے میدان جنگ میں کمزور لوگوں سے کامیابی کی دعا کرانا بہت ہی خیر و برکت کاباعث ہے۔
سعد بن ابی وقاص رضی الله عنہ سے روایت ہے کہ انہیں خیال ہوا کہ انہیں اپنے سوا نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے دیگر صحابہ پر فضیلت و برتری حاصل ہے ۱؎، تو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " اللہ تعالیٰ اس امت کی مدد اس کے کمزور لوگوں کی دعاؤں، صلاۃ اور اخلاص کی بدولت فرماتا ہے " ۲؎۔ [سنن نسائي/كتاب الجهاد/حدیث: 3180]