ریاض الصالحین — حدیث نمبر 1721

باب: خرید و فروخت میں قسم کھانے کی کراہت، اگرچہ وہ سچا ہو

باب كراهة الحلف في البيع وإنْ كان صادقًا

حدیث نمبر: 1721
وعن أبي قتادة - رضي الله عنه: أنَّه سمعَ رسولَ اللهِ - صلى الله عليه وسلم - يقولُ: «إيَّاكُمْ وَكَثْرَةَ الحَلِفِ فِي البَيْعِ، فَإنَّهُ يُنَفِّقُ ثُمَّ يَمْحَقُ». رواه مسلم.
ترجمہ

سیدنا ابوقتادہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ انہوں نے رسول اللہ ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا: ”خرید و فروخت میں کثرت سے قسم کھانے سے بچو، کیونکہ یہ (سامان کو) بکوا تو دیتی ہے پھر (برکت کو) مٹا دیتی ہے۔“
(اسے مسلم نے روایت کیا ہے)

حوالہ حدیث رياض الصالحين / كتاب الأمور المنهي عنها / حدیث: 1721
درجۂ حدیث محدثین: صحيح (رواه مسلم)
تخریج حدیث أخرجه: مسلم 5/ 56 (1607) (132).
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح مسلم: 1607 | سنن ابن ماجه: 2209 | سنن نسائي: 4465

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابن ماجه / حدیث: 2209 کی شرح از مولانا عطا اللہ ساجد ✍️
´خرید و فروخت میں حلف اٹھانے اور قسمیں کھانے کی کراہت۔`
ابوقتادہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " بیع (خرید و فروخت) میں قسمیں کھانے سے بچو، کیونکہ اس سے گرم بازاری تو ہو جاتی ہے اور برکت جاتی رہتی ہے۔‏‏‏‏" [سنن ابن ماجه/كتاب التجارات/حدیث: 2209]
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
(1)
سچی قسمیں بھی کم سے کم ہی کھانا مناسب ہے۔
سامان بیچنے کے لیے بلا ضرورت قسمیں کھاتے چلے جانا اچھی عادت نہیں۔

(2)
  حدیث کے الفاظ: (فَإِنَّهُ يُنْفِقُ ثُمَّ يَمْحَقُ)
کا یہ مطلب بھی ہے کہ پہلے پہلے سودا زیادہ بکتا ہے کیونکہ لوگ اس کی قسموں سے متاثر ہو جاتے ہیں، بعد میں جب حقیقت کھل جاتی ہے کہ قسمیں کھانا تو اس کی عادت ہے تو پھر اس سے متاثر نہیں ہوتے بلکہ اس کا کاروبار پہلے بھی کم ہو جاتا ہے اور لوگ اس سے سودا لینے سے اجتناب کرنے لگتے ہیں۔
درج بالا اقتباس سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 2209 سے ماخوذ ہے۔