ریاض الصالحین — حدیث نمبر 1352

باب: جہاد کی فرضیت اور (اللہ کی راہ میں) صبح و شام نکلنے کی فضیلت

باب وجوب الجهاد وفضل الغدوة والروحة

حدیث نمبر: 1352
وعنه وعن جابرٍ رضي الله عنهم: أنَّ النبيَّ - صلى الله عليه وسلم - قَالَ: «الحَرْبُ خَدْعَةٌ». متفقٌ عَلَيْهِ.
ترجمہ

انہی (سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ) سے اور سیدنا جابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا: ”جنگ دھوکا (اور چال) ہے۔“
(متفق علیہ)

وضاحت:
«الحَرْبُ خَدْعَةٌ» : خطابی رحمہ اللہ «معالم السنن» میں فرماتے ہیں: آپ ﷺ کے فرمان «الحرب خدعة» کا معنی یہ ہے کہ جنگ میں دھوکا (اور چال) جائز ہے، اگرچہ دوسرے معاملات میں ممنوع ہے۔ اور یہ لفظ تین طرح روایت کیا جاتا ہے: «خَدْعة» خاء کے زبر اور دال کے سکون کے ساتھ، «خُدْعة» خاء کے پیش اور دال کے سکون کے ساتھ، اور «خُدَعة» خاء کے پیش اور دال کے زبر کے ساتھ، اور ان میں سب سے درست «خَدْعة» خاء کے زبر کے ساتھ ہے۔ (معالم السنن 2/233)
حوالہ حدیث رياض الصالحين / كتاب الجهاد / حدیث: 1352
درجۂ حدیث محدثین: صحيح (متفق عليه)
تخریج حدیث أخرجه: البخاري 4/ 77 (3029) و(3030)، ومسلم 5/ 143 (1739) (17).
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح البخاري: 3029 | صحيح البخاري: 3030 | صحيح مسلم: 1739 | صحيح مسلم: 1740 | سنن ترمذي: 1675 | سنن ابي داود: 2636 | مسند الحميدي: 1273
قال الخطابي في «معالم السنن» ٢/ ٢٣٣: «قوله: «الحرب خدعة» معناه إباحة الخداع في الحرب وإن كان محظورًا في غيرها من الأمور، وهذا الحرف يروى على ثلاثة أوجه: خَدْعة بفتح الخاء وسكون الدال، وخُدْعة بضم الخاء وسكون الدال، وخُدَعة الخاء مضمومة والدال منصوبة (أي مفتوحة)، وأصوبها خَدْعة بفتح الخاء» .

