ریاض الصالحین — حدیث نمبر 1469

باب: دعا کا حکم، اس کی فضیلت اور نبی کریم ﷺ کی کچھ دعاؤں کا بیان

باب الأمر بالدعاء وفضله وبيان جمل من أدعيته صلى الله عليه وسلم

حدیث نمبر: 1469
وعن طارق بن أَشْيَمَ - رضي الله عنه - قَالَ: كَانَ الرَّجُلُ إِذَا أسْلَمَ عَلَّمَهُ النَّبيُّ - صلى الله عليه وسلم - الصَّلاَةَ ثُمَّ أمَرَهُ أَنْ يَدْعُوَ بِهؤلاَءِ الكَلِمَاتِ: «اللَّهُمَّ اغْفِرْ لِي، وَارْحَمْنِي، وَاهْدِني، وَعَافِني، وَارْزُقْنِي». رواه مسلم.
وفي روايةٍ له عن طارق: أنَّه سمع النبيَّ - صلى الله عليه وسلم - وأتاهُ رَجُلٌ فَقَالَ: يَا رسول اللهِ، كَيْفَ أقُولُ حِيْنَ أسْأَلُ رَبِّي؟ قَالَ: «قُلْ: اللَّهُمَّ اغْفِرْ لِي، وَارْحَمْنِي، وَعَافِني، وارْزُقْنِي، فإنَّ هؤلاَءِ تَجْمَعُ لَكَ دُنْيَاكَ وَآخِرَتَكَ».
ترجمہ

سیدنا طارق بن اشیم رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، انہوں نے کہا: جب کوئی آدمی اسلام لاتا تو نبی کریم ﷺ اسے نماز سکھاتے، پھر اسے حکم دیتے کہ ان کلمات کے ساتھ دعا کیا کرے: ”«اللّٰهُمَّ اغْفِرْ لِي، وَارْحَمْنِي، وَاهْدِنِي، وَعَافِنِي، وَارْزُقْنِي» (اے اللہ! مجھے بخش دے، مجھ پر رحم فرما، مجھے ہدایت دے، مجھے عافیت دے اور مجھے رزق عطا فرما)۔“
(اسے مسلم نے روایت کیا ہے)
اور مسلم ہی کی ایک روایت میں سیدنا طارق رضی اللہ عنہ سے ہے کہ انہوں نے نبی کریم ﷺ سے سنا جبکہ آپ کے پاس ایک آدمی آیا اور اس نے کہا: اے اللہ کے رسول! جب میں اپنے رب سے مانگوں تو کیسے کہوں؟ آپ نے فرمایا: ”یہ کہو: «اللّٰهُمَّ اغْفِرْ لِي، وَارْحَمْنِي، وَعَافِنِي، وَارْزُقْنِي» (اے اللہ! مجھے بخش دے، مجھ پر رحم فرما، مجھے عافیت دے اور مجھے رزق عطا فرما)، کیونکہ یہ (کلمات) تمہارے لیے تمہاری دنیا اور تمہاری آخرت (کی بھلائی) کو جمع کر دیتے ہیں۔“

حوالہ حدیث رياض الصالحين / كتاب الدعوات / حدیث: 1469
درجۂ حدیث محدثین: صحيح (رواه مسلم)
تخریج حدیث أخرجه: مسلم 8/ 71 (2697) (35) و(36).
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح مسلم: 2697 | سنن ابن ماجه: 3845

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح مسلم / حدیث: 2697 کی شرح از مولانا عبد العزیز علوی ✍️
ابومالک اشجعی رحمۃ اللہ علیہ اپنے باپ سے بیان کرتے ہیں،جب کوئی شخص مسلمان ہوتا،نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم اسے نماز سکھاتے،پھر اسے ان کلمات کے ساتھ دعا کرنے کی تلقین فرماتے،"اللَّهُمَّ اغْفِرْ لِي، وَارْحَمْنِي، وَاهْدِنِي، وَعَافِنِي، وَارْزُقْنِي""معنی اوپر والی حدیث میں گزرچکا ہے۔ [صحيح مسلم، حديث نمبر:6850]
حدیث حاشیہ: فوائد ومسائل: اس حدیث سے ثابت ہوتا ہے، ایمان لانے کے بعد سب سے اہم اور بنیادی عمل نماز ہے، جو ایمان کے بیج سے سب سے پہلے نمودار ہوتا ہے اور اس کے مسلمان ہونے کا عملی ثبوت فراہم کرتا ہے۔
درج بالا اقتباس تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 6850 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابن ماجه / حدیث: 3845 کی شرح از مولانا عطا اللہ ساجد ✍️
´جامع دعاؤں کا بیان۔`
طارق رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ انہوں نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا (اس وقت کہ جب) ایک شخص آپ کی خدمت میں حاضر ہوا، اور اس نے عرض کیا: اللہ کے رسول! میں جب اپنے رب سے سوال کروں تو کیا کہوں؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " تم یہ کہو: «اللهم اغفر لي وارحمني وعافني وارزقني» " اے اللہ! مجھے بخش دے، مجھ پر رحم فرما، اور مجھے عافیت دے اور مجھے رزق عطا فرما "، اور آپ نے انگوٹھے کے علاوہ چاروں انگلیاں جمع کر کے فرمایا: " یہ چاروں کلمات تمہارے لیے دین اور دنیا دونوں کو اکٹھا کر دیں گے۔‏‏‏‏" [سنن ابن ماجه/كتاب الدعاء/حدیث: 3845]
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
(1)
دنیا میں اگر کسی کو بیماری اور مصیبت سے عافیت اور کھلا رزق مل گیا تو گویا اسے دنیا کی ساری نعمتیں مل گئیں، اور آخرت میں اگر گناہ معاف ہو گئے تو گویا آخرت کی ساری نعمتیں مل گئیں۔
رحمت ایسی چیز ہے جس پر دنیا اور آخرت کی سب نعمتوں کا دارومدار ہے۔
اس لحاظ سے یہ انتہائی جامع دعا ہے۔

(2)
اشارہ کرنے سے بات اچھی طرح سمجھ آتی اور ذہن نشین ہوتی ہے۔
درج بالا اقتباس سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 3845 سے ماخوذ ہے۔