ریاض الصالحین — حدیث نمبر 1671

باب: کاہنوں، نجومیوں، عرّافوں (غیب کی خبریں بتانے والوں)، رمل والوں اور کنکریوں اور جَو وغیرہ سے فال نکالنے والوں کے پاس جانے کی ممانعت

باب النَّهي عن إتيان الكُهّان والمنجِّمين والعُرَّاف وأصحاب الرمل والطوارق بالحصى وبالشعير ونحو ذلك

حدیث نمبر: 1671
وعن ابن عباس رضي الله عنهم، قال: قال رسولُ الله - صلى الله عليه وسلم: «مَنِ اقْتَبَسَ عِلْمًا مِنَ النُّجُوم، اقْتَبَسَ شُعْبَةً مِنَ السِّحْرِ زَادَ مَا زَادَ». رواه أبو داود بإسناد صحيح.
ترجمہ

سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے، انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”جس نے ستاروں کا کوئی علم سیکھا اس نے جادو کا ایک حصہ سیکھا، وہ (علم نجوم) جتنا زیادہ سیکھے گا اتنا ہی (جادو میں) بڑھتا جائے گا۔“
(اسے ابوداود نے صحیح سند کے ساتھ روایت کیا ہے)

وضاحت:
«النُّجُوم» : خطابی «معالم السنن» (4/212) میں فرماتے ہیں: "وہ علمِ نجوم جس سے منع کیا گیا ہے، وہ ہے جس کا نجومی دعویٰ کرتے ہیں، یعنی ان واقعات اور حوادث کا علم جو ابھی واقع نہیں ہوئے اور مستقبل میں واقع ہوں گے، جیسے ہواؤں کے چلنے، بارش کے آنے، گرمی اور سردی کے ظاہر ہونے اور قیمتوں کے بدلنے کے اوقات کی خبر دینا، اور اسی طرح کے دیگر امور، وہ گمان کرتے ہیں کہ وہ ستاروں کی ان کے مداروں میں گردش سے ان کی معرفت حاصل کر لیتے ہیں..." پھر فرمایا: "رہا وہ علمِ نجوم جو مشاہدے اور حس کے ذریعے حاصل ہوتا ہے، جس سے زوال (کا وقت) معلوم ہوتا ہے اور قبلہ کی سمت جانی جاتی ہے، تو وہ ممانعت میں داخل نہیں۔"
اسے احمد (1/227، 311)، عبد بن حمید (714) اور ابن ماجہ (3726) نے بھی روایت کیا ہے۔
حوالہ حدیث رياض الصالحين / كتاب الأمور المنهي عنها / حدیث: 1671
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: حسن (أبو داود 3905) , شیخ زبیر علی زئی: إسناده حسن, مشكوة المصابيح (4598), أخرجه ابن ماجه (3726 وسنده حسن)
تخریج حدیث أخرجه: أبو داود (3905).
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : سنن ابي داود: 3905 | سنن ابن ماجه: 3726
قال الخطابي في «معالم السنن» ٤/ ٢١٢: «علم النجوم المنهي عنه هو ما يدعيه أهل التنجيم من علم الكوائن والحوادث التي لم تقع وستقع في مستقبل الزمان كإخبارهم بأوقات هبوب الرياح ومجيء المطر وظهور الحر والبرد وتغير الأسعار وما كان في معانيها من الأمور يزعمون أنهم يدركون معرفتها بسير الكواكب في مجاريها ...، ثم قال: فأما علم النجوم الذي يدرك من طريق المشاهدة والحس الذي يعرف به الزوال ويعلم به جهة القبلة فإنه غير داخل فيما نهي عنه» .
وأخرجه: أحمد ١/ ٢٢٧ و٣١١، وعبد بن حميد (٧١٤)، وابن ماجه (٣٧٢٦).

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابي داود / حدیث: 3905 کی شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی ✍️
´علم نجوم کا بیان۔`
عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما کہتے ہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " جس نے علم نجوم کا کوئی حصہ اخذ کیا تو اس نے اتنا ہی جادو اخذ کیا، وہ جتنا اضافہ کرے گا اتنا ہی اضافہ ہو گا۔‏‏‏‏" [سنن ابي داود/كتاب الكهانة والتطير /حدیث: 3905]
فوائد ومسائل:
علمِ نجوم سے مُراد وہ علم ہے جس کے ذریعے سے غیب کی خبریں اور اوقات کے سعد، نحس یا اُمور کے مُفید یا غیر مُفید وغیرہ ہونے کی باتیں بتائی جاتی ہیں۔
علاوہ ازیں وہ لوگ ان کے موثر ہونے کا اعتقاد بھی رکھتے تھے۔
حالانکہ نہ ان سے مستقبل کے حالات معلوم ہو سکتے تھے اور نہ وہ موثر ہی ہوتے تھے۔
اس لیئے شریعت نے اس کہانت سے لوگوں کو روکا اور اس پر سخت وعید بیان فرمائی۔
تاہم اگر ستاروں کے ذریعے سے اوقات معلوم کئے جائیں یا راستے اور سمتیں متعین کی جائیں تو یہ بالا تفاق جائز ہے۔
حدیث کے آخری جملے میں تہدید اور انذار(ڈرانے) کا معنی ہے۔
درج بالا اقتباس سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی، حدیث/صفحہ نمبر: 3905 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابن ماجه / حدیث: 3726 کی شرح از مولانا عطا اللہ ساجد ✍️
´علم نجوم سیکھنے کے حکم کا بیان۔`
عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " جس نے علم نجوم میں سے کچھ حاصل کیا، اس نے سحر (جادو) کا ایک حصہ حاصل کر لیا، اب جتنا زیادہ حاصل کرے گا گویا اتنا ہی زیادہ جادو حاصل کیا۔‏‏‏‏" [سنن ابن ماجه/كتاب الأدب/حدیث: 3726]
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
(1)
علم نجوم سے مراد ستاروں کا ایسا علم ہے جس سے لوگ اپنے خیال میں قسمت کا حال معلوم کرتے ہیں یہ ممنوع ہے۔

(2)
بعض لوگ یہ تصور رکھتے ہیں کہ بارہ برجوں میں سے فلاں برج کے ایام میں پیدا ہونے والا بچہ فلاں فلاں خصوصیات کا حامل ہوتا، اور فلاں برج والا فلاں فلاں خوبیوں سے متصف ہوتا ہے۔
یہ بھی جاہلی تہمات ہیں جن کو بعض لوگ ’’علم‘‘ کا نام دیتے ہیں۔

(3)
ہاتھ کی لکیروں سے قسمت کا حال بتانے والے بھی ہاتھ کے مختلف حصوں کو مختلف ستاروں کی طرف منسوب کرتے اور اس بنیاد پر پیشگوئیاں کرتے ہیں۔
یہ بھی غلط ہے۔
ان سب سے اجتناب کرنا چاہیے۔

(4)
ستاروں کے طلوع وغروب سے وقت کا اندارہ لگانا یا چاند کی رفتار سے مہینے کے انتیس یا تیس دن کے ہونے کا اندازہ کرنا اور سفر کے دوران میں ستاروں سے سمت کا تعین کرنا ممنوع علم نجوم میں شامل نہیں۔

(6)
ستاروں کے قسمت پر اثر انداز ہونے کے تصور کو ’’جادو‘‘ قرار دیا گیا ہے، یعنی یہ بھی جادو کی طرح حرام ہے اور ایسا عقیدہ رکھنا کفر ہے۔
درج بالا اقتباس سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 3726 سے ماخوذ ہے۔