ریاض الصالحین — حدیث نمبر 1598

باب: تیسرے کی اجازت کے بغیر اسے چھوڑ کر دو آدمیوں کے سرگوشی کرنے کی ممانعت، سوائے ضرورت کے، اور (سرگوشی) یہ ہے کہ دونوں اس طرح چپکے سے بات کریں کہ وہ ان کی بات نہ سن سکے، اور اسی کے حکم میں یہ بھی ہے کہ دونوں ایسی زبان میں بات کریں جسے وہ نہ سمجھتا ہو

باب النهي عن تناجي اثنين دون الثالث بغير إذنه إِلاَّ لحاجةٍ وَهُوَ أن يتحدثا سرًا بحيث لا يسمعهما وفي معناه مَا إِذَا تحدثا بلسان لا يفهمه

باب کی ابتدا میں امام نووی رحمہ اللہ نے یہ آیات / کلام ذکر کیا ہے:
قَالَ الله تَعَالَى: ﴿إنَّمَا النَّجْوَى مِنَ الشَّيْطَانِ﴾ [المجادلة: ١٠]

اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ”سرگوشی تو صرف شیطان کی طرف سے ہے۔“ (سورۃ المجادلہ: 10)

حدیث نمبر: 1598
وعن ابن عمر رضي الله عنهم: أنَّ رسولَ اللهِ - صلى الله عليه وسلم - قَالَ: «إِذَا كانُوا ثَلاثَةً، فَلاَ يَتَنَاجَى اثْنَانِ دُونَ الثَّالِثِ». متفق عَلَيْهِ.
ورواه أَبُو داود وزاد: قَالَ أَبُو صالح: قُلْتُ لابنِ عُمرَ: فَأرْبَعَةً؟ قَالَ: لا يَضُرُّكَ.
ورواه مالك في "الموطأ": عن عبد الله بن دينارٍ، قَالَ: كُنْتُ أنَا وابْنُ عُمَرَ عِنْدَ دَارِ خَالِدِ بنُ عُقْبَةَ الَّتي في السُّوقِ، فَجَاءَ رَجُلٌ يُريدُ أَنْ يُنَاجِيَهُ، وَلَيْسَ مَعَ ابْنِ عُمَرَ أَحَدٌ غَيْرِي، فَدَعَا ابْنُ عُمَرَ رَجُلًا آخَرَ حَتَّى كُنَّا أَرْبَعَةً، فَقَالَ لِي وَللرَّجُلِ الثَّالِثِ الَّذِي دَعَا: اسْتَأْخِرَا شَيْئًا، فَإنِّي سَمِعْتُ رسولَ الله - صلى الله عليه وسلم - يقُولُ: «لا يَتَنَاجَى اثْنَانِ دُونَ وَاحِدٍ».
ترجمہ

سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”جب تین آدمی ہوں تو تیسرے کو چھوڑ کر دو آدمی سرگوشی نہ کریں۔“
(متفق علیہ)
اور اسے ابوداود نے روایت کیا ہے اور یہ اضافہ کیا ہے: ابوصالح کہتے ہیں: میں نے ابن عمر رضی اللہ عنہما سے کہا: اور اگر چار ہوں؟ انہوں نے فرمایا: (پھر) تمہیں کوئی نقصان نہیں۔
اور امام مالک نے اسے ”الموطأ“ میں عبداللہ بن دینار سے روایت کیا ہے، انہوں نے کہا: میں اور ابن عمر رضی اللہ عنہما خالد بن عقبہ کے اس گھر کے پاس تھے جو بازار میں ہے، تو ایک آدمی آیا جو ان سے سرگوشی کرنا چاہتا تھا، اور ابن عمر کے ساتھ میرے سوا کوئی نہیں تھا، تو ابن عمر نے ایک اور آدمی کو بلا لیا یہاں تک کہ ہم چار ہو گئے، پھر انہوں نے مجھ سے اور اس تیسرے آدمی سے جسے انہوں نے بلایا تھا فرمایا: تم دونوں ذرا پیچھے ہٹ جاؤ، کیونکہ میں نے رسول اللہ ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا ہے: ”ایک کو چھوڑ کر دو آدمی سرگوشی نہ کریں۔“

