ریاض الصالحین — حدیث نمبر 1315

باب: جہاد کی فرضیت اور (اللہ کی راہ میں) صبح و شام نکلنے کی فضیلت

باب وجوب الجهاد وفضل الغدوة والروحة

حدیث نمبر: 1315
وعن أنس - رضي الله عنه - قَالَ: انْطَلَقَ رسولُ الله - صلى الله عليه وسلم - وَأصْحَابُهُ حَتَّى سَبَقُوا المُشْرِكِينَ إِلَى بَدْرٍ، وَجَاءَ المُشْرِكُونَ، فَقَالَ رَسولُ اللهِ - صلى الله عليه وسلم: «لاَ يَقْدمَنَّ أَحَدٌ مِنْكُمْ إِلَى شَيْءٍ حَتَّى أكُونَ أنَا دُونَهُ». فَدَنَا المُشْرِكُونَ، فَقَالَ رسولُ الله - صلى الله عليه وسلم: «قُومُوا إِلَى جَنَّةٍ عَرْضُهَا السَّماوَاتُ وَالأرْضُ» قَالَ: يَقُولُ عُمَيْرُ بن الحُمَامِ الأنْصَارِيُّ رضي الله عنه: يَا رسولَ اللهِ، جَنَّةٌ عَرْضُهَا السَّماوَاتُ وَالأرْضُ؟ قَالَ: «نَعَمْ» قَالَ: بَخٍ بَخٍ؟ فَقَالَ رسولُ الله - صلى الله عليه وسلم: «مَا يَحْمِلُكَ عَلَى قَولِكَ بَخٍ بَخٍ؟» قَالَ: لاَ وَاللهِ يَا رَسُولَ اللهِ إِلاَّ رَجَاءَ أَنْ أَكُونَ مِنْ أهْلِهَا، قَالَ: «فَإنَّكَ مِنْ أهْلِهَا» فَأخْرَجَ تَمَرَاتٍ مِنْ قَرَنِهِ، فَجَعَلَ يَأكُلُ مِنْهُنَّ، ثُمَّ قَالَ: لَئِنْ أَنَا حَييتُ حَتَّى آكُلَ تَمَرَاتِي هذِهِ إنّهَا لَحَياةٌ طَوِيلَةٌ، فَرَمَى بِمَا كَانَ مَعَهُ مِنَ التَّمْرِ، ثُمَّ قَاتَلَهُمْ حَتَّى قُتِلَ. رواه مسلم.
«القَرَن» بفتح القاف والراء: هُوَ جُعْبَةُ النشَّابِ.
ترجمہ

سیدنا انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ اور آپ کے صحابہ روانہ ہوئے یہاں تک کہ مشرکین سے پہلے بدر پہنچ گئے، اور مشرکین (بھی) آ گئے، تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”تم میں سے کوئی شخص کسی چیز کی طرف پیش قدمی نہ کرے جب تک کہ میں اس سے آگے نہ ہوں۔“ پھر مشرکین قریب آ گئے تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”اٹھو اس جنت کی طرف جس کی چوڑائی آسمانوں اور زمین کے برابر ہے۔“ (راوی) کہتے ہیں: عمیر بن حمام انصاری رضی اللہ عنہ کہنے لگے: اے اللہ کے رسول! (کیا) ایسی جنت جس کی چوڑائی آسمانوں اور زمین (کے برابر) ہے؟ آپ ﷺ نے فرمایا: ”ہاں۔“ انہوں نے کہا: واہ واہ! (بَخٍ بَخٍ) تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”تمہیں ’واہ واہ‘ کہنے پر کس چیز نے آمادہ کیا؟“ انہوں نے عرض کیا: نہیں، اللہ کی قسم اے اللہ کے رسول! (کسی اور چیز نے نہیں) سوائے اس امید کے کہ میں اس (جنت) والوں میں سے ہو جاؤں۔ آپ ﷺ نے فرمایا: ”تو یقیناً تم اس کے اہل میں سے ہو۔“ پھر انہوں نے اپنے ترکش سے کچھ کھجوریں نکالیں اور ان میں سے کھانے لگے، پھر کہا: اگر میں اتنی دیر زندہ رہا کہ اپنی یہ کھجوریں کھا لوں تو یہ تو ایک لمبی زندگی ہے۔ چنانچہ جو کھجوریں ان کے پاس تھیں انہیں پھینک دیا، پھر ان (مشرکین) سے لڑے یہاں تک کہ شہید ہو گئے۔
(اسے مسلم نے روایت کیا ہے)
«القَرَن» قاف اور راء کے زبر کے ساتھ: تیروں کا ترکش۔

