ریاض الصالحین — حدیث نمبر 1642
باب: بال جوڑنے، گودنے اور وَشر یعنی دانتوں کو (ریت کر) باریک کرنے کی حرمت
باب تحريم وصل الشعر والوشم والوشر وهو تحديد الأسنان
قال تعالى: ﴿إِنْ يَدْعُونَ مِنْ دُونِهِ إِلا إِنَاثًا وَإِنْ يَدْعُونَ إِلا شَيْطَانًا مَرِيدًا لَعَنَهُ اللهُ وَقَالَ لأَتَّخِذَنَّ مِنْ عِبَادِكَ نَصِيبًا مَفْرُوضًا وَلأُضِلَّنَّهُمْ وَلأُمَنِّيَنَّهُمْ وَلآمُرَنَّهُمْ فَلَيُبَتِّكُنَّ آذَانَ الأَنْعَامِ وَلآمُرَنَّهُمْ فَلَيُغَيِّرُنَّ خَلْقَ اللهِ﴾ [النساء: ١١٧ - ١١٩].اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ”یہ لوگ اللہ کو چھوڑ کر صرف عورتوں (یعنی دیویوں) کو پکارتے ہیں، اور صرف سرکش شیطان کو پکارتے ہیں، جس پر اللہ نے لعنت کی ہے، اور اس نے کہا تھا: میں تیرے بندوں میں سے ایک مقرر حصہ ضرور لے کر رہوں گا، اور میں انہیں ضرور گمراہ کروں گا، اور انہیں ضرور (جھوٹی) آرزوئیں دلاؤں گا، اور انہیں ضرور حکم دوں گا تو وہ جانوروں کے کان چیریں گے، اور انہیں ضرور حکم دوں گا تو وہ اللہ کی تخلیق کو بدل ڈالیں گے۔“ (سورۃ النساء: 117-119)
وعن أسماءَ رضي الله عنها: أنَّ امْرَأَةً سَأَلَتِ النَّبيَّ - صلى الله عليه وسلم - فَقَالَتْ: يا رسولَ اللهِ إنَّ ابْنَتِي أصَابَتْهَا الحَصْبَةُ، فَتَمَرَّقَ شَعْرُهَا، وإنّي زَوَّجْتُهَا، أفَأَصِلُ فِيهِ؟ فقالَ: «لَعَنَ اللهُ الوَاصِلَةَ وَالمَوْصُولَةَ». متفق عليه.
وفي روايةٍ: «الوَاصِلَةَ، والمُسْتوْصِلَةَ».
قَوْلُهَا: «فَتَمَرَّقَ» هو بالراءِ ومعناهُ: انْتَثَرَ وَسَقَطَ. «وَالوَاصِلَةُ»: التي تَصِلُ شَعْرَهَا، أو شَعْرَ غَيْرِهَا بِشَعْرٍ آخَرَ. «وَالمَوْصُولَةُ»: التي يُوصَلُ شَعْرُهَا.
«والمُسْتَوْصِلَةُ»: التي تَسْألُ مَنْ يَفْعَلُ لها ذلك.
وعن عائشة رضي الله عنها نَحوهُ. متفق عليه.سیدہ اسماء رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ ایک عورت نے نبی کریم ﷺ سے سوال کیا اور کہا: اے اللہ کے رسول! میری بیٹی کو خسرہ ہو گیا جس سے اس کے بال جھڑ گئے، اور میں نے اس کی شادی کر دی ہے، تو کیا میں اس (کے بالوں) میں (دوسرے بال) جوڑ دوں؟ آپ ﷺ نے فرمایا: ”اللہ تعالیٰ نے بال جوڑنے والی اور جس کے بال جوڑے جائیں (دونوں) پر لعنت کی ہے۔“
(متفق علیہ)
اور ایک روایت میں ہے: ”بال جوڑنے والی اور بال جڑوانے والی (پر لعنت کی ہے)۔“
ان (خاتون) کا قول «فَتَمَرَّقَ»: یہ راء کے ساتھ ہے، اور اس کا معنی ہے: بکھر گئے اور گر گئے۔
«وَالوَاصِلَةُ»: وہ عورت جو اپنے یا کسی دوسری کے بالوں کے ساتھ دوسرے بال جوڑے۔
«وَالمَوْصُولَةُ»: وہ عورت جس کے بال جوڑے جائیں۔
«والمُسْتَوْصِلَةُ»: وہ عورت جو کسی (دوسری) سے مطالبہ کرے کہ اس کے لیے یہ کام کرے۔
اور سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے بھی اسی طرح مروی ہے۔ (متفق علیہ)
سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کی روایت کو بخاری (7/212، حدیث: 5934) اور مسلم (6/166، حدیث: 2123/117، 118) نے روایت کیا ہے۔
وأخرجه: البخاري ٧/ ٢١٢ (٥٩٣٤)، ومسلم ٦/ ١٦٦ (٢١٢٣) (١١٧) و(١١٨) عن عائشة.
