ریاض الصالحین — حدیث نمبر 1708

باب: مخلوق کی قسم کھانے کی ممانعت، جیسے نبی، کعبہ، فرشتوں، آسمان، باپ دادا، زندگی، روح، سر، بادشاہ کی زندگی، بادشاہ کی نعمت، فلاں کی قبر کی مٹی اور امانت کی قسم، اور یہ (امانت کی قسم) سب سے سخت ممانعت والی ہے

باب النهي عن الحلف بمخلوق كالنبي والكعبة والملائكة والسماء والآباء والحياة والروح والرأس وحياة السلطان ونعمة السلطان وتربة فلان والأمانة، وهي من أشدها نهيًا

حدیث نمبر: 1708
وعن عبد الرحمن بن سَمُرَةَ - رضي الله عنه - قَالَ: قَالَ رسولُ اللهِ - صلى الله عليه وسلم: «لاَ تَحْلِفُوا بِالطَّوَاغِي، وَلاَ بِآبَائِكُمْ». رواه مسلم.
«الطَّواغِي»: جَمْعُ طَاغِيَةٍ، وهِيَ الأصنَامُ. وَمِنْهُ الحَدِيثُ: «هذِهِ طَاغِيَةُ دَوْسٍ» أيْ: صَنَمُهُمْ وَمَعْبُودُهُمْ. وَرُوِيَ في غير مسلم: «بِالطَّوَاغِيتِ» جَمعُ طَاغُوت، وَهُوَ الشَّيْطَانُ وَالصَّنَمُ.
ترجمہ

سیدنا عبدالرحمن بن سمرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”بتوں کی قسم نہ کھاؤ اور نہ اپنے باپ دادا کی۔“
(اسے مسلم نے روایت کیا ہے)
«الطَّوَاغِي»: «طَاغِيَة» کی جمع ہے، اور اس سے مراد بت ہیں۔ اسی سے یہ حدیث ہے: «هَذِهِ طَاغِيَةُ دَوْسٍ» یعنی یہ (قبیلہ) دوس کا بت اور ان کا معبود ہے۔
اور مسلم کے علاوہ (دوسری کتب) میں «بِالطَّوَاغِيتِ» روایت کیا گیا ہے، جو «طَاغُوت» کی جمع ہے، اور اس سے مراد شیطان اور بت ہے۔

وضاحت:
«هَذِهِ طَاغِيَةُ دَوْسٍ» : (محقق کہتے ہیں:) مجھے یہ ان الفاظ کے ساتھ نہیں ملی، البتہ صحیح بخاری (9/73، حدیث: 7116) میں طاغیہ دوس کا ذکر آیا ہے۔
حوالہ حدیث رياض الصالحين / كتاب الأمور المنهي عنها / حدیث: 1708
درجۂ حدیث محدثین: صحيح (رواه مسلم)
تخریج حدیث أخرجه: مسلم 5/ 82 (1648) (6)، والنسائي 7/ 7 وفي «الكبرى»، له (4697).
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : سنن نسائي: 3805 | صحيح مسلم: 1648 | سنن ابن ماجه: 2095
لم أقف عليه بهذا اللفظ، لكن ورد في البخاري ٩/ ٧٣ (٧١١٦) ذكر طاغية دوس.

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: سنن نسائي / حدیث: 3805 کی شرح از حافظ محمد امین ✍️
´طاغوت اور جھوٹے معبودوں کی قسم کھانے کی ممانعت کا بیان۔`
عبدالرحمٰن بن سمرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " اپنے باپ دادا کی قسم نہ کھاؤ، اور نہ طاغوتوں (جھوٹے معبودوں) کی۔‏‏‏‏" [سنن نسائي/كتاب الأيمان والنذور/حدیث: 3805]
اردو حاشہ: تفصیل کے لیے دیکھیے حدیث نمبر 3800۔
درج بالا اقتباس سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 3805 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح مسلم / حدیث: 1648 کی شرح از مولانا عبد العزیز علوی ✍️
حضرت عبدالرحمٰن بن سمرہ رضی اللہ تعالی عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’بتوں اور اپنے باپوں کی قسم نہ اٹھاؤ۔‘‘ [صحيح مسلم، حديث نمبر:4262]
حدیث حاشیہ: فوائد ومسائل: طاغیہ سے مراد صنم اور بت ہے، کیونکہ، وہ کفار کے شرک و سرکشی کا سبب ہے، اور طغیان کا معنی حدود سے تجاوز کرنا ہے، جیسا کہ قرآن مجید میں ہے ﴿لَمَّا طَغَى الْمَاءُ﴾ جب پانی حد سے بڑھ گیا، اس لیے اس کا اطلاق تمام معبودان باطلہ پر ہو جاتا ہے، اس لیے ضلالت کا ہر سرغنہ طاغیہ ہے، مقصود یہی ہے، معبودان باطلہ کی قسم نہ اٹھاؤ، اور قسم کی تین قسمیں ہیں۔
(1)
يمين غموس: شعوری طور پر جان بوجھ کر جھوٹی قسم اٹھانا ہے، جو انسان کو گناہ میں ڈبو دیتی ہے اور گناہ کبیرہ ہے۔
(2)
يمين لغو: یعنی وہ قسم جو انسان کی زبان پر چڑھی ہونے کی وجہ سے غیر شعوری طور پر نکل جاتی ہے، یا انسان اپنے شعور اور علم کے مطابق سچی قسم اٹھائے، جبکہ درحقیقت، وہ جھوٹی ہو، (3)
يمين منعقده: آئندہ زمانہ یا مستقبل کے بارے میں کسی کام کے کرنے یا نہ کرنے کی قسم اٹھانا، اس کا پورا کرنا ضروری ہے، اگر گناہ نہ ہو، وگرنہ کفارہ ادا کرنا ہو گا۔
درج بالا اقتباس تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 4262 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابن ماجه / حدیث: 2095 کی شرح از مولانا عطا اللہ ساجد ✍️
´اللہ کے علاوہ کسی اور کی قسم کھانے کی ممانعت۔`
عبدالرحمٰن بن سمرہ رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " نہ طاغوتوں (بتوں) کی، اور نہ اپنے باپ دادا کی قسم کھاؤ۔‏‏‏‏" [سنن ابن ماجه/كتاب الكفارات/حدیث: 2095]
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
(1)
  (طواغي)
کا واحد (طاغیة)
ہے، یعنی سرکش۔
بت کو طاغیہ اس لیے کہا جاتا ہے کہ وہ بندوں کے شرک اور سرکشی کا باعث بنتا ہے۔

(2)
  بت کی قسم اصل میں اس شخص کی اہمیت اور تعظیم کی وجہ سے کھائی جاتی ہے جس کی صورت پر وہ بت بنایا گیا ہے، اس طرح یہ بھی اصل میں بزرگوں اور پیروں کی قسم ہے۔
اور غیراللہ کی قسم حرام ہے۔
درج بالا اقتباس سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 2095 سے ماخوذ ہے۔