وضاحت:
«بَخٍ بَخٍ» : یہ ایسا کلمہ ہے جو کسی چیز کی تعریف اور اس پر خوشی کے وقت کہا جاتا ہے، اور مبالغہ کے لیے اسے دہرایا جاتا ہے، اس کا معنی معاملے کی عظمت اور بڑائی کا اظہار ہے۔ (النہایہ 1/101)
حوالہ حدیث رياض الصالحين / كتاب الجهاد / حدیث: 1315
درجۂ حدیث محدثین: صحيح (رواه مسلم)
تخریج حدیث أخرجه: مسلم 6/ 44 (1901) (145).
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح مسلم: 1901 | سنن ابي داود: 2618
بخ بخ: هي كلمة تقال عند المدح والرضا بالشيء، وتكرر للمبالغة، ومعناها تعظيم الأمر وتفخيمه. النهاية ١/ ١٠١.

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح مسلم / حدیث: 1901 کی شرح از مولانا عبد العزیز علوی ✍️
حضرت انس بن مالک رضی اللہ تعالی عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت بسیسہ رضی اللہ تعالی عنہ کو جاسوس بنا کر روانہ فرمایا تاکہ وہ ابوسفیان کے قافلہ کے حالات کا جائزہ لے، وہ واپس آیا تو میرے سوا اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے سوا گھر میں کوئی نہ تھا، ثابت کہتے ہیں، مجھے معلوم نہیں، حضرت انس رضی اللہ تعالی عنہ نے ازواج مطہرات میں سے کسی کو مستثنیٰ کیا تھا، اس نے آپ کو واقعہ سنایا، تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم باہر تشریف لائے اور... (مکمل حدیث اس نمبر پر دیکھیں) [صحيح مسلم، حديث نمبر:4915]
حدیث حاشیہ: مفردات الحدیث:
طلبه: مطلوبہ ضرورت۔
قرن: ترکش فوائد ومسائل: ابو سفیان ایک بہت بڑا تجارتی قافلہ لے کر شام سے واپس آ رہا تھا، جس کے ساتھ صرف تیس چالیس آدمی تھے، آپ نے اس کے حالات سے آگاہی کے لیے جاسوس روانہ کیا، پھر اس کی رپورٹ پر مطلوبہ چیز سے آگاہ کیے بغیر نکلنے کا حکم دیا تاکہ خبر عام نہ ہو جائے اور فوری تعاقب کی بنا پر لوگوں کو جمع کرنے کے لیے کچھ توقف نہیں کیا اور قافلہ کا تعاقب مطلوب تھا، اس لیے، اس کے لیے کوئی خاص اہتمام اور تیاری نہیں کی اور حضرت عمیر نے جنتی ہونے کی پیش گوئی سن کر چند کھجوریں کھانے کے لیے وقت صرف کرنا بھی گوارا نہیں کیا اور انہیں پھینک کر وہاں جانے کے لیے دشمن سے جا ٹکرائے، لیکن اس سے یہ استدلال کرنا درست نہیں ہے کہ آپ کو یہ پتہ تھا کون جنتی ہے اور کون دوزخی ہے، کیونکہ اس کا مدار وحی پر تھا۔
درج بالا اقتباس تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 4915 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابي داود / حدیث: 2618 کی شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی ✍️
´جاسوس بھیجنے کا بیان۔`
انس بن مالک رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے بسیسہ کو جاسوس بنا کر بھیجا تاکہ وہ دیکھیں کہ ابوسفیان کا قافلہ کیا کر رہا ہے۔ [سنن ابي داود/كتاب الجهاد /حدیث: 2618]
فوائد ومسائل:
مسلمانوں میں ایک دوسرے کی جاسوسی کرنا حرام ہے۔
الا یہ کہ امیر المومنین اصلاح احوال کےلئے ان کے بعض امور کی ٹوہ لگائےتو جائز ہے۔
تاہم دشمن کے احوال کی خبر لینے کے لئے یہ عمل سیاستاً واجب ہے۔

درج بالا اقتباس سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی، حدیث/صفحہ نمبر: 2618 سے ماخوذ ہے۔