ریاض الصالحین — حدیث نمبر 1503

باب: اولیاء کی کرامات اور ان کی فضیلت

باب كرامات الأولياء وفضلهم

باب کی ابتدا میں امام نووی رحمہ اللہ نے یہ آیات / کلام ذکر کیا ہے:
قَالَ الله تَعَالَى: ﴿ألا إنَّ أوْلِيَاءَ اللهِ لاَ خَوْفٌ عَلَيْهِمْ وَلاَ هُمْ يحْزَنُونَ الَّذِينَ آمَنُوا وَكَانُوا يَتَّقُونَ لَهُمُ البُشْرَى في الحَيَاةِ الدُّنْيَا وَفِي الآخِرَةِ لاَ تَبْدِيلَ لِكَلِمَاتِ الله ذَلِكَ هُوَ الفَوْزُ العَظِيمُ﴾ [يونس: ٦٢ - ٦٤]، وقال تَعَالَى: ﴿وَهُزِّي إلَيْكِ بِجِذْعِ النَّخْلَةِ تُسَاقِطْ عَلَيْكِ رُطَبًا جَنِيًّا فكُلِي وَاشْرَبِي﴾ [مريم: ٢٥، ٢٦]، وقال تَعَالَى: ﴿كُلَّمَا دَخَلَ عَلَيْهَا زَكرِيّا المِحْرَابَ وَجَدَ عِنْدَهَا رِزْقًا قَالَ يَا مَرْيَمُ أَنَّى لَكِ هَذَا قالت هُوَ مِنْ عِنْدِ اللهِ إنَّ اللهَ يَرْزُقُ مَنْ يَشَاءُ بِغَيْرِ حِسَابٍ﴾ [آل عمران: ٣٧]، وَقَالَ تَعَالَى: ﴿وَإذِ اعْتَزَلْتُمُوهُمْ وَمَا يَعْبُدُونَ إِلاَّ اللهَ فَأْوُوا إِلَى الكَهْفِ يَنْشُرْ لَكُمْ رَبُّكُمْ مِنْ رَحْمَتِهِ وَيُهَيِّيءْ لَكُمْ مِنْ أمْرِكُمْ مِرْفَقًا وَتَرَى الشَّمْسَ إِذَا طَلَعَتْ تَزَاوَرُ عَنْ كَهْفِهِمْ ذَاتَ اليَمِينِ وَإِذَا غَرَبَتْ تَقْرِضُهُمْ ذَاتَ الشِّمَالِ﴾ [الكهف: ١٦ - ١٧].

اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ”سن لو! بے شک اللہ کے دوستوں پر نہ کوئی خوف ہے اور نہ وہ غمگین ہوں گے۔ (یہ) وہ لوگ ہیں جو ایمان لائے اور تقویٰ اختیار کرتے رہے۔ ان کے لیے دنیا کی زندگی میں بھی خوشخبری ہے اور آخرت میں بھی۔ اللہ کی باتوں میں کوئی تبدیلی نہیں، یہی بہت بڑی کامیابی ہے۔“ (سورۃ یونس: 62-64)
اور اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ”اور کھجور کے تنے کو اپنی طرف ہلاؤ، وہ تم پر تازہ پکی ہوئی کھجوریں گرائے گا، پس کھاؤ اور پیو۔“ (سورۃ مریم: 25-26)
اور اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ”جب کبھی زکریا (علیہ السلام) محراب میں ان (مریم) کے پاس جاتے تو ان کے پاس کھانے کی چیزیں موجود پاتے۔ انہوں نے پوچھا: اے مریم! یہ تمہارے پاس کہاں سے آیا؟ انہوں نے کہا: یہ اللہ کی طرف سے ہے، بے شک اللہ جسے چاہتا ہے بے حساب رزق دیتا ہے۔“ (سورۃ آل عمران: 37)
اور اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ”اور جب تم ان سے اور اللہ کے سوا جن کی وہ عبادت کرتے ہیں ان سے الگ ہو گئے ہو تو غار میں پناہ لے لو، تمہارا رب تمہارے لیے اپنی رحمت پھیلا دے گا اور تمہارے لیے تمہارے کام میں آسانی مہیا کر دے گا۔ اور تم سورج کو دیکھو گے کہ جب وہ طلوع ہوتا ہے تو ان کے غار سے دائیں جانب ہٹ کر گزر جاتا ہے، اور جب غروب ہوتا ہے تو ان سے بائیں جانب کترا جاتا ہے۔“ (سورۃ الکہف: 16-17)

حدیث نمبر: 1503
وعن أَبي محمد عبد الرحمان بن أَبي بكرٍ الصديق رضي الله عنهم: أنَّ أَصْحَابَ الصُّفّةِ كَانُوا أُنَاسًا فُقَرَاءَ وَأَنَّ النَّبيَّ - صلى الله عليه وسلم - قَالَ مَرَّةً: «مَنْ كَانَ عِنْدَهُ طَعَامُ اثْنَيْنِ، فَلْيَذْهَبْ بثَالِثٍ، وَمنْ كَانَ عِنْدَهُ طَعَامُ أرْبَعَةٍ، فَلْيَذْهَبْ بِخَامِسٍ بِسَادِسٍ» أَوْ كما قَالَ، وأنَّ أَبَا بكرٍ - رضي الله عنه - جَاءَ بِثَلاَثَةٍ، وانْطَلَقَ النبيّ - صلى الله عليه وسلم - بعَشَرَةٍ، وأنَّ أَبَا بَكرٍ تَعَشَّى عِنْدَ النبيّ - صلى الله عليه وسلم - ثُمَّ لَبِثَ حَتَّى صَلَّى
