ریاض الصالحین — حدیث نمبر 1772

باب: ٹھہرے ہوئے پانی میں پیشاب وغیرہ کرنے کی ممانعت

باب النهي عن البول ونحوه في الماء الراكد

حدیث نمبر: 1772
عن جابر - رضي الله عنه: أنَّ رسولَ اللهِ - صلى الله عليه وسلم - نَهَى أَنْ يُبَالَ في المَاءِ الرَّاكِدِ. رواه مسلم.
ترجمہ

سیدنا جابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ٹھہرے ہوئے پانی میں پیشاب کرنے سے منع فرمایا۔
(اسے مسلم نے روایت کیا ہے)

حوالہ حدیث رياض الصالحين / كتاب الأمور المنهي عنها / حدیث: 1772
درجۂ حدیث محدثین: صحيح (رواه مسلم)
تخریج حدیث أخرجه: مسلم 1/ 162 (281) (94).
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : سنن نسائي: 35 | صحيح مسلم: 281 | سنن ابن ماجه: 343

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: سنن نسائي / حدیث: 35 کی شرح از حافظ محمد امین ✍️
´ٹھہرے ہوئے پانی میں پیشاب کرنے کی ممانعت۔`
جابر رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ٹھہرے ہوئے پانی میں پیشاب کرنے سے منع فرمایا ہے۔ [سنن نسائي/ذكر الفطرة/حدیث: 35]
35۔ اردو حاشیہ: ٹھہرے ہوئے پانی میں پیشاب کیا جائے، تو وہ نجاست بھی پانی کے ساتھ رکی رہے گی۔ اس سے تعفن اور بدبو پیدا ہو گی۔ زیادہ آدمیوں کے پیشاب کرنے سے پانی کا رنگ، بو اور ذائقہ بھی بدل سکتا ہے، جس سے پانی پلید ہو جائے گا اور قابل استعمال نہ رہے گا۔ جاری پانی میں یہ خدشات نہیں، لہٰذا انتہائی مجبوری کے وقت جاری پانی میں پیشاب کیا جا سکتا ہے۔
درج بالا اقتباس سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 35 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابن ماجه / حدیث: 343 کی شرح از مولانا عطا اللہ ساجد ✍️
´ٹھہرے ہوئے پانی میں پیشاب کرنا منع ہے۔`
جابر رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ٹھہرے ہوئے پانی میں پیشاب کرنے سے منع فرمایا ۱؎۔ [سنن ابن ماجه/كتاب الطهارة وسننها/حدیث: 343]
اردو حاشہ: (1)
ٹھہرے ہوئے پانی سے مراد تالاب وغیرہ کا وہ پانی ہے جو جاری نہیں۔
ایسے پانی میں اگر لوگ پیشاب کرتے رہیں گے تو وہ انتہائی گندا ہوجائے گا اور قابل استعمال نہیں رہے گا۔

(2)
اس سے معلوم ہوتا ہے کہ اگر پانی بہہ رہا ہو جیسے ندی نہر یا دریا کا پانی ہوتا ہے تو اس میں پیشاب کرنا منع نہیں، تاہم اجتناب بہتر ہے۔
کیونکہ یہ صفائی اور نظافت کے خلاف ہے۔
درج بالا اقتباس سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 343 سے ماخوذ ہے۔