ریاض الصالحین — حدیث نمبر 1504

باب: اولیاء کی کرامات اور ان کی فضیلت

باب كرامات الأولياء وفضلهم

حدیث نمبر: 1504
وعن أَبي هريرة - رضي الله عنه - قَالَ: قَالَ رسول الله - صلى الله عليه وسلم: «لَقَدْ كَانَ فيما قَبْلَكُمْ مِنَ الأُمَمِ نَاسٌ مُحَدَّثُونَ، فَإنْ يَكُ في أُمَّتِي أحدٌ فإنَّهُ عُمَرُ». رواه البخاري.
ورواه مسلم من رواية عائشة.
وفي روايتهما قَالَ ابن وهب: «محَدَّثُونَ» أيْ مُلْهَمُونَ.
ترجمہ

سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”تم سے پہلے کی امتوں میں کچھ لوگ مُحدَّث (الہام والے) ہوا کرتے تھے، پس اگر میری امت میں کوئی ایسا ہے تو وہ عمر ہیں۔“
(اسے بخاری نے روایت کیا ہے)
(اور مسلم نے اسے سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کی روایت سے بیان کیا ہے)
اور ان دونوں کی روایت میں ہے کہ ابن وہب نے کہا: «مُحَدَّثُونَ» یعنی وہ لوگ جن کے دل میں (حق بات) الہام کی جاتی ہے۔

حوالہ حدیث رياض الصالحين / كتاب الدعوات / حدیث: 1504
درجۂ حدیث محدثین: صحيح (متفق عليه)
تخریج حدیث أخرجه: البخاري 4/ 211 (3469). وأخرجه: مسلم 7/ 115 (2398) (23).
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح البخاري: 3469 | صحيح البخاري: 3689 | صحيح مسلم: 2398 | سنن ترمذي: 3693

