ریاض الصالحین — حدیث نمبر 1357
باب: ان لوگوں کا بیان جو آخرت کے ثواب میں شہداء میں شمار ہوتے ہیں، انہیں غسل دیا جاتا ہے اور ان کی نمازِ جنازہ پڑھی جاتی ہے، بخلاف اس شخص کے جو کفار کے ساتھ جنگ میں قتل ہو
باب بيان جماعة من الشهداء في ثواب الآخرة يغسلون ويصلى عليهم بخلاف القتيل في حرب الكفار
وعن أَبي هريرة - رضي الله عنه - قَالَ: جَاءَ رَجُلٌ إِلَى رسول الله - صلى الله عليه وسلم - فَقَالَ: يَا رسولَ اللهِ، أَرَأَيتَ إنْ جَاءَ رجلٌ يُرِيدُ أخْذَ مَالِي؟ قَالَ: «فَلاَ تُعْطِهِ مَالَكَ» قَالَ: أَرَأَيْتَ إنْ قَاتَلَنِي؟ قَالَ: «قَاتِلْهُ» قَالَ: أرَأَيْتَ إنْ قَتَلَنِي؟ قَالَ: «فَأنْتَ شَهِيدٌ» قَالَ: أَرَأيْتَ إنْ قَتَلْتُهُ؟ قَالَ: «هُوَ فِي النَّارِ». رواه مسلم.سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، انہوں نے کہا: ایک آدمی رسول اللہ ﷺ کے پاس آیا اور عرض کیا: اے اللہ کے رسول! بتائیے اگر کوئی آدمی میرا مال لینے کے ارادے سے آئے (تو میں کیا کروں)؟ آپ ﷺ نے فرمایا: ”اسے اپنا مال نہ دو۔“ اس نے کہا: بتائیے اگر وہ مجھ سے لڑائی کرے؟ فرمایا: ”تم (بھی) اس سے لڑو۔“ اس نے کہا: بتائیے اگر وہ مجھے قتل کر دے؟ فرمایا: ”تو تم شہید ہو۔“ اس نے کہا: بتائیے اگر میں اسے قتل کر دوں؟ فرمایا: ”وہ جہنم میں ہے۔“
(اسے مسلم نے روایت کیا ہے)
تشریح، فوائد و مسائل
(1)
اپنے مال ودولت کا تحفظ اور بچاؤ ایک اجر وثواب اور فضیلت کا کام ہے، کیونکہ اگر ہر انسان ظلم کو گوارا کرنا شروع کر دے، ظالم کا مقابلہ نہ کرے تو ظالم دلیر ہوں گے، اور ان کی مال ودولت کی ہوس، ان کو مزید ظلم وستم پر آمادہ کرے گی۔
لیکن اگر ظالموں کا مقابلہ ہوگا، ان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، تو ظلم وستم کا راستہ بند ہوگا۔
اس لیے شریعت اس کام کو اجر وثواب کا باعث قرار دیتی ہے، تاکہ لوگوں کے اندر ظالموں کی راہ روکنے کی ہمت وجرأت پیدا ہو۔
بد قسمتی سے آج ہم نے اس حدیث پر عمل کرنا چھوڑ دیا؟ اس لیے دن بدن قتل وغارت اور دہشت گردی میں اضافہ ہو رہا ہے۔
(2)
دوسروں پر ظلم وستم ڈھانا، کسی کا مال چھیننا، اس قدر گھناؤنا فعل ہے کہ ایسے شخص کا خون محترم نہیں رہتا، اس کا ضرورت کی صورت میں خون بہانا جائز ہوگا، اور اس فعل کا خاصہ جہنم کی سزا ہے، اگر توبہ نہ کی یا معافی نہ ملی۔
اور اس کے ہاتھوں مظلوم مرنے والا آخرت کے اجر وثواب کی رو سے شہید ہوگا۔
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " جس سے اس کا مال ناجائز طریقے سے لینے کا ارادہ کیا جائے، اور وہ اس کے بچانے میں قتل کر دیا جائے، تو وہ شہید ہے۔" [سنن ابن ماجه/كتاب الحدود/حدیث: 2582]
فوائد و مسائل:
(1)
ہرشخص کو حق حاصل ہےکہ اس کی جان اس کامال اس کی عزت محفوظ رہے لہٰذا حملہ آور کےخلاف دفاع کرنا اس کا حق ہے۔
(2)
مال کی حفاظت کے لیے حملہ آور کےخلاف لڑنا جائز ہے توعزت اورجان کی حفاظت کےلڑنا بالاولیٰ جائزہوگا۔
(3)
دفاع کرنےوالا شہید ہوجائے تو وہ شہید ہے تاہم اس کا درجہ ایمان کی حفاظت یا اسلامی سلطنت کی حفاظت کے لیے جہاد کرتے ہوئے شہید سے کم ہے۔
ایسے شخص کو باقاعدہ غسل اور کفن دے کردفن کیا جائے جب کہ معرکہ جہاد کےشہید کےلیےغسل اور کفن ضرورت نہیں۔