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 3030 کی شرح از مولانا داود راز ✍️
3030. حضرت جابر بن عبداللہ ؓسے روایت ہے، انھوں نے کہاکہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا: ’’جنگ تو دھوکا اور چالبازی ہے۔‘‘[صحيح بخاري، حديث نمبر:3030]
حدیث حاشیہ: مطلب یہ کہ جو فریق جنگ میں چستی چالاکی سے کام لے گا‘ جنگ کا پانسہ اس کے ہاتھ میں ہوگا۔
پس مسلمانوں کو ایسے موقع پر بہت زیادہ ہوشیاری کی ضرورت ہے۔
جنگ میں چستی چالاکی بہر صورت ضروری ہے اور اسی شکل میں اللہ کی مدد شامل حال ہوتی ہے۔
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 3030 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 3030 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
3030. حضرت جابر بن عبداللہ ؓسے روایت ہے، انھوں نے کہاکہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا: ’’جنگ تو دھوکا اور چالبازی ہے۔‘‘[صحيح بخاري، حديث نمبر:3030]
حدیث حاشیہ:
1۔
لڑائی میں تدبیر اور چالبازی ضروری ہے۔
غزوہ خندق میں یہود،قریش اور غطفان سب مسلمانوں کے خلاف متحد ہوگئے تھے۔
رسول اللہ ﷺنے حضرت نعیم بن مسعود ؓ کو بھیج کر ان میں ناچاقی اور بے اتفاقی پیدا کردی۔
اس وقت آپ نے فرمایا تھا: لڑائی مکروفریب کا نام ہے،یعنی اس میں داؤکرنا اور دشمن کودھوکا دیناضروری ہے کیونکہ جو فریق بھی لڑائی میں ایک بار دھوکا کھاجائے وہ ہلاک ہوجاتا ہے دوبارہ اٹھ نہیں سکتا۔
2۔
اس کا یہ بھی مطلب لیا جاسکتا ہے کہ لڑائی میں جہاں تک ممکن ہوحیلہ وغیرہ کرو تاکہ لڑائی کی نوبت نہ آئے اور اگر اس سے عاجز ہوجاؤ تو پھر جنگ کرو لیکن پہلے مفہوم میں زیادہ جامعیت ہے۔
3۔
واضح رہے کہ دھوکا اور چال لڑائی میں تو جائزہے لیکن اس قسم کی چالبازی دوسرے معاملات میں جائز نہیں۔
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 3030 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح مسلم / حدیث: 1739 کی شرح از مولانا عبد العزیز علوی ✍️
امام صاحب اپنے تین اساتذہ سے حضرت جابر رضی اللہ تعالی عنہ کی روایت بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’لڑائی ایک چال یا تدبیر ہے۔‘‘ [صحيح مسلم، حديث نمبر:4539]
حدیث حاشیہ: مفردات الحدیث:
(1)
خَدْعَةٌ، خَدْعَةٌ، خُدَعَةٌ، خَدَعَةٌ، خَدْعَةٌ: پہلی تین صفات مشہور ہیں، ہر ایک کا معنی یہ ہے۔
(2)
خَدعَة: لڑائی ایک ہی چال ہے، جو وہ چال چل گیا کامیاب ہو گیا۔
(3)
خُدعَة: لڑائی، ایک حیلہ اور چال ہے، ہر فریق اس کو چلنے کی کوشش کرتا ہے گویا یہ مجسمہ حیلہ اور چال ہے۔
(4)
خُدَعَةٌ: یہ ایک بہت بڑا حیلہ اور تدبیر ہے، جس میں لوگ پھنس جاتے ہیں، مختلف آرزوؤں اور تمناؤں کا شکار ہوتے ہیں، ضروری نہیں ہے کہ وہ پوری ہوں۔
(5)
خَدَعَةٌ: یہ خادع کی جمع ہے، یعنی لڑائی چالباز اور حیلہ جو ہے، ہر فریق دوسرے سے حیلہ کرتا ہے۔
(6)
خِدْعَةٌ: یہ ایک مخصوص قسم کی چال اور حیلہ ہے۔
فوائد ومسائل: اس حدیث سے ثابت ہوتا ہے کہ لڑائی میں حیلہ، چال اور تدبیر پر انحصار ہے، جو بہتر چال چل گیا اس نے بہتر تدبیر اختیار کر لی، اس کو کامیابی نصیب ہو گی، اس لیے اس میں آغاز اور ابتدا میں انجام یا نتیجہ کا اندازہ لگانا مشکل ہوتا ہے، آغاز میں ایک فریق غالب آ رہا ہوتا ہے، لیکن انتہاء میں دوسرا فریق غالب آ جاتا ہے اور اس سے بعض ائمہ نے جنگ میں جھوٹ بولنے کو جائز قرار دیا ہے اور بعض نے کہا، جھوٹ سے مراد تعریض اور کنایہ ہے، کیونکہ کذب کا لفظ تعریض و کنایہ کے لیے استعمال ہوتا ہے، جیسا کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام قیامت کے دن کہیں گے، میں نے تین دفعہ جھوٹ یعنی تعریض و کنایہ سے کام لیا اور صحیح یہی معلوم ہوتا ہے، جہاں تک ممکن ہو جھوٹ سے احتراز کرنا چاہیے اور ضرورت پڑنے پر تعریض اور کنایہ سے فائدہ اٹھانا چاہیے، الا یہ کہ اس کے سوا اور کوئی چارہ کار نہ رہے، پھر توریہ اور تعریض کی جگہ جھوٹ سے کام لیا جا سکتا ہے، مثلا کسی مسلمان کی زندگی یا اس کا مال جھوٹ بولے بغیر بچ نہ سکتا ہو تو جان و مال بچانے کے لیے اس کی گنجائش ہے۔
درج بالا اقتباس تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 4539 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ترمذي / حدیث: 1675 کی شرح از ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی ✍️
´لڑائی میں جھوٹ دھوکہ اور فریب کی رخصت کا بیان۔`
جابر بن عبداللہ رضی الله عنہما کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " لڑائی دھوکہ و فریب کا نام ہے " ۱؎۔ [سنن ترمذي/كتاب الجهاد/حدیث: 1675]
اردو حاشہ:
وضاحت: 1؎: جنگ ان تین مقامات میں سے ایک ہے جہاں جھوٹ، دھوکہ اور فریب کا سہارا لیا جا سکتا ہے۔
لڑائی کے ایام میں جہاں تک ممکن ہو کفار کو دھوکہ دینا جائز ہے، لیکن یہ ان سے کیے گئے کسی عہد و پیمان کے توڑنے کا سبب نہ بنے۔
درج بالا اقتباس سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 1675 سے ماخوذ ہے۔