ریاض الصالحین — حدیث نمبر 1350

باب: جہاد کی فرضیت اور (اللہ کی راہ میں) صبح و شام نکلنے کی فضیلت

باب وجوب الجهاد وفضل الغدوة والروحة

حدیث نمبر: 1350
وعن أَبي عمرو - ويقالُ: أَبُو حكيمٍ - النُّعْمَانِ بن مُقَرِّن - رضي الله عنه - قَالَ: شَهِدْتُ رسولَ اللهِ - صلى الله عليه وسلم - إِذَا لَمْ يُقَاتِلْ مِن أوَّلِ النَّهَارِ أَخَّرَ القِتَالَ حَتَّى تَزُولَ الشَّمْسُ، وَتَهُبَّ الرِّيَاحُ، وَيَنْزِلَ النَّصْرُ. رواه أَبُو داود والترمذي، وقال: «حديث حسن صحيح».
ترجمہ

سیدنا ابوعمرو — اور کہا جاتا ہے: ابوحکیم — نعمان بن مقرن رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، انہوں نے کہا: میں رسول اللہ ﷺ کے ساتھ (جنگ میں) حاضر رہا، جب آپ دن کے شروع میں لڑائی نہ کرتے تو لڑائی کو مؤخر کر دیتے یہاں تک کہ سورج ڈھل جاتا، ہوائیں چلنے لگتیں اور (اللہ کی) مدد نازل ہوتی۔
(اسے ابوداود اور ترمذی نے روایت کیا ہے اور ترمذی نے کہا ہے: یہ حدیث حسن صحیح ہے)

حوالہ حدیث رياض الصالحين / كتاب الجهاد / حدیث: 1350
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: صحيح (أبو داود 2655) , شیخ زبیر علی زئی: إسناده صحيح, مشكوة المصابيح (3933), أخرجه الترمذي (1613 وسنده صحيح)
تخریج حدیث أخرجه: أبو داود (2655)، والترمذي (1613)، والنسائي في «الكبرى» (8637).
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : سنن ترمذي: 1612 | سنن ترمذي: 1613 | بلوغ المرام: 1091

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ترمذي / حدیث: 1612 کی شرح از ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی ✍️
´جہاد کے مستحب اوقات کا بیان۔`
نعمان بن مقرن رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ میں نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ جہاد کیا، جب فجر طلوع ہوتی تو آپ (قتال سے) ٹھہر جاتے یہاں تک کہ سورج نکل جاتا، جب سورج نکل جاتا تو آپ جہاد میں لگ جاتے، پھر جب دوپہر ہوتی آپ رک جاتے یہاں تک کہ سورج ڈھل جاتا، جب سورج ڈھل جاتا تو آپ عصر تک جہاد کرتے، پھر ٹھہر جاتے یہاں تک کہ عصر پڑھ لیتے، پھر جہاد (شروع) کرتے۔ کہا جاتا تھا کہ اس وقت نصرت الٰہی کی ہوا چلتی ہے اور مومن اپنے مجاہدین کے لیے نماز میں دعائیں کرتے ہیں۔ [سنن ترمذي/كتاب السير/حدیث: 1612]
اردو حاشہ:
نوٹ:
(قتادہ کی نعمان بن مقرن رضی اللہ عنہ سے لقاء نہیں اس لیے اس سند میں انقطاع ہے، اگلی سند سے یہ حدیث صحیح ہے)
درج بالا اقتباس سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 1612 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: بلوغ المرام / حدیث: 1091 کی شرح از الشیخ صفی الرحمن مبارکپوری ✍️
´(جہاد کے متعلق احادیث)`
سیدنا معقل سے روایت ہے کہ سیدنا نعمان بن مقرن رضی اللہ عنہ نے فرمایا کہ میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ لڑائیوں میں شریک ہوتا رہا ہوں۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم جب دن کے آغاز میں لڑائی شروع نہ کرتے تو پھر زوال آفتاب کے بعد لڑائی شروع کرتے۔ موافق ہوائیں چلتی تھیں اور مدد کرتی تھیں۔ اسے احمد اور تینوں نے روایت کیا ہے اور حاکم نے اسے صحیح کہا ہے اور اس کی اصل بخاری میں ہے۔ «بلوغ المرام/حدیث: 1091»
تخریج:
«أخرجه أبوداود، الجهاد، باب في أي وقت يستحب اللقاء، حديث:2655، والترمذي، السير، حديث:1612، 1613، والحاكم:2 /116، وأحمد:5 /444، 445، والنسائي في الكبرٰي:5 /191، حديث:8637، والبخاري، الجزية والموادعة، حديث:3160.»
تشریح: اس حدیث سے معلوم ہوا کہ جنگ کا آغاز علی الصبح کرنا چاہیے، اگر کچھ دیر ہو جائے تو پھر سورج ڈھلنے کا انتظار کرنا چاہیے، لیکن یہ اس وقت ہے جب لڑائی کا آغاز مسلمانوں کی طرف سے ہونا ہو۔

راویٔ حدیث:
«حضرت نعمان بن مقرِّن رضی اللہ عنہ» مزن قبیلے کی طرف نسبت کی وجہ سے مزنی کہلائے۔
سیدنا صدیق و فاروق رضی اللہ عنہما کے عہد خلافت میں لشکر کے امیروں میں ایک یہ بھی ہوتے تھے۔
انھوں نے اپنے سات دوسرے بھائیوں کے ساتھ ہجرت کی۔
اصبہان کے فاتح ہیں۔
۲۱ ہجری میں نہاوند کے معرکہ میں شہید ہوئے۔
(مقرن کے ’’را‘‘ پر تشدید اور کسرہ ہے۔
محدث کے وزن پر۔
)
درج بالا اقتباس بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری، حدیث/صفحہ نمبر: 1091 سے ماخوذ ہے۔