ریاض الصالحین — حدیث نمبر 1682
باب: جاندار کی تصویر بنانے کی حرمت، خواہ وہ قالین، پتھر، کپڑے، درہم، تکیے، دینار، گدے یا کسی اور چیز پر ہو، اور دیوار، چھت، پردے، عمامے، کپڑے وغیرہ میں تصویریں رکھنے کی حرمت اور تصویر کو مٹا دینے کا حکم۔
باب تحريم تصوير الحيوان في بساط أو حجر أو ثوب أو درهم أو مخدة أو دينار أو وسادة وغير ذلك وتحريم اتخاذ الصور في حائط وسقف وستر وعمامة وثوب ونحوها والأمر بإتلاف الصورة
حدیث نمبر: 1682
وعن ابن مسعودٍ - رضي الله عنه - قال: سمعتُ رسولَ اللهِ - صلى الله عليه وسلم - يقولُ: «إنَّ أشَدَّ النَّاسِ عَذَابًا يَومَ القِيَامَةِ المُصَوِّرُونَ». متفق عليه.ترجمہ
سیدنا ابن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، انہوں نے کہا: میں نے رسول اللہ ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا: ”بے شک قیامت کے دن لوگوں میں سب سے سخت عذاب تصویر بنانے والوں کو ہوگا۔“
(متفق علیہ)
تشریح، فوائد و مسائل
موضوع سے متعلق حدیث: صحيح مسلم / حدیث: 2109 کی شرح از مولانا عبد العزیز علوی ✍️
مسلم بن صبیح بیان کرتے ہیں کہ میں مسروق کے ساتھ ایک ایسے گھر میں تھا، جس میں مریم کی تصویریں یا مورتیاں تھیں تو مسروق نے کہا، یہ کسریٰ کی تصاویر ہیں تو میں نے کہا، نہیں، یہ مریم کی تصاویر ہیں تو مسروق نے کہا، ہاں، میں نے عبداللہ بن مسعود ؓ کو یہ کہتے سنا ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "قیامت کے دن شدید ترین عذاب والے لوگ مصور ہوں گے۔" [صحيح مسلم، حديث نمبر:5539]
حدیث حاشیہ: فوائد ومسائل: مسلم بن صبیح، ابو الضحیٰ کا نام ہے، جو حضرت مسروق رحمہ اللہ کے شاگرد ہیں اور یہ گھر حضرت عمر رضی اللہ عنہ کے آزاد کردہ غلام یسار بھی نمیر کا تھا، جو انہوں نے کسی عیسائی سے خریدا ہو گا اور یہ نقش و نگار کی صورت میں کسی بچھونے پر ہوں گی، جو چھپر یا چبوترہ میں پڑا تھا، جس طرح آج کپڑے اور کاغذ پر کسی کا تصویری خاکہ بنایا جاتا ہے اور وہ تصویری خاکہ کو درست سمجھتے ہوں گے۔
درج بالا اقتباس تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 5539 سے ماخوذ ہے۔