العِشَاءَ، ثُمَّ رَجَعَ، فجاءَ بَعْدَ مَا مَضَى مِنَ اللَّيْلِ مَا شَاءَ اللهُ. قالت امْرَأتُهُ: مَا حَبَسَكَ عَنْ أضْيَافِكَ؟ قَالَ: أوَمَا عَشَّيْتِهمْ؟ قالت: أَبَوْا حَتَّى تَجِيءَ وَقَدْ عَرَضُوا عَلَيْهِمْ، قَالَ: فَذَهَبتُ أَنَا فَاخْتَبَأْتُ، فَقالَ: يَا غُنْثَرُ، فَجَدَّعَ وَسَبَّ، وقالَ: كُلُوا لاَ هَنِيئًا وَاللهِ لا أَطْعَمُهُ أَبَدًا، قَالَ: وايْمُ اللهِ مَا كُنَّا نَأخُذُ مِنْ لُقْمَةٍ إلا ربا من أسفلِها أكثرَ منها حتى شبعوا، وصَارَتْ أكثرَ مما كانَتْ قبلَ ذلكَ، فنظرَ إليها أبو بكر فقالَ لامرأتِهِ: يا أختَ بني فراسٍ ما هذا؟ قالت: لا وقُرَّةِ عيني لهي الآنَ أكثرُ منها قبلَ ذلكَ بثلاثِ مراتٍ! فأكل منها أبو بكرٍ وقال: إنَّما كانَ ذلكَ مِنَ الشيطانِ، يعني: يمينَهُ. ثم أكلَ منها لقمةً، ثُمَّ حَمَلَهَا إِلَى النَّبيِّ - صلى الله عليه وسلم - فَأَصْبَحَتْ عِنْدَهُ. وَكَانَ بَيْنَنَا وَبَيْنَ قَوْمٍ عَهْدٌ، فَمَضَى الأجَلُ، فَتَفَرَّقْنَا اثْنَيْ عَشَرَ رَجُلًا، مَعَ كُلِّ رَجُلٍ مِنْهُمْ أُنَاسٌ، اللهُ أعْلَمُ كَمْ مَعَ كُلِّ رَجُلٍ فَأَكَلُوا مِنْهَا أَجْمَعُونَ.
وَفِي رِوَايةٍ: فَحَلَفَ أَبُو بَكْرٍ لا يَطْعَمُهُ، فَحَلَفَت المَرْأَةُ لا تَطْعَمُهُ، فَحَلَفَ الضَّيْفُ. - أَو الأَضْيَافُ - أَنْ لاَ يَطْعَمُهُ أَوْ يَطْعَمُوهُ حَتَّى يَطْعَمَهُ. فَقَالَ أَبُو بَكْرٍ: هذِهِ مِنَ الشَّيْطَانِ! فَدَعَا بالطَّعَامِ فَأكَلَ وأكَلُوا، فَجَعَلُوا لا يَرْفَعُونَ لُقْمَةً إِلاَّ رَبَتْ مِنْ أسْفَلِهَا أَكْثَرُ مِنْهَا، فَقَالَ: يَا أُخْتَ بَني فِرَاسٍ، مَا هَذَا؟ فَقَالَتْ: وَقُرْةِ عَيْنِي إنَّهَا الآنَ لأَكْثَرُ مِنْهَا قَبْلَ أَنْ نَأكُلَ، فَأكَلُوا، وَبَعَثَ بِهَا إِلَى النَّبيِّ - صلى الله عليه وسلم - فَذَكَرَ أنَّهُ أكَلَ مِنْهَا.
وَفِي رِوايَةٍ: إنَّ أَبَا بكْرٍ قَالَ لِعَبْدِ الرَّحْمانِ: دُونَكَ أضْيَافَكَ، فَإنِّي مُنْطلقٌ إِلَى النَّبيِّ - صلى الله عليه وسلم - فَافْرُغْ مِنْ قِراهُم قَبْلَ أَنْ أَجِيءَ، فَانْطَلَقَ عَبْدُ الرَّحْمانِ، فَأَتَاهُمْ بما عِنْدَهُ، فَقَالَ: اطْعَمُوا؛ فقالوا: أين رَبُّ مَنْزِلِنا؟ قَالَ: اطْعَمُوا، قالوا: مَا نحنُ بِآكِلِينَ حَتَّى يَجِيءَ رَبُّ مَنْزِلِنَا، قَالَ: اقْبَلُوا عَنْا قِرَاكُمْ، فَإنَّهُ إنْ جَاءَ وَلَمْ تَطْعَمُوا، لَنَلْقَيَنَّ مِنْهُ فأبَوْا، فَعَرَفْتُ أنَّهُ يَجِدُ عَلَيَّ، فَلَمَّا جَاءَ تَنَحَّيْتُ عَنْهُ، فَقَالَ: مَا صَنَعْتُمْ؟ فَأخْبَرُوهُ، فَقَالَ: يَا عَبْدَ الرَّحمانِ، فَسَكَتُّ: ثُمَّ قَالَ: يَا عَبْدَ الرَّحْمانِ، فَسَكَتُّ، فَقَالَ: يَا غُنْثَرُ أقْسَمْتُ عَلَيْكَ إنْ كُنْتَ تَسْمَعُ صَوتِي لَمَا جِئْتَ! فَخَرَجْتُ، فَقُلْتُ: سَلْ أضْيَافَكَ، فقالُوا: صَدَقَ، أتَانَا بِهِ، فَقَالَ: إنَّمَا انْتَظَرْتُمُونِي والله لا أَطْعَمُهُ اللَّيْلَةَ. فَقَالَ الآخَرُونَ: واللهِ لَا نَطْعَمُهُ حَتَّى تَطْعَمَهُ فَقَالَ: وَيْلَكُمْ مَا لَكُمْ لا تَقْبَلُونَ عَنَّا قِرَاكُمْ؟ هَاتِ طَعَامَكَ، فَجَاءَ بِهِ، فَوَضَعَ يَدَهُ فَقَالَ: بِسْمِ اللهِ، الأولَى مِنَ الشَّيْطَانِ، فَأَكَلَ وَأَكَلُوا. متفق عَلَيْهِ.
