ریاض الصالحین — حدیث نمبر 1470

باب: دعا کا حکم، اس کی فضیلت اور نبی کریم ﷺ کی کچھ دعاؤں کا بیان

باب الأمر بالدعاء وفضله وبيان جمل من أدعيته صلى الله عليه وسلم

حدیث نمبر: 1470
وعن عبد الله بن عمرو بن العاص رضي الله عنهم، قَالَ: قَالَ رسُولُ الله - صلى الله عليه وسلم: «اللَّهُمَّ مُصَرِّفَ القُلُوبِ صَرِّفْ قُلُوبنَا عَلَى طَاعَتِكَ». رواه مسلم.
ترجمہ

سیدنا عبداللہ بن عمرو بن عاص رضی اللہ عنہما سے روایت ہے، انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے (یوں دعا کرتے ہوئے) فرمایا: ”«اللّٰهُمَّ مُصَرِّفَ الْقُلُوبِ صَرِّفْ قُلُوبَنَا عَلَى طَاعَتِكَ» (اے اللہ! دلوں کو پھیرنے والے! ہمارے دلوں کو اپنی اطاعت کی طرف پھیر دے)۔“
(اسے مسلم نے روایت کیا ہے)

حوالہ حدیث رياض الصالحين / كتاب الدعوات / حدیث: 1470
درجۂ حدیث محدثین: صحيح (رواه مسلم)
تخریج حدیث أخرجه: مسلم 8/ 51 (2654) (17).
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح مسلم: 2654 | مشكوة المصابيح: 89

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح مسلم / حدیث: 2654 کی شرح از مولانا عبد العزیز علوی ✍️
حضرت عبد اللہ بن عمرو بن عاص رضی اللہ تعالیٰ عنہ بیان کرتے ہیں کہ انھوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ فرماتے ہوئے سنا،"بنو آدم کے تمام قلوب رحمن کی انگلیوں میں سے، دو انگلیوں کے درمیان ہیں، ایک دل کی طرح وہ اسے جیسے چاہے پھیر دیتا ہے "پھر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے دعا فرمائی،"اے اللہ! دلوں کے پھیرنے والے ہمارے دل، اپنی اطاعت و بندگی کی طرف پھیردے۔" [صحيح مسلم، حديث نمبر:6750]
حدیث حاشیہ: فوائد ومسائل: اس حدیث سے معلوم ہوا، انسانوں کے عمل اللہ تعالیٰ کے اختیار اور اس کے قبضہ میں ہیں، وہی جدھر چاہے، انہیں پھیر دیتا ہے اور یہ اس کی حکمت اور مصلحت کے مطابق ہوتا ہے، ہر انسان سے وہ وہی سلوک کرتا ہے، ادھر ہی اس کا دل موڑتا ہے، جس کا وہ اہل ہوتا ہے، وہ انسانوں سے فضل و رحمت کا سلوک تو کرتا ہے، کسی کے ساتھ ظلم و زیادتی اور ناانصافی نہیں کرتا اور اللہ کی انگلیوں سے مراد، وہ انگلیاں ہیں، جو اس کی شان خالقیت کے لائق ہیں، ان کی کیفیت و حقیقت کو جاننا ممکن نہیں ہے۔
درج بالا اقتباس تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 6750 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: مشكوة المصابيح / حدیث: 89 کی شرح از حافظ زبیر علی زئی ✍️
´انسان کا دل اللہ کی دو انگلیوں کے درمیان`
«. . . ‏‏‏‏وَعَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ عَمْرِو بْنِ الْعَاصِ قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: «يَقُول إِنَّ قُلُوبَ بَنِي آدَمَ كُلِّهَا بَيْنَ أُصْبُعَيْنِ من أَصَابِع الرَّحْمَن كقلب وَاحِد يصرفهُ حَيْثُ يَشَاءُ ثُمَّ قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ الله مُصَرِّفَ الْقُلُوبِ صَرِّفْ قُلُوبَنَا عَلَى طَاعَتِكَ» . رَوَاهُ مُسلم . . .»
". . . سیدنا عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہ سے مروی ہے انہوں نے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "تمام انسانوں کا دل اللہ تعالیٰ کی دو انگلیوں کے درمیان میں ہے، ایک دل کی طرح جس طرح چاہتا ہے الٹ پھیر کرتا رہتا ہے۔" پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے دعا فرمائی کہ «الله مصرف القلوب صرف قلوبنا على طاعتك» " اے دلوں کے پھیرنے والے اللہ! تو ہمارے دلوں کو اپنی اطاعت و فرمانبرداری کی طرف پھیر دے۔" یعنی تو اپنی اطاعت کی ہمیں توفیق دے۔" اس حدیث کو مسلم نے روایت کیا ہے۔ . . ." [مشكوة المصابيح/كِتَاب الْإِيمَانِ: 89]
تخریج:
[صحیح مسلم 6750]

فقہ الحدیث:
➊ دلوں کو اللہ ہی نیکی یا بدی کی طرف پھیرتا ہے اور وہ بندوں کے افعال کا خالق ہے۔
➋ اللہ تعالیٰ کا ہاتھ اور انگلیاں اس کی صفت ہے، جو اس کی شان کے لائق ہے اور مخلوق سے قطعا مشابہ نہیں ہے۔ اس صفت کا انکار کرنا یا اسے مخلوق سے تشبیہ دینا دونوں طرح باطل ہے اور یہ گمراہ لوگوں کا عقیدہ ہے، بلکہ صحیح عقیدہ صرف یہی ہے کہ قرآن و حدیث میں مذکور تمام صفات باری تعالیٰ پر تمثیل، تعطیل اور تکییف کے بغیر ایمان لایا جائے۔ «ليس كمثله شيء وهو السميع البصير»
➌ دنیا میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ اللہ ہی کے حکم، ارادے اور مشیئت سے ہو رہا ہے۔
درج بالا اقتباس اضواء المصابیح فی تحقیق مشکاۃ المصابیح، حدیث/صفحہ نمبر: 89 سے ماخوذ ہے۔