وضاحت:
«فَلاَ يَتَنَاجَى» : یعنی اسے الگ چھوڑ کر آپس میں راز کی بات نہ کریں۔ (النہایہ 5/25)
(سنن ابی داود، حدیث 4852 کے بعد)
«الموطأ» : (حدیث 2826، بروایت یحییٰ لیثی)
حوالہ حدیث رياض الصالحين / كتاب الأمور المنهي عنها / حدیث: 1598
درجۂ حدیث محدثین: صحيح (متفق عليه)
تخریج حدیث أخرجه: البخاري 8/ 80 (6288)، ومسلم 7/ 12 (2183) (36).
أي: لا يتسارران منفردين عنه. النهاية ٥/ ٢٥.
سنن أبي داود عقب (٤٨٥٢).
٢٨٢٦) برواية الليثي.

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 6288 کی شرح از مولانا داود راز ✍️
6288. حضرت عبداللہ بن عمر ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: "جب تین شخص ہوں تو تیسرے سے علیحدہ ہو کر دو آدمی آپس میں سرگوشی نہ کریں۔"[صحيح بخاري، حديث نمبر:6288]
حدیث حاشیہ: دوسری روایت کسی کی صحبت میں بیٹھے تو وہ امانت کی باتیں اپنے دل میں رکھے اور افشاء نہ کرے کہ ان سے اس بھائی کو دکھ ہو۔
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 6288 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 6288 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
6288. حضرت عبداللہ بن عمر ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: "جب تین شخص ہوں تو تیسرے سے علیحدہ ہو کر دو آدمی آپس میں سرگوشی نہ کریں۔"[صحيح بخاري، حديث نمبر:6288]
حدیث حاشیہ:
ایک روایت کے الفاظ یہ ہیں: ’’یہ سرگوشی تیسرے کو غمناک کرتی ہے۔
‘‘ (صحیح البخاري، الاستئذان، حدیث: 6290)
اس کا مطلب یہ ہے کہ اگر تین شخص ہوں، ان میں سے دو علیحدہ جا کر خفیہ بات کریں تو تیسرے کو یہ فکر لاحق ہوگا کہ وہ اس کے خلاف کوئی سازش ترتیب دے رہے ہیں، اس لیے وہ خواہ مخواہ پریشان اور غمناک ہوگا اور اگر زیادہ لوگ ہوں تو کوئی حرج نہیں جیسا کہ آئندہ اس کی وضاحت ہوگی۔
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 6288 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح مسلم / حدیث: 2183 کی شرح از مولانا عبد العزیز علوی ✍️
حضرت ابن عمر رضی اللہ تعالی عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’جب تین آدمی بیٹھے ہوں تو ایک کو چھوڑ کر دو باہمی سرگوشی نہ کریں۔‘‘ [صحيح مسلم، حديث نمبر:5694]
حدیث حاشیہ: فوائد ومسائل: حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی امت کو تمام ایسے کاموں سے منع فرمایا ہے، جو باہمی بدگمانی اور بدظنی کا باعث بنتے ہوں، یا ان سے باہمی حسد و بغض اور نفرت پیدا ہوتی ہے اس لیے ایک دوسرے کے جذبات و احساسات کو ٹھیس پہنچانے سے روک دیا ہے، اگر ایک آدمی کو چھوڑ کر دو یا چند آدمی باہمی کانا پھوسی کریں تو یہ چیز اس کے لیے رنج اور تکلیف کا باعث بن سکتی ہے کہ انہیں مجھ پر اعتماد نہیں ہے، یا یہ میرے خلاف کوئی سازش کرنا چاہتے ہیں، یا میرے خلاف گفتگو کر رہے ہیں، ہاں اگر دو آدمی بیٹھ کر گفتگو کر رہے ہوں اور تیسرا ان سے دور بیٹھا ہو تو پھر اس کے لیے یہ جائز نہیں ہے کہ وہ ان کے قریب آ کر ان کی گفتگو سننے کی کوشش کرے اور بلاوجہ یہ تجسس کرے کہ یہ کیا باتیں کر رہے ہیں، اگر وہ خود ان کو شریک کر لیں یا وہ خود ان سے علیحدہ ہو جائے تو پھر کوئی حرج نہیں ہے۔
درج بالا اقتباس تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 5694 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابن ماجه / حدیث: 3776 کی شرح از مولانا عطا اللہ ساجد ✍️
´اگر تین آدمی ہوں تو ان میں سے دو آدمی کانا پھوسی نہ کریں۔`
عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس بات سے منع فرمایا کہ اگر تین آدمی موجود ہوں تو تیسرے کو اکیلا چھوڑ کر دو آدمی باہم سرگوشی کریں۔ [سنن ابن ماجه/كتاب الأدب/حدیث: 3776]
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
(1)
  مسلمان کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے والی ہر حرکت سے اجتناب کرنا چاہیے۔