قَوْله: «غُنْثَرُ» بغينٍ معجمةٍ مَضمُومَةٍ ثُمَّ نُونٍ ساكِنَةٍ ثُمَّ ثاءٍ مثلثةٍ وَهُوَ: الغَبِيُّ الجَاهِلُ. وقولُهُ: «فَجَدَّعَ» أَيْ شَتَمَهُ، والجَدْعُ القَطْعُ. قولُه «يَجِدُ عَليّ» هُوَ بكسرِ الجِيمِ: أيْ يَغْضَبُ.
ترجمہ

سیدنا ابومحمد عبدالرحمن بن ابی بکر صدیق رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ اصحابِ صفہ محتاج لوگ تھے، اور نبی کریم ﷺ نے ایک مرتبہ فرمایا: ”جس کے پاس دو آدمیوں کا کھانا ہو وہ تیسرے کو (اپنے ساتھ) لے جائے، اور جس کے پاس چار کا کھانا ہو وہ پانچویں (اور) چھٹے کو لے جائے۔“ یا جیسا آپ ﷺ نے فرمایا۔ اور سیدنا ابوبکر رضی اللہ عنہ تین آدمیوں کو لے آئے، اور نبی کریم ﷺ دس آدمیوں کو لے کر گئے۔ اور سیدنا ابوبکر (رضی اللہ عنہ) نے رات کا کھانا نبی کریم ﷺ کے پاس کھایا، پھر (وہیں) ٹھہرے رہے یہاں تک کہ عشاء کی نماز پڑھی، پھر واپس ہوئے اور رات کا جتنا حصہ اللہ نے چاہا گزر جانے کے بعد (گھر) آئے۔ ان کی بیوی نے کہا: آپ کو اپنے مہمانوں سے کس چیز نے روکے رکھا؟ انہوں نے کہا: کیا تم نے انہیں رات کا کھانا نہیں کھلایا؟ انہوں نے کہا: انہوں نے آپ کے آنے تک (کھانے سے) انکار کر دیا، حالانکہ (گھر والوں نے) ان کے سامنے (کھانا) پیش کیا تھا۔ (عبدالرحمن رضی اللہ عنہ) کہتے ہیں: میں (ڈر کر) جا کر چھپ گیا۔ تو انہوں نے کہا: اے غنثر! اور (مجھے) سخت سست کہا اور برا بھلا کہا، اور (مہمانوں سے) کہا: کھاؤ، تمہیں خوشگوار نہ ہو! اللہ کی قسم! میں اسے کبھی نہیں کھاؤں گا۔ (عبدالرحمن رضی اللہ عنہ) کہتے ہیں: اللہ کی قسم! ہم جو لقمہ بھی اٹھاتے، اس کے نیچے سے اس سے زیادہ (کھانا) بڑھ جاتا، یہاں تک کہ وہ (سب) سیر ہو گئے، اور وہ (کھانا) پہلے سے بھی زیادہ ہو گیا۔ سیدنا ابوبکر (رضی اللہ عنہ) نے اسے دیکھا تو اپنی بیوی سے کہا: اے بنو فراس کی بہن! یہ کیا ہے؟ انہوں نے کہا: نہیں، میری آنکھوں کی ٹھنڈک کی قسم! یہ تو اب پہلے سے تین گنا زیادہ ہے! چنانچہ سیدنا ابوبکر (رضی اللہ عنہ) نے اس میں سے کھایا اور فرمایا: وہ تو شیطان کی طرف سے تھی، یعنی اپنی قسم (مراد لی)۔ پھر اس میں سے ایک لقمہ کھایا، پھر اسے اٹھا کر نبی کریم ﷺ کے پاس لے گئے، تو وہ (کھانا) صبح تک آپ ﷺ کے پاس رہا۔ اور ہمارے اور ایک قوم کے درمیان ایک معاہدہ تھا، اس کی مدت ختم ہو گئی، تو ہم نے بارہ آدمی (نگران) الگ الگ کیے، ہر آدمی کے ساتھ کچھ لوگ تھے، اللہ ہی بہتر جانتا ہے کہ ہر آدمی کے ساتھ کتنے تھے، پس ان سب نے اس (کھانے) میں سے کھایا۔
اور ایک روایت میں ہے: سیدنا ابوبکر (رضی اللہ عنہ) نے قسم کھائی کہ وہ اسے نہیں کھائیں گے، تو (ان کی) بیوی نے بھی قسم کھا لی کہ وہ اسے نہیں کھائیں گی، تو مہمان نے -یا مہمانوں نے- قسم کھا لی کہ وہ اسے نہیں کھائے گا -یا نہیں کھائیں گے- جب تک وہ (ابوبکر) اسے نہ کھائیں۔ تو سیدنا ابوبکر (رضی اللہ عنہ) نے کہا: یہ (قسم) شیطان کی طرف سے ہے! پھر انہوں نے کھانا منگوایا اور خود بھی کھایا اور انہوں نے بھی کھایا، وہ جو لقمہ بھی اٹھاتے اس کے نیچے سے اس سے زیادہ بڑھ جاتا۔ تو انہوں نے کہا: اے بنو فراس کی بہن! یہ کیا ہے؟ انہوں نے کہا: میری آنکھوں کی ٹھنڈک کی قسم! یہ تو اب ہمارے کھانے سے پہلے کی نسبت زیادہ ہے۔ چنانچہ انہوں نے کھایا، اور (سیدنا ابوبکر رضی اللہ عنہ نے) اسے نبی کریم ﷺ کی خدمت میں بھیج دیا، اور (راوی نے) ذکر کیا کہ آپ ﷺ نے بھی اس میں سے کھایا۔
