ریاض الصالحین — حدیث نمبر 1528

باب: غیبت سننے کی حرمت، اور حرام غیبت سننے والے کو حکم کہ وہ اسے رد کرے اور کہنے والے پر نکیر کرے، اگر وہ اس سے عاجز ہو یا اس کی بات قبول نہ کی جائے تو اگر ممکن ہو تو اس مجلس کو چھوڑ دے

باب تحريم سماع الغيبة وأمر من سمع غيبةً مُحرَّمةً بِرَدِّها والإنكارِ عَلَى قائلها فإنْ عجز أَوْ لَمْ يقبل منه فارق ذلك المجلس إن أمكنه

باب کی ابتدا میں امام نووی رحمہ اللہ نے یہ آیات / کلام ذکر کیا ہے:
قَالَ الله تَعَالَى: ﴿وَإِذَا سَمِعُوا اللَّغْوَ أَعْرَضُوا عَنْهُ﴾ [القصص: ٥٥]، وقال تَعَالَى: ﴿والَّذينَ هُمْ عَنِ اللَّغْوِ مُعْرِضُونَ﴾ [المؤمنون: ٣]، وقال تَعَالَى: ﴿إِنَّ السَّمْعَ وَالْبَصَرَ وَالْفُؤَادَ كُلُّ أُولَئِكَ كَانَ عَنْهُ مَسْؤُولًا﴾ [الإسراء: ٣٦]، وقال تَعَالَى: ﴿وَإِذَا رَأَيْتَ الَّذِينَ يَخُوضُونَ في آيَاتِنا فَأعْرِضْ عَنْهُمْ حَتَّى يَخُوضُوا في حَدِيثٍ غَيْرِهِ وإمَّا يُنْسِيَنَّكَ الشَّيْطانُ فَلاَ تَقْعُدْ بَعْدَ الذِّكْرَى مَعَ القَومِ الظَّالِمِينَ﴾ [الأنعام: ٦٨].

اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ”اور جب وہ کوئی لغو بات سنتے ہیں تو اس سے منہ پھیر لیتے ہیں۔“ (سورۃ القصص: 55)
اور فرمایا: ”اور وہ جو لغو باتوں سے منہ موڑنے والے ہیں۔“ (سورۃ المؤمنون: 3)
اور فرمایا: ”بے شک کان، آنکھ اور دل، ان سب کے بارے میں باز پرس ہوگی۔“ (سورۃ الاسراء: 36)
اور فرمایا: ”اور جب تم ان لوگوں کو دیکھو جو ہماری آیات میں (طعن کی) بحث کرتے ہیں تو ان سے کنارہ کش ہو جاؤ یہاں تک کہ وہ کسی اور بات میں لگ جائیں، اور اگر شیطان تمہیں بھلا دے تو یاد آنے کے بعد ظالم لوگوں کے ساتھ نہ بیٹھو۔“ (سورۃ الانعام: 68)

حدیث نمبر: 1528
وعن أَبي الدرداء - رضي الله عنه - عن النبيِّ - صلى الله عليه وسلم - قَالَ: «مَنْ رَدَّ عَنْ عِرْضِ أخيهِ، رَدَّ اللهُ عَنْ وَجْهِهِ النَّارَ يَومَ القيَامَةِ». رواه الترمذي، وقال: «حديث حسن».
ترجمہ

سیدنا ابودرداء رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا: ”جس نے اپنے بھائی کی عزت (پر حملے) کا دفاع کیا، اللہ قیامت کے دن اس کے چہرے سے آگ کو دور کر دے گا۔“
(اسے ترمذی نے روایت کیا ہے اور کہا ہے: یہ حدیث حسن ہے)

حوالہ حدیث رياض الصالحين / كتاب الأمور المنهي عنها / حدیث: 1528
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: صحيح غاية المرام (431) (الترمذي 1931)
تخریج حدیث أخرجه: الترمذي (1931).
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : سنن ترمذي: 1931

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ترمذي / حدیث: 1931 کی شرح از ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی ✍️
´مسلمان کی عزت بچانے کا بیان۔`
ابو الدرداء رضی الله عنہ سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " جو شخص اپنے بھائی کی عزت (اس کی غیر موجودگی میں) بچائے اللہ تعالیٰ قیامت کے دن اس کے چہرے کو جہنم سے بچائے گا " ۱؎۔ [سنن ترمذي/كتاب البر والصلة/حدیث: 1931]
اردو حاشہ:
وضاحت:
1؎:
بعض احادیث میں (عن عرض أخيه) کے بعد (بالغيب) کا اضافہ ہے، مفہوم یہ ہے کہ جو اپنے مسلمان بھائی کی غیر موجود گی میں ا س کا دفاع کرے اور اس کی عزت و آبرو کی حفاظت کرے اس کی بڑی فضیلت ہے، اور اس کا بڑا مقام ہے، اس سے بڑی فضیلت اور کیا ہوسکتی ہے کہ رب العالمین اسے جہنم کی آگ سے قیامت کے دن محفوظ رکھے گا۔
درج بالا اقتباس سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 1931 سے ماخوذ ہے۔