(2)
جب تین آدمیوں میں سے دو الگ ہو کر بات کریں گے تو تیسرا محسوس کرے گا کہ انہوں نے مجھے اس لائق نہیں سمجھا کہ بات چیت میں شریک کریں، علاوہ ازیں شیطان کے وسوسے سے یہ خیال بھی آسکتا ہے کہ شاید یہ دونوں میرے خلاف کوئی مشورہ کر رہے ہیں۔

(3)
ایسے عمل سے پر ہیز کرنا چا ہیے جس کے نتیجے میں بدگمانی پیدا ہونے کا اندیشہ ہو۔

(4)
جب تین آدمی ہوں تو دو آدمیوں کو آپس میں ایسی زبان میں گفتگو نہیں کرنی چاہیے جسے تیسرا سمجھ نہ سکے۔

(5)
اگر مجلس میں زیادہ افراد موجود ہوں تو دو آدمی الگ ہو کر بات چیت کر سکتے ہیں۔
درج بالا اقتباس سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 3776 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: موطا امام مالك رواية ابن القاسم / حدیث: 465 کی شرح از حافظ زبیر علی زئی ✍️
´تین آدمیوں کی موجودگی میں سرگوشی ممنوع ہے`
«. . . 258- وبه من رواية عيسى: أن رسول الله صلى الله عليه وسلم قال: "إذا كان ثلاثة فلا يتناجى اثنان دون واحد . . .»
". . . سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "جب تین آدمی ہوں تو تیسرے کو چھوڑ کر، دو آدمی آپس میں سرگوشی نہ کریں . . ." [موطا امام مالك رواية ابن القاسم: 465]
[وأخرجه البخاري 6288، ومسلم 2183، من حديث مالك به]
تفقه:
➊ دو آدمیوں کا آپس میں دوسروں سے خفیہ راز دارانہ باتیں کرنا تناجی اور نجویٰ کہلاتا ہے۔
➋ اگر مجلس میں کل تین آدمی ہوں تو دو آدمیوں کا بلا اجازت ایسی زبان میں باتیں کرنا ممنوع ہے جسے تیسرا آدمی نہیں سمجھتا۔
➌ دینِ اسلام کا تقاضا ہے کہ مسلمانوں میں ہمیشہ اتفاق و اتحاد رہے اور آپس میں کسی قسم کی غلط فہمی یا سوئے ظن نہ ہو۔
➍ ایک مسلمان کو دوسرے مسلمان کی عزت نفس کا ہمیشہ خیال رکھنا چاہئے۔
درج بالا اقتباس موطا امام مالک روایۃ ابن القاسم شرح از زبیر علی زئی، حدیث/صفحہ نمبر: 258 سے ماخوذ ہے۔