اور ایک روایت میں ہے: سیدنا ابوبکر (رضی اللہ عنہ) نے (اپنے بیٹے) عبدالرحمن سے کہا: اپنے مہمانوں کو سنبھالو، میں نبی کریم ﷺ کے پاس جا رہا ہوں، میرے آنے سے پہلے ان کی مہمان نوازی سے فارغ ہو جانا۔ چنانچہ عبدالرحمن (رضی اللہ عنہ) گئے اور جو کچھ ان کے پاس تھا وہ مہمانوں کے پاس لے آئے اور کہا: کھائیے۔ انہوں نے کہا: ہمارے گھر کے مالک کہاں ہیں؟ انہوں نے کہا: کھائیے۔ انہوں نے کہا: ہم اس وقت تک نہیں کھائیں گے جب تک ہمارے گھر کے مالک نہ آ جائیں۔ انہوں نے کہا: ہماری طرف سے اپنی مہمانی قبول کر لیجیے، کیونکہ اگر وہ آ گئے اور آپ نے کھانا نہ کھایا ہوا تو ہمیں ان کی طرف سے (سخت ناراضی کا) سامنا کرنا پڑے گا۔ مگر انہوں نے انکار کر دیا۔ (عبدالرحمن رضی اللہ عنہ کہتے ہیں:) میں سمجھ گیا کہ وہ مجھ پر ناراض ہوں گے، چنانچہ جب وہ آئے تو میں ان سے ایک طرف ہٹ گیا۔ انہوں نے پوچھا: تم لوگوں نے کیا کیا؟ تو انہوں نے انہیں بتا دیا۔ انہوں نے پکارا: اے عبدالرحمن! میں خاموش رہا۔ پھر کہا: اے عبدالرحمن! میں خاموش رہا۔ پھر کہا: اے غنثر! میں تجھے قسم دیتا ہوں کہ اگر تو میری آواز سن رہا ہے تو ضرور آ جا! چنانچہ میں نکل آیا اور کہا: اپنے مہمانوں سے پوچھ لیجیے۔ انہوں نے کہا: یہ سچ کہتا ہے، یہ ہمارے پاس (کھانا) لے آیا تھا۔ تو انہوں نے کہا: تم نے تو صرف میرا انتظار کیا! اللہ کی قسم! میں آج رات اسے نہیں کھاؤں گا۔ دوسروں نے کہا: اللہ کی قسم! ہم بھی اسے نہیں کھائیں گے جب تک آپ نہ کھائیں۔ انہوں نے کہا: تم پر افسوس! تمہیں کیا ہوا کہ تم ہماری طرف سے اپنی مہمانی قبول نہیں کرتے؟ (پھر کہا:) اپنا کھانا لاؤ۔ چنانچہ وہ لے آئے تو انہوں نے (اس پر) اپنا ہاتھ رکھا اور کہا: «بِسْمِ اللهِ» (اللہ کے نام سے)، پہلی (حالت یعنی قسم) شیطان کی طرف سے تھی۔ پھر انہوں نے کھایا اور ان (مہمانوں) نے بھی کھایا۔
(متفق علیہ)
«غُنْثَرُ»: غین معجمہ کے ضمہ، پھر نون ساکن، پھر ثائے مثلثہ کے ساتھ ہے، اور اس کا معنی ہے: کند ذہن، نادان۔
«فَجَدَّعَ»: یعنی اسے برا بھلا کہا، اور «الْجَدْعُ» کا معنی کاٹنا ہے۔
«يَجِدُ عَلَيَّ»: جیم کے کسرہ کے ساتھ ہے، یعنی مجھ پر غصہ ہوں گے۔

وضاحت:
«لَا هَنِيئًا» : امام نووی رحمہ اللہ فرماتے ہیں: "یہ بات انہوں نے اس تنگی اور غصے کی وجہ سے کہی جو انہیں مہمانوں کے ان کی وجہ سے رات کا کھانا چھوڑ دینے پر لاحق ہوا۔ اور کہا گیا ہے کہ یہ بددعا نہیں بلکہ (محض) خبر ہے، یعنی تم اسے اس کے (مناسب) وقت میں خوشگواری سے نہ کھا سکے۔" (شرح صحیح مسلم للنووی 7/215)
«يَا أُخْتَ بَنِي فِرَاسٍ» : امام نووی رحمہ اللہ فرماتے ہیں: "یہ سیدنا ابوبکر (رضی اللہ عنہ) کا اپنی بیوی ام رومان (رضی اللہ عنہا) سے خطاب ہے۔" (شرح صحیح مسلم للنووی 7/216)
«قُرَّةِ عَيْنِي» : آنکھ کی ٹھنڈک یعنی اس کی خوشی، اور اس کی اصل یہ ہے کہ اللہ اس کی آنکھوں کے آنسو کو ٹھنڈا کرے، گویا خوشی اور سرور کے آنسو ٹھنڈے ہوتے ہیں۔ (النہایہ 4/38)
حوالہ حدیث رياض الصالحين / كتاب الدعوات / حدیث: 1503
درجۂ حدیث محدثین: صحيح (متفق عليه)
تخریج حدیث أخرجه: البخاري 1/ 156 - 157 (602) و8/ 40 (6140) و41 (6141)، ومسلم 6/ 130 - 131 (2057) (176) و(177).