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 3689 کی شرح از مولانا داود راز ✍️
3689. حضرت ابو ہریرہ ؓ سے روایت ہے، انھوں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ’’تم سے پہلی امتوں میں محدث ہوا کرتے تھے۔ اگر میری امت میں کوئی ایسا شخص ہے تو وہ عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ ہیں۔ ‘‘ حضرت ابو ہریرہ ؓ کی بیان کردہ ایک دوسری روایت میں ہے کہ نبی ﷺ نے فرمایا: ’’تم سے پہلے بنی اسرائیل میں کچھ ایسے لوگ ہوتے تھے جنھیں الہام ہوا کرتا تھا، حالانکہ وہ نبی نہیں ہوتے تھے، لہٰذا اگر میری امت میں کوئی اس قابل ہے تو وہ عمر ؓہیں۔‘‘ حضرت ابن عباس ؓ نے اس طرح کہا ہے: ’’کوئی نبی یا محدث۔‘‘[صحيح بخاري، حديث نمبر:3689]
حدیث حاشیہ: محدث وہ جس پر خدا کی طرف سے الہام ہو اور حق اس کی زبان پر جاری ہوجائے یا فرشتے اس سے بات کریں یا وہ جس کی رائے بالکل صحیح ثابت ہو، محدث وہ بھی ہوسکتا ہے جو صاحب کشف ہو جیسے حضرت عیسیٰ ؑ کی امت میں حضرت یوحنا حواری گزرے ہیں جن کے مکاشفات مشہور ہیں، یقینا حضرت عمر ؓ بھی ایسے ہی لوگوں میں سے ہیں۔
روایت کے آخر میں مذکور ہے کہ حضرت عبداللہ بن عباس ؓ سورہ حج کی آیت ہذا کو یوں پڑتھے تھے: ﴿وَمَا أَرْسَلْنَا مِن قَبْلِكَ مِن رَّسُولٍ وَلَا نَبِيٍّ۔
۔
۔
۔
۔
۔
۔
﴾
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 3689 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 3689 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
3689. حضرت ابو ہریرہ ؓ سے روایت ہے، انھوں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ’’تم سے پہلی امتوں میں محدث ہوا کرتے تھے۔ اگر میری امت میں کوئی ایسا شخص ہے تو وہ عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ ہیں۔ ‘‘ حضرت ابو ہریرہ ؓ کی بیان کردہ ایک دوسری روایت میں ہے کہ نبی ﷺ نے فرمایا: ’’تم سے پہلے بنی اسرائیل میں کچھ ایسے لوگ ہوتے تھے جنھیں الہام ہوا کرتا تھا، حالانکہ وہ نبی نہیں ہوتے تھے، لہٰذا اگر میری امت میں کوئی اس قابل ہے تو وہ عمر ؓہیں۔‘‘ حضرت ابن عباس ؓ نے اس طرح کہا ہے: ’’کوئی نبی یا محدث۔‘‘[صحيح بخاري، حديث نمبر:3689]
حدیث حاشیہ:
1۔
محدث وہ ہوتا ہے جس پر اللہ کی طرف سے الہام ہوا اور حق اس کی زبان پر جاری ہوجائے یا جس سے فرشتے ہم کلام ہوں یا وہ جس کی رائے بالکل صحیح ثابت ہو۔
حضرت عمر ؓ بھی ایسے ہی لوگوں میں سے ہیں۔
ان کی تخصیص اس وجہ سے ہے کہ ان کے موافقات بہت ہیں جو قرآن مجید کے عین مطابق ہیں اور رسول اللہ ﷺ کی و فات کے بعد بھی ان کی درست باتوں کی کمی نہیں ہے۔
اس امر کی وضاحت ایک حدیث سے بھی ہوتی ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ’’اللہ تعالیٰ نے عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی زبان پر حق رکھ دیاہے۔
‘‘ (سنن أبي داود، الخراج، حدیث: 2982)
2۔
حدیث کے آخر میں حضر ت ابن عباس ؓ کی ایک قراءت نقل ہوئی ہے۔
پوری آیت اس طرح ہے: ﴿وَمَا أَرْسَلْنَا مِن قَبْلِكَ مِن رَّسُولٍ وَلَا نَبِيٍّ۔
۔
۔
۔
۔
۔
۔
﴾
’’ہم نے آپ سے پہلے جو بھی رسول یا نبی بھیجا۔
۔
۔
‘‘ (الحج: 52: 22)
وہ اس آیت میں نبی کے بعد محدث کا لفظ بھی پڑھتے تھے۔
واللہ أعلم۔
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 3689 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 3469 کی شرح از مولانا داود راز ✍️
3469. حضرت ابو ہریرہ ؓ سے روایت ہے، وہ نبی ﷺ سے بیان کرتے ہیں کہ آپ نے فرمایا: ’’تم سے پہلی امتوں میں محدث ہوا کرتے تھے۔ اگر میری امت میں کوئی ایسا ہے تو وہ یقیناً عمر بن خطاب ہیں۔‘‘[صحيح بخاري، حديث نمبر:3469]
حدیث حاشیہ: لفظ محدث دال کےفتحہ کے ساتھ ہے۔
