ریاض الصالحین — حدیث نمبر 1486
باب: دعا کا حکم، اس کی فضیلت اور نبی کریم ﷺ کی کچھ دعاؤں کا بیان
باب الأمر بالدعاء وفضله وبيان جمل من أدعيته صلى الله عليه وسلم
وعن عليّ - رضي الله عنه: أنَّ مُكَاتبًا جاءهُ فَقَالَ: إنِّي عَجِزْتُ عَنْ كِتَابَتِي فَأعِنِّي، قَالَ: ألا أُعَلِّمُكَ كَلِماتٍ عَلَّمَنِيهنَّ رسُولُ الله - صلى الله عليه وسلم - لَوْ كَانَ عَلَيْكَ مِثْلُ جَبَلٍ دَيْنًا أدَّاهُ اللهُ عَنْكَ؟ قُلْ: «اللَّهُمَّ اكْفِني بِحَلاَلِكَ عَنْ حَرَامِكَ، وَأَغْنِنِي بِفَضْلِكَ عَمَّنْ سِواكَ». رواه الترمذي، وقال: «حديث حسن».سیدنا علی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ان کے پاس ایک مکاتب (غلام) آیا اور کہا: میں اپنی کتابت (کی رقم ادا کرنے) سے عاجز آ گیا ہوں، آپ میری مدد کیجیے۔ انہوں نے فرمایا: کیا میں تمہیں چند کلمات نہ سکھا دوں جو رسول اللہ ﷺ نے مجھے سکھائے تھے؟ اگر تم پر پہاڑ کے برابر بھی قرض ہو تو اللہ تعالیٰ اسے تمہاری طرف سے ادا کر دے گا۔ کہو: «اللَّهُمَّ اكْفِنِي بِحَلَالِكَ عَنْ حَرَامِكَ، وَأَغْنِنِي بِفَضْلِكَ عَمَّنْ سِوَاكَ» (اے اللہ! اپنے حلال کے ذریعے مجھے اپنے حرام سے بچا کر کفایت کر دے، اور اپنے فضل سے مجھے اپنے سوا ہر ایک سے بے نیاز کر دے۔)
(اسے ترمذی نے روایت کیا ہے اور کہا ہے: یہ حدیث حسن ہے)
تشریح، فوائد و مسائل
اس میں کوئی شک نہیں کہ یہ روایت ہمارے استاد محترم حافظ زبیر علی زئی رحمہ اللہ کے نزدیک حسن، نیز راقم الحروف نے بھی اسے "وسنده حسن‘‘ ہی لکھا ہے، جیسا کہ حصن مسلم میں مذکور ہے۔ آپ کے سوال کے بعد میں نے ازسرنو تحقیق کی تو معلوم ہوا کہ اس روایت کی سند میں عبدالرحمن بن اسحاق المدنی نہیں بلکہ عبدالرحمن بن اسحاق الكوفي الواسطی ہے جو مشہور ضعیف ہے۔ سنن الترمذی میں اس کی سند درج ذیل ہے: «حَدَّثَنَا عَبْدُ اللَّهِ بْنُ عَبْدِ الرَّحْمَنِ، أَخْبَرَنَا يَحْيَى بْنُ حَسَّانَ، حَدَّثَنَا أَبُو مُعَاوِيَةَ، عَنْ عَبْدِ الرَّحْمَنِ بْنِ إِسْحَاق، عَنْ سَيَّارٍ، عَنْ أَبِي وَائِلٍ، عَنْ عَلِيٍّ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ»
ابومعاویه الضریر محمد بن حازم ہیں اور ان کے اساتذہ میں عبدالرحمن بن اسحاق الکوفی ہی ہے، اسی طرح ابن اسحاق الکوفی کے استادوں میں سیار بن ابی الحکم کا نام ملتا ہے، جبکہ ابن اسحاق المدنی کے شاگردوں اور اساتذہ میں ابومعاویه الضریر اور سیار بن ابی الحکم کا تذکرہ نہیں، جس سے واضح ہو جاتا ہے کہ یہ عبدالرحمن الکوفی الواسطی ہے جو جمہور کے نزدیک ضعیف الحدیث ہے، لہٰذا اس کی روایت سے استدلال جائز نہیں۔
میرے استاد محترم رحمہ اللہ سے اور مجھ سے بھی ایک انسان ہونے کے ناطے یہ سہو ہوا، اللہ ہم پر رحم فرمائے، اور کوئی انسان سہو سے محفوظ نہیں ہے۔ عافیت اسی میں ہوتی ہے کہ جب اپنی غلطی و سہو کا علم ہو جائے تو فوراً حق کی طرف رجوع کیا جائے، چنانچہ راقم الحروف کے نزدیک اب مذکورہ روایت ضعیف ہی ہے۔
اس روایت کا ایک شاہد امالی ابن بشران (565) میں ہے لیکن وہ محمد بن زکریا الغلالی اور ابوالحسين عبدالباقی بن قانع در ضعیف راویوں کی وجہ سے ضعیف ہے، لہٰذا اس سے بھی استدلال درست نہیں ہے۔ «والله اعلم»
ایک غلط فہمی کا ازالہ
المختارہ وغیرہ میں موجود ہے کہ یہ عبد الرحمن بن اسحاق القرشی ہے اور وہ ثقہ ہے، تو پھر یہ روایت صحیح ثابت ہوئی۔ عرض ہے کہ محض القرشی سے تعین کرنے میں نظر ہے کیونکہ: امام ابن عدی رحمہ اللہ نے عبدالرحمن بن اسحاق الواسطی (ضعیف) راوی کو بھی القرشی قرار دیا ہے۔ دیکھئے: [الكامل لابن عدي 189/7]
لہٰذا جب تک دلائل سے یہ ثابت اور متعین نہیں ہو جاتا کہ اس سند میں عبدالرحمن ابن اسحاق المدنی ہی ہے تب تک یہ روایت ضعیف ہی قرار پائے گی۔ «والله اعلم»
[ماهنامه الحديث حضرو، شماره 133، صفحه نمبر: 16]
علی رضی الله عنہ سے روایت ہے کہ ایک مکاتب غلام نے ۱؎ ان کے پاس آ کر کہا کہ میں اپنی مکاتبت کی رقم ادا نہیں کر پا رہا ہوں، آپ ہماری کچھ مدد فرما دیجئیے تو انہوں نے کہا: کیا میں تم کو کچھ ایسے کلمے نہ سکھا دوں جنہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں سکھائے تھے؟ اگر تیرے پاس «صیر» پہاڑ کے برابر بھی قرض ہو تو تیری جانب سے اللہ اسے ادا فرما دے گا، انہوں نے کہا: کہو: «اللهم اكفني بحلالك عن حرامك وأغنني بفضلك عمن سواك» " اے اللہ! تو ہمیں حلال دے کر حرام سے کفایت کر دے، اور اپنے فضل (رزق، مال و دولت) سے نواز کر اپنے سوا کسی اور سے مانگنے سے بے نیاز کر۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن ترمذي/كتاب الدعوات/حدیث: 3563]
وضاحت:
1؎:
مراد وہ غلام ہے: جس نے غلامی سے آزادی کے لیے اپنے مالک سے کسی متعین رقم کی ادائیگی کا معاہدہ کیا ہو۔
2؎:
اے اللہ! تو ہمیں حلال دے کر حرام سے کفایت کر دے، اور اپنے فضل (رزق، مال ودولت) سے نواز کر اپنے سوا کسی اور سے مانگنے سے بے نیاز کر دے۔