ریاض الصالحین — حدیث نمبر 1771

باب: لوگوں کے راستے، ان کے سائے، پانی کے گھاٹوں اور اس طرح کی جگہوں میں قضائے حاجت کرنے کی ممانعت

باب النهي عن التغوط في طريق الناس وظلِّهم وموارد الماء ونحوها

باب کی ابتدا میں امام نووی رحمہ اللہ نے یہ آیات / کلام ذکر کیا ہے:
قَالَ الله تَعَالَى: ﴿وَالَّذِينَ يُؤذُونَ الْمُؤْمِنِينَ وَالْمُؤْمِنَاتِ بِغَيْرِ مَا اكْتَسَبُوا فَقَد احْتَمَلُوا بُهْتانًا وَإِثْمًا مُبِينًا﴾ [الأحزاب: ٥٨].

اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ”اور جو لوگ مومن مردوں اور مومن عورتوں کو بغیر کسی ایسے کام کے جو انہوں نے کیا ہو ایذا دیتے ہیں، تو یقیناً انہوں نے بہتان اور کھلے گناہ کا بوجھ اٹھایا۔“ (سورۃ الاحزاب: 58)

حدیث نمبر: 1771
وعن أَبي هريرة - رضي الله عنه: أنَّ رَسُولَ اللهِ - صلى الله عليه وسلم - قَالَ: «اتَّقُوا اللاَّعِنَيْنِ» قالوا: وَمَا اللاَّعِنَانِ؟ قَالَ: «الَّذِي يَتَخَلَّى في طَرِيقِ النَّاسِ أَوْ في ظِلِّهِمْ». رواه مسلم.
ترجمہ

سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”لعنت کا سبب بننے والے دو کاموں سے بچو۔“ لوگوں نے عرض کیا: لعنت کا سبب بننے والے وہ دو کام کیا ہیں؟ آپ ﷺ نے فرمایا: ”(ایک) وہ شخص جو لوگوں کے راستے میں یا ان کے سائے میں قضائے حاجت کرتا ہے۔“
(اسے مسلم نے روایت کیا ہے)

وضاحت:
«يَتَخَلَّى» : امام نووی رحمہ اللہ فرماتے ہیں: "اس کا معنی یہ ہے کہ وہ ایسی جگہ پاخانہ کرے جہاں سے لوگ گزرتے ہوں۔ اور سائے اور راستے میں جو (یہ کام کرنے سے) منع فرمایا ہے، تو یہ اس لیے کہ اس میں مسلمانوں کو ایذا پہنچتی ہے کہ گزرنے والا نجاست سے آلودہ ہوتا ہے اور (اسے) بدبو اور گندگی (سے تکلیف ہوتی ہے)۔" (شرح صحیح مسلم للنووی 2/140)
حوالہ حدیث رياض الصالحين / كتاب الأمور المنهي عنها / حدیث: 1771
درجۂ حدیث محدثین: صحيح (رواه مسلم)
تخریج حدیث أخرجه: مسلم 1/ 156 (269) (68).
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : سنن ابي داود: 25 | صحيح مسلم: 269 | صحيح ابن خزيمه: 67
قال النووي في شرح صحيح مسلم ٢/ ١٤٠: «معناه يتغوط في موضع يمر به الناس، وما نهى عنه في الظل والطريق لما فيه من إيذاء المسلمين بتنجيس من يمر به ونتنه واستقذاره» .

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح مسلم / حدیث: 269 کی شرح از مولانا عبد العزیز علوی ✍️
حضرت ابو ہریرہ ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ’’تم لعنت کا باعث بننے والے دو کاموں سے بچو!‘‘ لوگوں نے عرض کیا: اے اللہ کے رسول! لعنت کا سبب بنے والے دو کام کون سے ہیں؟ آپ ﷺ نے فرمایا: ’’جو انسان لوگوں کی گزرگاہ یا ان کے سایہ میں قضائے حاجت کرتا ہے (لوگ اس کو برا بھلا کہیں گے)۔‘‘ [صحيح مسلم، حديث نمبر:618]
حدیث حاشیہ: مفردات الحدیث:
: (1)
اتَّقُوا اللَّعَّانَيْنِ: یعنی وہ کام جو لعنت وطعن کا باعث بنتے ہیں، لوگوں کو برا بھلا کہنے پر آمادہ کرتے ہیں یا اس کی دعوت دیتے ہیں، یعنی عادتاً لوگ ایسا کام کرنے والے پر لعنت بھیجتے ہیں۔
(2)
ألتَّخَلِّيْ: قضائے حاجت کرنا۔
(3)
طَرِيق النَّاسِ: لوگوں کی گزر گاہ جس جگہ لوگ آئیں جائیں۔
(3)
فِي ظِلِّهِمْ: ان کے سایہ کی جگہ، جس جگہ لوگ اٹھتے بیٹھتے ہوں، ٹھہریں، پڑاؤ کریں، قیلولہ کریں (ہر سایہ دار جگہ مراد نہیں)
۔
فوائد ومسائل:
لوگ جس ر استہ پر چلتے ہوں یا سایہ کی جس جگہ آرام کرنے کے لیے بیٹھتے ہوں، اگر کوئی گنوار اورنادان آدمی وہاں قضائے حاجت کرے گا، تو لوگوں کو اس سے اذیت اور تکلیف پہنچے گی، جس کے باعث وہ اس کو بُرا بھلاکہیں گے اور لعنت کریں گے، اس لیے اس حرکت سے بچنا چاہیے۔
بعض حدیثوں میں ایک تیسری جگہ موارد (پانی کی گھاٹ)
جہاں لوگ پانی کے لیے آتے جاتے ہوں، کا ذکر ہے۔
مقصد یہ ہے کہ اگر انسان کو گھر سے باہر قضائے حاجت کرنا، ہوتو وہ ایسی جگہ بیٹھے جہاں لوگوں کی آمدورفت نہ ہو اور لوگوں کے لیے باعث تکلیف نہ بنے۔
درج بالا اقتباس تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 618 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح ابن خزيمه / حدیث: 67 کی شرح از الشیخ محمد فاروق رفیع ✍️
سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "دو لعنتوں سے بچو" یا فرمایا: "لعنت کا باعث بننے والی دو چیزوں سے بچو" (یعنی جن کی وجہ سے لوگ لعنت کرتے ہیں) عرض کی گئی کہ وہ کونسی دو چیزیں ہیں... [صحيح ابن خزيمه: 67]
فوائد:

➊ یہ حدیث دلیل ہے کہ لوگوں کی گزر گاہ میں ان کے سایہ حاصل کرنے والے درختوں کے نیچے پاخانہ کرنا حرام ہے کیونکہ اس میں اہل اسلام کی ایذا رسانی کا سامان ہے گزرنے والا نجاست سے لتھڑے گا اور بدبو سے تکلیف محسوس کرے گا۔

[عون المعبود: 27/1]

➋ وہ راستے جو لوگوں کی عام گزرگاہ نہ ہوں اور ایسے سایہ دار درخت جہاں سایہ حاصل کرنا لوگوں کا معمول نہ ہو، وہاں بول و براز کرنے کی ممانعت نہیں ہے۔
درج بالا اقتباس صحیح ابن خزیمہ شرح از محمد فاروق رفیع، حدیث/صفحہ نمبر: 67 سے ماخوذ ہے۔