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح البخاري: 602 | صحيح البخاري: 3581 | صحيح مسلم: 2057
قال النووي في شرح صحيح مسلم ٧/ ٢١٥: «إنما قاله لما حصل له من الحرج والغيظ بتركهم العشاء بسببه، وقيل: إنه ليس بدعاء إنما أخبر، أي: لم تتهنئوا به في وقته» .
قال النووي في شرح صحيح مسلم ٧/ ٢١٦: «هذا خطاب من أبي بكر لامرأته أم رومان» .
قرة العين: سرورها، وحقيقة أبرد الله دمعة عينيه؛ كأن دمعة الفرح والسرور باردة. النهاية ٤/ ٣٨.

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 3581 کی شرح از مولانا داود راز ✍️
3581. حضرت عبدالرحمان بن ابو بکر ؓ سے روایت ہے کہ اصحاب صفہ بہت نادار اور مفلس لوگ تھے۔ نبی کریم ﷺ نے ایک دن فرمایا: ’’جس کے پاس دو آدمیوں کا کھانا ہو وہ تیسرے آدمی کو ساتھ لے جائے اور جس کے پاس چار آدمیوں کا کھانا ہووہ پانچویں چھٹے کو ساتھ لے جائے۔ ‘‘یااسی طرح آپ نے کچھ فرمایا۔ حضرت ابوبکر ؓ اپنے ساتھ تین ہمان لے آئے جبکہ نبی کریم ﷺ اپنے ساتھ دس مہمانوں کو لے کر گئے۔ بہرحال حضرت ابوبکر ؓ گھر کے افراد سے تین آدمی زائد لائے تھے کیونکہ گھر میں میں، میرا باپ اور میری والدہ وغیرہ تھے۔ (راوی کہتا ہے کہ) مجھے یاد نہیں کہ اس(عبدالرحمان ؓ) نے بیوی بھی کہا تھا یا نہیں۔ ایک خادم جو میرے اور حضرت ابوبکر ؓ کے گھر میں کام کرتا تھا۔ حضرت ابوبکر ؓ نے شام کاکھانا نبی کریم ﷺ کے ساتھ کھایا، پھر کچھ وقت وہاں ٹھہرے اور نماز عشاء وہیں ادا کی حتیٰ کہ رسول اللہ ﷺ نے شام کا کھانا تناول فرمایا۔ حضرت۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔)[صحيح بخاري، حديث نمبر:3581]
حدیث حاشیہ: حضرت صدیق اکبر ؓ کی اس بیوی کو ام رومان کہاجاتا تھا۔
ام رومان فراس بن غنم بن مالک بن کنانہ کی اولاد میں سے تھیں عرب کے محاورہ میں جو کوئی کسی قبیلے سے ہوتا ہے اس کو اس کا بھائی کہتے ہیں۔
اس حدیث میں بھی آپ کے ایک عظیم معجزہ کا ذکر ہے۔
یہی مطابقت باب ہے، اس حدیث کے ذیل میں مولانا وحید الزماں مرحوم لکھتے ہیں، ہوا یہ ہوگا کہ حضرت ابوبکر ؓ نے شام کو کھانا آنحضرت ﷺ کے گھر کھالیا ہوگا مگر آنحضرت ﷺ نے نہ کھایا ہوگا۔
عشاءکے بعد آپ نے کھایاہوگا۔
اس حدیث کے ترجمہ میں بہت اشکال ہے اور بڑی مشکل سے معنی جمتے ہیں ورنہ تکرار بے فائدہ لازم آتی ہے اور ممکن ہے راوی نے الفاظ میں غلطی کی ہو۔
چنانچہ مسلم کی روایت میں دوسرے لفظ تعشی کے بدل حتی نعس ہے یعنی آنحضرت ﷺ کے پاس اتنا ٹھہرے کہ آپ اونگھنے لگے۔
قاضی عیاض نے کہا یہی ٹھیک ہے۔
بعض راویوں نے فتفرقنا اثنا عشر رجلا نقل کیا ہے، جس کے مطابق یہاں ترجمہ کیا گیا اور بعض نسخوں میں ففرقنا یعنی ہماری بارہ ٹکڑیاں ہوگئیں۔
ہرٹکڑی ایک آدمی کے تحت میں تھی۔
بعض نسخوں میں یوں ہے کہ بارہ آدمیوں کو مسلمانوں نے نقیب بنایا۔
بعض میں فقرینا ہے۔
یعنی ہم نے بارہ آدمیوں کی ضیافت کی۔
ہر آدمی کے ساتھ کتنے آدمی تھے یہ اللہ ہی کو معلوم ہے۔
اس حدیث شریف میں حضرت ابوبکر صدیق ؓ کی کرامت مذکور ہے مگر اولیاءاللہ کی کرامت ان کے پیغمبروں کا معجزہ ہے کیونکہ پیغمبرہی کی تابعداری کی برکت سے انکو یہ درجہ ملاہے۔