اللہ کی طرف سےاس کے ولی کے د ل میں ایک بات ڈال دی جاتی ہے۔
حضر ت عمر کو یہ درجہ کامل طورپرحاصل تھا۔
کئی باتوں میں ان ہی کی رائے کی مطابق وحی نازل ہوئی۔
اس لیے آپ کومحدث کہا گیا۔
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 3469 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 3469 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
3469. حضرت ابو ہریرہ ؓ سے روایت ہے، وہ نبی ﷺ سے بیان کرتے ہیں کہ آپ نے فرمایا: ’’تم سے پہلی امتوں میں محدث ہوا کرتے تھے۔ اگر میری امت میں کوئی ایسا ہے تو وہ یقیناً عمر بن خطاب ہیں۔‘‘[صحيح بخاري، حديث نمبر:3469]
حدیث حاشیہ:
1۔
لفظ محدث دال کے فتحہ کے ساتھ ہے۔
شارحین نے اس کے مختلف معانی بیان کیے ہیں۔
(ا)
جس کے دل میں اللہ تعالیٰ کی طرف سے کوئی اچھی چیز ڈال دی جائے گویا وہ جو گمان کرتا ہے درست ہوتا ہے اور اس کے دل میں کوئی بات آتی ہے تو نفس الامر کے مطابق ہوتی ہے۔
(ب)
جس کی زبان پر حق جاری ہو جائے۔
(ج)
جو اپنی فراست سے کسی بات کی تہ تک پہنچ جائے۔
یہ تمام معانی مدعا اور مقصد کے اعتبار سے قریب قریب ہیں۔
حضرت عمر ؓ کو ان تمام باتوں میں کامل درجہ حاصل تھا۔
کئی باتوں میں ان کی رائے کے مطابق اللہ کی طرف سے وحی نازل ہوئی۔
2۔
حافظ ابن حجر ؒ فرماتے ہیں رسول اللہ ﷺ کی امت تمام امتوں سے افضل ہے۔
جب دوسری امتوں میں محدث ہوتے تھے تو آپ کی امت میں بطریق اولیٰ ہونے چاہئیں۔
رسول اللہ ﷺ نے توقع کے طور پرفرمایا گویا اپ ابھی اس پر مطلع نہیں ہوئے تھے چنانچہ آپ کی توقع کے مطابق ایسا ہی ہوا اور حضرت عمر ؓ اس معیار اور توقع پر پورے اترے۔
(فتح الباري: 632/6)
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 3469 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح مسلم / حدیث: 2398 کی شرح از مولانا عبد العزیز علوی ✍️
حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے تھے۔"تم سے پہلی امتوں سے محدث ہوتے تھے،سوگرمیری امت میں ان میں سے کوئی ہوگا تو عمر بن خطاب ان میں داخل ہے۔"ابن وہب کہتے ہیں،"مُحَدَّثُونَ" کی تفسیر "مُلْهَمُونَ"ہے،(جن کی طرف الہام کیاجاتاہے) [صحيح مسلم، حديث نمبر:6204]
حدیث حاشیہ: فوائد ومسائل: محدثون: (دال کے فتحہ کے ساتھ)
جس کے دل میں کوئی چیز ڈالی جائے یا اس کے دل میں کوئی خیال گزرے تو وہ صحیح ہو، یعنی وہ راست باز ہو، صاحب فراست ہو، اس کی زبان پر حق جاری ہو۔
ان يكن فی امتی: اگر میری امت میں ہو گا، اگر پہلی امتوں میں ایسے لوگ تھے تو آپ کی امت میں یقینا ایسے لوگ ہوں گے، اس لیے یہ جملہ شک و شبہ کے لیے نہیں ہے۔
درج بالا اقتباس تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 6204 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ترمذي / حدیث: 3693 کی شرح از ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی ✍️
´عمر بن خطاب رضی الله عنہ کے مناقب کا بیان`
ام المؤمنین عائشہ رضی الله عنہا کہتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " اگلی امتوں میں کچھ ایسے لوگ ہوتے تھے، جو «مُحدّث» ہوتے تھے ۱؎ اگر میری امت میں کوئی ایسا ہوا تو وہ عمر بن خطاب ہوں گے۔‏‏‏‏" [سنن ترمذي/كتاب المناقب/حدیث: 3693]
اردو حاشہ:
وضاحت:
1؎:
محدث اس کو کہتے ہیں جس کی زبان پر اللہ کی طرف سے حق بات کا الہام ہوتا ہے، جبرئیل ؑ وحی لیکر اس کے پاس نہیں آتے کیونکہ وہ آدمی نبی نہیں ہوتا، اللہ کی طرف سے حق بات اس کے دل ودماغ میں ڈال دی جاتی ہے، اور فی الحقیقت کئی معاملات میں عمر رضی اللہ عنہ کی رائے کی تائید اللہ تعالیٰ نے وحی سے فرما دی (نیز دیکھئے حدیث رقم:3691)
درج بالا اقتباس سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 3693 سے ماخوذ ہے۔