ریاض الصالحین — حدیث نمبر 1697

باب: مسجد میں جھگڑا کرنے، آواز بلند کرنے، گمشدہ چیز کا اعلان کرنے، اور خرید و فروخت، اجرت اور اس جیسے دیگر معاملات کی کراہت

باب كراهة الخصومة في المسجد ورفع الصوت فِيهِ ونشد الضالة والبيع والشراء والإجارة ونحوها من المعاملات

حدیث نمبر: 1697
وعنه: أنَّ رسولَ اللهِ - صلى الله عليه وسلم - قَالَ: «إِذَا رَأيْتُمْ مَنْ يَبِيعُ أَوْ يَبْتَاعُ في المَسْجِدِ، فَقُولُوا: لا أرْبَحَ اللهُ تِجَارَتَكَ، وَإِذَا رَأَيْتُمْ مَنْ يَنْشُدُ ضَالَّةً فَقُولُوا: لاَ رَدَّهَا اللهُ عَلَيْكَ». رواه الترمذي، وقال: «حديث حسن».
ترجمہ

انہی (سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ) سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”جب تم کسی کو مسجد میں خرید و فروخت کرتے دیکھو تو کہو: اللہ تیری تجارت میں نفع نہ دے، اور جب تم کسی کو گمشدہ چیز کا اعلان کرتے دیکھو تو کہو: اللہ اسے تجھ پر نہ لوٹائے۔“
(اسے ترمذی نے روایت کیا ہے اور کہا ہے: یہ حدیث حسن ہے)

حوالہ حدیث رياض الصالحين / كتاب الأمور المنهي عنها / حدیث: 1697
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: صحيح، المشكاة (733) ، الإرواء (1495) (الترمذي 1321)
تخریج حدیث أخرجه: الترمذي (1321)، وقال: «حديث حسن غريب».
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : سنن ترمذي: 1321 | بلوغ المرام: 200

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ترمذي / حدیث: 1321 کی شرح از ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی ✍️
´مسجد میں خرید و فروخت کی ممانعت کا بیان۔`
ابوہریرہ رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " جب تم ایسے شخص کو دیکھو جو مسجد میں خرید و فروخت کر رہا ہو تو کہو: اللہ تعالیٰ تمہاری تجارت میں نفع نہ دے، اور جب ایسے شخص کو دیکھو جو مسجد میں گمشدہ چیز (کا اعلان کرتے ہوئے اسے) تلاش کرتا ہو تو کہو: اللہ تمہاری چیز تمہیں نہ لوٹائے۔‏‏‏‏" [سنن ترمذي/كتاب البيوع/حدیث: 1321]
اردو حاشہ:
وضاحت:
1؎:
ان لوگوں کا کہنا ہے کہ حدیث میں جو اس کی ممانعت آئی ہے وہ نہی تنزیہی ہے تحریمی نہیں، یعنی نہ بیچنا بہترہے، مگر یہ نری تاویل ہے، جب صحیح حدیث میں بالصراحت ممانعت موجودہے توپھرمساجد میں خریدوفروخت سے باز رہتے ہوئے بازار اور مساجد میں فرق کو قائم رکھنا چاہئے، پہلی قومیں اپنے انبیاء کرام علیہم الصلاۃ والسلام کے احکام کی نافرمانیوں اور غلط تاویلوں کی وجہ سے تباہ ہوگئی تھیں۔
(اللهم أحفظنا بما تحفظ به عبادك الصالحين)
درج بالا اقتباس سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 1321 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: بلوغ المرام / حدیث: 200 کی شرح از الشیخ صفی الرحمن مبارکپوری ✍️
´مساجد میں خرید و فروخت کی ممانعت`
«. . . وعنه رضي الله عنه ان رسول الله صلى الله عليه وآله وسلم قال: إذا رايتم من يبيع او يبتاع في المسجد؛ فقولوا له: لا اربح الله تجارتك . . .»
". . . سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ ہی سے یہ روایت بھی مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ "جب تم کسی شخص کو مسجد میں خرید و فروخت کرتے دیکھو تو اسے کہو کہ اللہ تعالیٰ تمہارے کاروبار و تجارت میں نفع نہ دے . . ." [بلوغ المرام/كتاب الصلاة: 200]
� لغوی تشریح:
«يَبْتَاعُ» «يَشْتَرِي» کے معنی ہیں ہے یعنی خریدنا۔
«لَا أَرْبَحَ اللَّهُ تِجَارَتَكَ» یعنی اللہ تعالیٰ تیری اس تجارت کو نفع بخش نہ بنایے۔
فوائد و مسائل:
➊ اس حدیث سے مساجد میں خرید و فروخت کی ممانعت ثابت ہوتی ہے۔
➋ اس سے مقصود یہ ہے کہ مسجدیں تجارتی منڈیاں نہ بنا لی جایئں۔ مسجدیں تو صرف عبادت الٰہی کے لئے تعمیر کی جاتی ہیں، اگر ان میں بھی تجارت شروع ہو جائے تو یہ اپنا مقصد تعمیر کھو بیٹھیں گی۔
➌ مساجد کو صرف یاد الٰہی کے لئے مخصوص ہونا چاہئیے۔
درج بالا اقتباس بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری، حدیث/صفحہ نمبر: 200 سے ماخوذ ہے۔