اس لیے باب کا مطلب حاصل ہوگیا۔
یہ حدیث اوپر گزر چکی ہے۔
(وحیدی)
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 3581 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 3581 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
3581. حضرت عبدالرحمان بن ابو بکر ؓ سے روایت ہے کہ اصحاب صفہ بہت نادار اور مفلس لوگ تھے۔ نبی کریم ﷺ نے ایک دن فرمایا: ’’جس کے پاس دو آدمیوں کا کھانا ہو وہ تیسرے آدمی کو ساتھ لے جائے اور جس کے پاس چار آدمیوں کا کھانا ہووہ پانچویں چھٹے کو ساتھ لے جائے۔ ‘‘یااسی طرح آپ نے کچھ فرمایا۔ حضرت ابوبکر ؓ اپنے ساتھ تین ہمان لے آئے جبکہ نبی کریم ﷺ اپنے ساتھ دس مہمانوں کو لے کر گئے۔ بہرحال حضرت ابوبکر ؓ گھر کے افراد سے تین آدمی زائد لائے تھے کیونکہ گھر میں میں، میرا باپ اور میری والدہ وغیرہ تھے۔ (راوی کہتا ہے کہ) مجھے یاد نہیں کہ اس(عبدالرحمان ؓ) نے بیوی بھی کہا تھا یا نہیں۔ ایک خادم جو میرے اور حضرت ابوبکر ؓ کے گھر میں کام کرتا تھا۔ حضرت ابوبکر ؓ نے شام کاکھانا نبی کریم ﷺ کے ساتھ کھایا، پھر کچھ وقت وہاں ٹھہرے اور نماز عشاء وہیں ادا کی حتیٰ کہ رسول اللہ ﷺ نے شام کا کھانا تناول فرمایا۔ حضرت۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔)[صحيح بخاري، حديث نمبر:3581]
حدیث حاشیہ:
1۔
اصحاب صفہ مسجد کے آخری حصے میں رہا کرتے تھے جونادار لوگوں کے لیے تیار کیا گیا تھا جن کے پاس رہنے کے لیے کوئی جگہ یا مکان نہ تھا اور ان کا وہاں اہل و عیال بھی نہ ہوتا تھا ان میں سے کسی کی شادی ہو جانے فوت ہو جانے یا سفر پر جانے کی صورت میں یہ حضرات کم و بیش ہوتے رہتے تھے وہ لوگوں کے مہمان تھے اور رسول اللہ ﷺ سے علمی فائدہ حاصل کرتے تھے۔
2۔
اس حدیث میں حضرت ابو بکر ؓ کی کرامت کا ذکر ہے مگر اولیاء کی کرامت بھی داصل ان کے پیغمبر کا معجزہ ہوتی ہے کیونکہ رسول کی فرمانبرداری کے نتیجے میں انھیں کرامت کا اعزاز ملتا ہے عنوان معجزات اور کرامات دونوں کو شامل ہے بعض شارحین نے اعتراض کیا ہے کہ عنوان علامات نبوت کا ہے جبکہ اس حدیث میں حضرت ابو بکر ؓ کی کرامت کا ذکر ہے اس لیے یہ حدیث عنوان کے مطابق نہیں لیکن اس عتراض کی کوئی حیثیت نہیں کیونکہ اس کھانے میں پوری برکت تو رسول اللہ ﷺ کے پاس آنے کے بعد ہوئی اس لیے اس کھانے کو تمام لشکر نے کھایا اور سب اس سے سیر ہو گئے اگرچہ اس برکت کی ابتدا حضرت ابو بکر ؓ کے گھر سے ہوئی تھی۔
اس طرح یہ حدیث معجزہ اور کرامت دونوں پر مشتمل ہے۔
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 3581 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 602 کی شرح از مولانا داود راز ✍️
´اپنی بیوی یا مہمان سے رات کو (عشاء کے بعد) گفتگو کرنا`
«. . . عَنْ عَبْدِ الرَّحْمَنِ بْنِ أَبِي بَكْرٍ، أَنَّ أَصْحَابَ الصُّفَّةِ كَانُوا أُنَاسًا فُقَرَاءَ، وَأَنَّ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، قَالَ: " مَنْ كَانَ عِنْدَهُ طَعَامُ اثْنَيْنِ فَلْيَذْهَبْ بِثَالِثٍ، وَإِنْ أَرْبَعٌ فَخَامِسٌ أَوْ سَادِسٌ، وَأَنَّ أَبَا بَكْرٍ جَاءَ بِثَلَاثَةٍ . . . .»