تشریح، فوائد و مسائل
(1)
امام ابوداود رحمہ اللہ نے کہا ہے کہ واصلہ سے مراد وہ عورت ہے جو دوسری عورتوں کے بالوں کے ساتھ مصنوعی بال لگائے اور مستوصلہ وہ عورت ہے جس کے بالوں کے ساتھ مصنوعی بال لگائے جائیں۔
(سنن أبي داود، الترجل، حدیث: 4170) (2)
اگر کسی عورت کے بال بیماری کی وجہ سے جھڑ گئے ہوں تو اسے بھی پیوندکاری کرنے کی اجازت نہیں، خواہ اس کا خاوند اس پرزور تقاضا ہی کیوں نہ کرے۔
حضرت سعید بن جبیر فرماتے ہیں کہ دھاگوں سے بنی ہوئی موباف، یعنی پراندی استعمال کرنے میں کوئی حرج نہیں۔
(سنن أبي داود، الترجل، حدیث: 4171)
مقام افسوس ہے کہ آج کل مصنوعی داڑھیاں بھی بازار سے دستیاب ہیں اور داڑھی منڈوانے والے خطیب حضرات بوقت ’’ضرورت‘‘ انہیں استعمال کرتے ہیں جیسا کہ مصر اور ترکی کی بعض مساجد میں ایسا ہوتا ہے۔
العیاذ باللہ
اسماء بنت ابی بکر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے بال جوڑنے والی اور بال جوڑوانے والی عورت پر لعنت فرمائی ہے۔ [سنن نسائي/كتاب الزينة من السنن/حدیث: 5097]
(2) "لعنت فرمائی" کسی کا نام لے کراس پر لعنت کرنا جائز نہیں مگر کسی وصف کا ذکر کرکے لعنت کی جاسکتی ہے، جیسے چور پر لعنت۔ تفصیل پیچھے گزر چکی ہے۔
اسماء رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ ایک عورت نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آ کر کہا: اللہ کے رسول! میری ایک بیٹی نئی نویلی دلہن ہے، اسے ایک بیماری ہو گئی ہے کہ اس کے بال جھڑ رہے ہیں اگر میں اس کے بال جوڑوا دوں تو کیا مجھ پر گناہ ہو گا؟ آپ نے فرمایا: " بال جوڑنے اور جوڑوانے والی عورتوں پر اللہ تعالیٰ نے لعنت کی ہے۔" [سنن نسائي/كتاب الزاينة (من المجتبى)/حدیث: 5252]
اسماء رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ ایک عورت نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آئی اور کہنے لگی: میری بیٹی دلہن ہے، اور اسے چیچک کا عارضہ ہوا جس سے اس کے بال جھڑ گئے، کیا میں اس کے بال میں جوڑ لگا دوں؟ تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " اللہ تعالیٰ نے بالوں کو جوڑنے والی اور جوڑوانے والی عورتوں پر لعنت فرمائی ہے۔" [سنن ابن ماجه/كتاب النكاح/حدیث: 1988]
فوائد و مسائل:
(1)
’’میری بیٹی دلھن ہے۔‘‘
اس کایہ مطلب بھی ہو سکتا ہے کہ وہ دلہن بننے والی ہے اور عنقریب اس کی شادی ہونے والی ہے۔
اور یہ مطلب بھی ہو سکتاہےکہ ابھی ابھی شادی ہوئی ہے اور خطرہ ہے کہ خاوند کا دل اس سے بیزار ہو جائے۔
(2)
رسول اللہ ﷺنے اسےاس عذر کے باوجود بال ملانے کی اجازت نہ دی، حالانکہ خاوند کو خوش کرنے کے لیے زیب و زینت شرعاً مطلوب ہے۔
اس سے معلوم ہوتا ہے کہ ممانعت کراہت کی نہیں بلکہ یہ عمل حرام ہے۔
لعنت سے بھی حرمت ثابت ہوتی ہے کیونکہ صرف مکروہ کام پرلعنت نہیں کی جاتی۔
اس حدیث میں وگ (بناوٹی بال) لگوانے سے منع کیا گیا ہے۔ بعض لوگ اس شخص یا اس عورت کے لیے گنجائش نکالتے ہیں جس کا مکمل سر گنجا ہو جائے، اور دلیل ازالہ عیب بتاتے ہیں۔ ہمارے نزدیک راجح بات یہی ہے کہ اگر کسی کے سر کے مکمل بال ختم ہو جائیں تو وہ ازالہ عیب کے لیے مندرجہ ذیل وجوہات کی بنا پر وگ نہیں لگا سکتا: ① احادیث میں با صراحت بالوں کے ساتھ بال جوڑ نے (یعنی وگ) سے منع کیا گیا ہے۔
② قطعی نص کی موجودگی میں قیاس سے مسئلہ اخذ کر نامحل نظر ہے۔ جب نص موجود ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس عورت کو مصنوعی بال (وگ) لگانے سے منع کر دیا تھا، حالانکہ اس کے سر کے تمام بال گر گئے تھے، اب اس کی موجودگی میں اس حدیث پر قیاس کرنا جس میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک صحابی کو سونے کی ناک لگانے کی اجازت دی تھی، جب اس کی ناک جنگ میں کٹ گئی تھی محل نظر ہے۔ ہم کہتے ہیں کہ اگر آدمی کی ناک کٹ جائے تو نئی بناوٹی ناک لگوانا جائز ہے، کیونکہ اس کا جواز مل رہا ہے، اور اس سے منع نہیں کیا گیا، لیکن مصنوعی بال (وگ) لگوانے کی ممانعت موجود ہے۔ اب وہ دلیل مطلوب ہے جس میں مصنوعی بال لگوانے کی اجازت ہو۔
③ فیشن کی شرط لگانا بھی محل نظر ہے، کیونکہ اس کے لیے بھی نص صریح چاہیے۔ اگر کوئی کہے کہ وگ فیشن کی وجہ سے لگانا حرام ہے اور فیشن کی غرض سے نہ ہو تو وگ کا استعمال درست ہے، یہ فرق درست نہیں ہے، کیا یہ فرق قرآن و حدیث میں ہے؟ «اڈ ليس فليس»
④ جب گنجے پن کوختم کرنے کا علاج (پیوند کاری) موجود ہے جس کا جواز بھی معلوم ہوتا ہے تو اس علاج کی موجودگی میں حرام اور ممنوع فعل (وگ لگانا) کو مباح قرار دینا درست نہیں ہے۔ (بالوں کا معاملہ از راقم الحروف بص: 45۔ 51)