ریاض الصالحین — حدیث نمبر 267

باب: یتیم، بیٹیوں اور تمام کمزوروں، مسکینوں اور شکستہ دل لوگوں کے ساتھ نرمی، ان سے حسن سلوک، ان پر شفقت، ان کے ساتھ تواضع اور ان کے لیے عاجزی کا پہلو جھکانے کا بیان

باب ملاطفة اليتيم والبنات وسائر الضعفة والمساكين والمنكسرين والإحسان إليهم والشفقة عليهم والتواضع معهم وخفض الجناح لهم

حدیث نمبر: 267
وعن أنس - رضي الله عنه - عن النَّبيّ - صلى الله عليه وسلم - قَالَ: «مَنْ عَالَ جَارِيَتَيْن حَتَّى تَبْلُغَا جَاءَ يَوْمَ القِيَامَةِ أنَا وَهُوَ كَهَاتَيْنِ» وضَمَّ أصَابِعَهُ. رواه مسلم.
«جَارِيَتَيْنِ» أيْ: بنتين.
ترجمہ

سیدنا انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا: ”جس نے دو لڑکیوں کی پرورش کی یہاں تک کہ وہ بالغ ہو گئیں، وہ قیامت کے دن اس طرح آئے گا کہ میں اور وہ ان دو (انگلیوں) کی طرح ہوں گے۔“ اور آپ ﷺ نے اپنی انگلیوں کو ملا لیا۔
(اسے مسلم نے روایت کیا ہے)
«جَارِيَتَيْنِ»: یعنی دو بیٹیاں۔

وضاحت:
«عَالَ» : امام نووی رحمہ اللہ فرماتے ہیں: یعنی ان کے خرچ اور تربیت کی ذمہ داری اٹھائی۔ (شرح صحیح مسلم للنووی 8/351)
حوالہ حدیث رياض الصالحين / بداية الكتاب / حدیث: 267
درجۂ حدیث محدثین: صحيح (رواه مسلم)
تخریج حدیث أخرجه: مسلم 8/ 38 (2631) (149).
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح مسلم: 2631 | سنن ترمذي: 1914
قال النووي في شرح صحيح مسلم ٨/ ٣٥١ (٢٦٣١): «أي قام عليها بالمؤنة والتربية» .

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح مسلم / حدیث: 2631 کی شرح از مولانا عبد العزیز علوی ✍️
حضرت انس بن مالک رضی اللہ تعالیٰ عنہ بیان کرتے ہیں،رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:"جس نے دو بچیوں کے بالغ ہونے تک خرچہ برداشت کیا، ان کی پرورش کی، قیامت کے دن میں اور وہ اس طرح آئیں گے،"اور آپ نے اپنی انگلیوں کو ملا لیا۔" [صحيح مسلم، حديث نمبر:6695]
حدیث حاشیہ: فوائد ومسائل: اس حدیث سے بظاہر یہ محسوس ہوتا ہے کہ یہ مقام و مرتبہ اس کو حاصل ہو گا، جس نے دو بچیوں کا نان و نفقہ اور دیگر اخراجات برداشت کیے، لیکن پہلی حدیث اور دوسری احادیث سے معلوم ہوتا ہے کہ ایک بچی کی پرورش بھی اجروثواب اور فضیلت کا کام ہے اور ظاہر ہے زیادہ بچیوں کی فکر و اہتمام اجروثواب اور درجات و مراتب میں رفعت کا باعث بنے گا، کیونکہ اجروثواب کے اضافہ میں محنت و مشقت میں اضافہ کو دخل ہے۔
درج بالا اقتباس تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 6695 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ترمذي / حدیث: 1914 کی شرح از ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی ✍️
´لڑکیوں اور بہنوں کی پرورش کی فضیلت کا بیان۔`
انس بن مالک رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " جس نے دو لڑکیوں کی کفالت کی تو میں اور وہ جنت میں اس طرح داخل ہوں گے "، اور آپ نے کیفیت بتانے کے لیے اپنی دونوں انگلیوں (شہادت اور درمیانی) سے اشارہ کیا۔ [سنن ترمذي/كتاب البر والصلة/حدیث: 1914]
اردو حاشہ:
نوٹ:
(مسلم کی سند میں ’’عن عبيد الله بن أبي بكر بن أنس، عن أنس بن مالك‘‘ ہے)
درج بالا اقتباس سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 1914 سے ماخوذ ہے۔