". . . عبدالرحمٰن بن ابی بکر رضی اللہ عنہما سے یہ حدیث بیان کی کہ اصحاب صفہ نادار مسکین لوگ تھے اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جس کے گھر میں دو آدمیوں کا کھانا ہو تو وہ تیسرے (اصحاب صفہ میں سے کسی) کو اپنے ساتھ لیتا جائے۔ اور جس کے ہاں چار آدمیوں کا کھانا ہے تو وہ پانچویں یا چھٹے آدمی کو سائبان والوں میں سے اپنے ساتھ لے جائے۔ پس ابوبکر رضی اللہ عنہ تین آدمی اپنے ساتھ لائے . . ." [صحيح البخاري/كِتَاب مَوَاقِيتِ الصَّلَاةِ/بَابُ السَّمَرِ مَعَ الضَّيْفِ وَالأَهْلِ:: 602]
تشریح:
حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ نے مہمانوں کو گھر بھیج دیا تھا اور گھر والوں کو کہلوا بھیجا تھا کہ مہمانوں کو کھانا کھلا دیں۔ لیکن مہمان یہ چاہتے تھے کہ آپ ہی کے ساتھ کھانا کھائیں۔ ادھر آپ مطمئن تھے۔ اس لیے یہ صورت پیش آئی۔ پھر آپ کے آنے پر انھوں نے کھانا کھایا۔ دوسری روایتوں میں یہ بھی ہے کہ سب نے پیٹ بھر کر کھانا کھا لیا۔ اور اس کے بعد بھی کھانے میں کوئی کمی نہیں ہوئی۔ یہ حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کی کرامت تھی۔ کرامت اولیاء برحق ہے۔ مگر اہل بدعت نے جو جھوٹی کرامتیں گھڑ لی ہیں۔ وہ محض لایعنی ہیں۔ اللہ تعالیٰ انھیں ہدایت دے۔
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 602 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 602 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
602. حضرت عبدالرحمٰن بن ابوبکر ؓ سے روایت ہے، انہوں نے فرمایا: اصحاب صفہ نادار لوگ تھے۔ نبی ﷺ نے (ان کے متعلق) فرمایا تھا: ’’جس کے پاس دو آدمیوں کا کھانا ہے، وہ تیسرا آدمی ساتھ لے جائے اور اگر چار کا ہو تو پانچواں یا چھٹا (ان میں سے لے جائے)۔‘‘ چنانچہ حضرت ابوبکر صدیق ؓ اپنے ساتھ تین آدمی لے کر گئے اور خود نبی ﷺ نے اپنے ہمراہ دس آدمیوں کو لیا۔ حضرت عبدالرحمٰن ؓ نے کہا کہ گھر میں اس وقت میں اور میرے والدین تھے۔ راوی کہتا ہے کہ مجھے یاد نہیں کہ آپ نے یہ کہا یا نہیں کہ گھر میں میری اہلیہ اور خادم بھی تھا جو میرے اور میرے والد گرامی کے گھر میں مشترکہ طور پر کام کرتا تھا۔ الغرض حضرت ابوبکر صدیق ؓ نے نبی ﷺ کے ہاں رات کا کھانا کھا لیا اور تھوڑی دیر کے لیے وہاں ٹھہر گئے، پھر عشاء کی نماز پڑھ لی گئی، لوٹ کر پھر تھوڑی دیر ٹھہرے، یہاں تک کہ نبی ﷺ نے رات کا کھانا تناول فرمایا۔ اس کے بعد آپ۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔)[صحيح بخاري، حديث نمبر:602]
حدیث حاشیہ:
(1)
دن کے اوقات میں کاروباری مصروفیات اور دیگر مشاغل کی وجہ سے انسان گھریلو ضروریات کے متعلق اہل خانہ سے تبادلۂ خیالات اور باہمی مشاورت کےلیے فرصت نہیں پاسکتا، اس لیے رات کے وقت کھانے وغیرہ سے فراغت کے بعد بیوی بچوں سے بات چیت کرنے کی گنجائش رکھی گئی ہے، نیز مہمان کی آمد کا کوئی طے شدہ وقت نہیں ہوتا، وہ کسی بھی وقت حاضر ہوسکتا ہے۔
عشاء کے بعد اس کے ساتھ مذاکرات کی ضرورت پیش آسکتی ہے، اس لیے شریعت نے ایسی ہنگامی ضروریات کا خیال رکھا ہے۔
امام بخاری ؒ اللہ چونکہ بندوں کی ضروریات کے ساتھ نصوص پر بھی گہری نظر رکھتے ہیں، اس لیے آپ نے قائم کردہ عنوان کو درج بالا حدیث سے ثابت کیا ہے۔
(2)
اس حدیث سے درج ذیل مسائل کا اثبات ہوتا ہے: ٭جب لوگوں پر رزق کی تنگی ہوتو حاکم وقت ان کی کفالت بقدر وسعت دوسرے لوگوں پر ڈال سکتا ہے۔
٭رئیس قوم کے ساتھ کھانا تناول کرنے کی گنجائش ہے، اگرچہ گھر میں مہمان موجود ہوں۔
٭صاحب منزل کی طرح دیگر افراد کو بھی چاہیے کہ وہ مہمانوں کا پورا پورا خیال رکھیں۔
٭مہمانوں کو چاہیے کہ وہ صاحب منزل کے احترام کے پیش نطر کھانے کے لیے اس کا انتطار کریں۔
٭کوئی بابرکت چیز گھر میں آئے تو اہل علم اور صاحبان فضل کوبھی اس میں شریک کرنا چاہیے۔
٭اولیاء کی کرامات برحق ہیں، لیکن اہل بدعت نے اس آڑ میں جو شاخسانہ کھڑا کیا ہے وہ خود ساختہ ہے۔
٭کسی کوتاہی پر خوف اور ڈر کے پیش نظر اپنے والد یا بڑے کی نگاہوں سے اوجھل ہوجانا جائز ہے۔
٭اولاد کو کسی کوتاہی کی وجہ سے ڈانٹ پلانا اور اسے برا بھلا کہنا درست ہے۔
٭اگر کسی ناروابات پر قسم اٹھالی جائے تو اسے توڑا جاسکتا ہے۔
٭اگر ضرورت سے زائد کھانا موجود ہو تو اگلے دن کےلیے محفوظ کیا جاسکتا ہے۔
٭اگر صاحب منزل نے ہدایت کردی ہو تو مہمان کو اس کی عدم موجودگی میں کھانا کھالینا چاہیے۔
(عمدة القاري: 142/4) (3)
چونکہ کتاب المواقیت کا اختتام ہے، اس لیے امام بخاری ؒ نے حسب عادت براعت اختتام کا پوراپورا خیال رکھا ہے۔
اس حدیث میں (مضى الأجل)
کے الفاظ ہیں۔
ان سے موت کی طرف اشارہ ہے۔
انسان کو چاہیے کہ وہ ہر وقت موت کی تیاری میں رہے۔
دنیا کی مہلت کسی بھی وقت ختم ہوسکتی ہے۔
والله المستعان.
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 602 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح مسلم / حدیث: 2057 کی شرح از مولانا عبد العزیز علوی ✍️
حضرت عبدالرحمٰن بن ابی بکر رضی اللہ تعالیٰ عنہما بیان کرتے ہیں کہ اصحاب صفہ محتاج لوگ تھے، ایک دفعہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’جس کے پاس دو آدمیوں کا کھانا ہے، وہ تین کو لے اور جس کے پاس چار کا کھانا، وہ پانچواں چھٹا لے جائے۔‘‘ یا جو آپﷺ نے فرمایا: اور ابوبکر رضی اللہ تعالیٰ عنہ تین افراد کو لے آئے اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم دس افراد کو لے گئے اور ابوبکر رضی اللہ تعالیٰ عنہ تین افراد لائے، کیونکہ گھر میں میں، میرا باپ اور میری ماں تھے، (اور... (مکمل حدیث اس نمبر پر دیکھیں) [صحيح مسلم، حديث نمبر:5365]
حدیث حاشیہ: مفردات الحدیث:
(1)
يا عنثر: اے نادان، جاہل، کمینے، کیونکہ انہوں نے سمجھا عبدالرحمٰن نے مہمانوں کو کھانا کھلانے میں کوتاہی کی ہے، اس لیے، انہیں برا بھلا کہا اور ناک کٹنے کی بات کی۔
(2)
لاهنئيا: تم نے گھر والوں کو پریشان کیا اور بیٹے کی بجائے باپ کی حاضری پر اصرار کیا، اس لیے کھانا تمہارے لیے خوش گوار نہ ہو، یا کھانا پڑے پڑے ٹھنڈا ہوگیا، اس لیے خوش گوار نہیں ہے۔
فوائد ومسائل: اصحاب صفہ، طالب علم تھے، جو گھر بار چھوڑ کر تعلیم کے لیے آپ کے پاس آتے تھے اور مسجد کے چھپر میں ہی رہتے تھے اور حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم ان کے کھانے کا انتظام فرماتے اور وہ خود بھی اس کے لیے کوشش کرتے اور آپ نے لوگوں کے دلوں میں ان کے لیے ہمدردی اور خیرخواہی کا جذبہ پیدا کرنے کے لیے ایک دن ساتھیوں سے فرمایا، ہر آدمی اپنی وسعت و گنجائش کے مطابق ان میں سے ایک یا دو کو لے جائے اور دوسروں کو ترغیب دینے کے لیے خود اپنے گھر کے افراد کی تعداد کے مطابق دس آدمیوں کو لے گئے، اس طرح آپ نے آغاز اپنے گھر سے کیا اور سب سے زیادہ جودوسخا کا مظاہرہ فرمایا اور یہ اسوہ حسنہ ہی دراصل لوگوں کو حوصلہ دلاتا ہے اور ان کے اندر کام کرنے کی رغبت پیدا کرتا ہے، جو بدقسمتی سے آج مفقود ہے، کوئی دینی و دنیوی لیڈر دوسروں کے لیے نمونہ نہیں بنتا صرف زبانی کلامی نعروں سے لوگوں کا پیٹ بھرتا ہے، آج یہ لوگ اپنی تجوریوں کا منہ کھول دیں تو لوگ بھی یقینا ان کی اقتدا میں اپنا مال فقراء اور مساکین کو دینے کے لیے تیار ہو جائیں اور غربت کا علاج ہو جائے اور اس حدیث سے حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ کا رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے قلبی تعلق اور ربط بھی واضح ہوتا ہے کہ وہ اپنے مہمان اپنے بیٹے کے سپرد کر کے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ چلے گئے اور رات گئے تک، جب تک آپ سونے نہیں گئے، گھر واپس نہیں آئے اور پھر مہمانوں کی خدمت میں کوتاہی کا مرتکب خیال کر کے اپنے شادی شدہ بیٹے کو بھی برا بھلا کہا اور وہ ڈر کے مارے چھپ گیا، جس سے معلوم ہوا وہ دوسروں کے لیے تو بہت نرم اور شفیق تھے، لیکن بیٹوں کا سخت محاسبہ کرتے تھے اور انہوں نے مہمانوں کے بیجا اصرار پر غصہ کا اظہار فرماتے ہوئے، کھانا کھانے سے انکار کیا اور قسم اٹھا دی، لیکن جب مہمانوں نے بھی قسم اٹھا دی تو اپنی قسم کو توڑ ڈالا تاکہ مہمان بھوکے نہ رہیں اور اس کی بناء پر اللہ تعالیٰ نے ان کی کرامت ظاہر کر دی کہ کھانے میں برکت ڈال دی، جس کو دیکھ کر انہوں نے دوبارہ لقمہ لیا اور پھر کھانا آپ کو پیش کر دیا، جس میں آپ کی کرامت کا ظہور ہوا کہ وہ کھانا بارہ افراد کے ماتحت افراد کے لیے کافی ہو گیا۔
درج بالا اقتباس تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 5365 سے ماخوذ ہے۔