ریاض الصالحین — حدیث نمبر 1291

باب: جہاد کی فرضیت اور (اللہ کی راہ میں) صبح و شام نکلنے کی فضیلت

باب وجوب الجهاد وفضل الغدوة والروحة

حدیث نمبر: 1291
وعن سَلمَانَ - رضي الله عنه - قَالَ: سَمِعْتُ رسول الله - صلى الله عليه وسلم - يقول: «رِبَاطُ يَوْمٍ وَلَيْلَةٍ خَيْرٌ مِنْ صِيَامِ شَهْرٍ وَقِيَامِهِ، وَإنْ مَاتَ جَرَى عَلَيْهِ عَمَلُهُ الَّذِي كَانَ يَعْمَلُ، وَأُجْرِيَ عَلَيْهِ رِزْقُهُ، وَأَمِنَ الفَتَّانَ» رواه مسلم.
ترجمہ

سیدنا سلمان رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، انہوں نے کہا: میں نے رسول اللہ ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا: ”ایک دن اور ایک رات سرحد پر پہرہ دینا ایک مہینے کے روزوں اور قیام سے بہتر ہے، اور اگر وہ (اسی حالت میں) فوت ہو جائے تو اس کا وہ عمل جو وہ کرتا تھا اس پر جاری رہتا ہے، اور اس کا رزق اس پر جاری کر دیا جاتا ہے، اور وہ فتنے میں ڈالنے والے (قبر کے آزمائش کرنے والوں) سے محفوظ رہتا ہے۔“
(اسے مسلم نے روایت کیا ہے)

وضاحت:
«الفَتَّانَ» : امام نووی رحمہ اللہ فرماتے ہیں: آپ ﷺ کا فرمان "اور اس کا رزق اس پر جاری کر دیا جاتا ہے" شہداء کے بارے میں اللہ تعالیٰ کے اس فرمان کے موافق ہے: "وہ اپنے رب کے پاس زندہ ہیں، انہیں رزق دیا جاتا ہے"، اور احادیث میں ہے کہ شہداء کی روحیں جنت کے پھل کھاتی ہیں۔ اور آپ ﷺ کے فرمان "أمن الفتان" میں (أمن) کو دو طرح ضبط کیا گیا ہے: ایک (أَمِنَ) ہمزہ کے زبر اور میم کے زیر کے ساتھ بغیر واو کے، اور دوسرا (أُومِنَ) ہمزہ کے پیش اور واو کے ساتھ۔ اور (الفتان) کے بارے میں قاضی (عیاض) نے کہا: اکثر کی روایت فاء کے پیش کے ساتھ (الفُتّان) ہے جو "فاتن" کی جمع ہے، اور کہا: طبری کی روایت فاء کے زبر کے ساتھ ہے، اور ابوداود کی سنن کی روایت میں ہے: "وہ قبر کے فتنے میں ڈالنے والوں سے امن دیا جاتا ہے"۔ (شرح صحیح مسلم للنووی 7/55)
حوالہ حدیث رياض الصالحين / كتاب الجهاد / حدیث: 1291
درجۂ حدیث محدثین: صحيح (رواه مسلم)
تخریج حدیث أخرجه: مسلم 6/ 50 (1913) (163).
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح مسلم: 1913 | سنن ترمذي: 1665 | سنن نسائي: 3169 | سنن نسائي: 3170
قال النووي في شرح صحيح مسلم ٧/ ٥٥ (١٩١٣): «قوله: «وأجري عليه رزقه» موافق لقول الله تعالى في الشهداء: ﴿أحْيَاءٌ عِنْدَ رَبِّهِمْ يُرْزَقُونَ﴾ وفي الأحاديث أنَّ أرواح الشهداء تأكل من ثمار الجنة. + وقوله: «أمن الفتان» ضبطوا (أمن) بوجهين: أحدهما: (أمن) بفتح الهمزة وكسر الميم من غير واو. والثاني: (أومن) بضم الهمزة وبواو. + وأما (الفتان): فقال القاضي: رواية الأكثرين بضم الفاء جمع فاتن. قال: ورواية الطبري بالفتح، وفي رواية أبي داود في سننه «أومن من فتاني القبر» » .

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح مسلم / حدیث: 1913 کی شرح از مولانا عبد العزیز علوی ✍️
حضرت سلمان فارسی رضی اللہ تعالی عنہ بیان کرتے ہیں، میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ فرماتے ہوئے سنا: ’’ایک دن، رات سرحدی چوکی پر پہرہ دینا، ایک ماہ کے روزوں اور قیام سے بہتر ہے اور اگر وہ اس حالت میں فوت ہو گیا تو وہ جو عمل کرتا تھا وہ اس کے لیے جاری رہے گا اور اس کا رزق جاری کر دیا جائے گا اور وہ قبر کے آزمائش کرنے والے سے محفوظ رہے گا۔‘‘ [صحيح مسلم، حديث نمبر:4938]
حدیث حاشیہ: مفردات الحدیث:
الفتان: اگر ف پر پیش ہوتو رفاتن کی جمع ہوگا اور اگرف پر زبر ہوتو یہ مبالغہ کا صیغہ ہوگا۔
فوائد ومسائل: اس حدیث سے سرحد پر پہرہ دینے کی فضیلت نمایاں ہو رہی ہے، کیونکہ مرنے کے بعد مرنے والے کے عمل منقطع ہو جاتے ہیں لیکن جو سرحد پر پہرہ دیتے ہوئے فوت ہوتا ہے، اس کے عمل جاری رہتے ہیں، اور یہ ایک ایسا امتیاز ہے، جس میں اور کوئی شریک نہیں ہے، اس لیے بعض روایات میں یہ صراحت موجود ہے کہ سرحد پر پہرہ دینے والے کے سوا ہر شخص کا عمل موت سے منقطع ہو جاتا ہے، لیکن سرحدی محافظ کا عمل قیامت تک بڑھتا رہتا ہے، گویا یہ عمل اس کے لیے صدقہ جاریہ بنتا ہے۔
درج بالا اقتباس تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 4938 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ترمذي / حدیث: 1665 کی شرح از ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی ✍️
´سرحد کی حفاظت کرنے والے کی فضیلت کا بیان۔`
محمد بن منکدر کہتے ہیں کہ سلمان فارسی رضی الله عنہ شرحبیل بن سمط کے پاس سے گزرے، وہ اپنے «مرابط» (سرحد پر پاسبانی کی جگہ) میں تھے، ان پر اور ان کے ساتھیوں پر وہاں رہنا گراں گزر رہا تھا، سلمان فارسی رضی الله عنہ نے کہا: ابن سمط؟ کیا میں تم سے وہ حدیث بیان نہ کروں جسے میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا ہے؟ انہوں نے کہا: کیوں نہیں، سلمان رضی الله عنہ نے کہا: میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے سنا: " اللہ کی راہ میں ایک دن کی پاسبانی ایک ماہ روزہ رکھنے اور تہجد پڑھنے سے افضل ہے، آپ نے «أفضل» کی بجائے کبھی «خير» (بہتر ہ۔۔۔۔ (مکمل حدیث اس نمبر پر پڑھیے۔) [سنن ترمذي/كتاب فضائل الجهاد/حدیث: 1665]
اردو حاشہ:
وضاحت:
1؎:
یعنی مرنے سے اس کے ثواب کا سلسلہ منقطع نہیں ہوگا، بلکہ تاقیامت جاری رہے گا۔

نوٹ:
(مؤلف کی سند میں محمد بن المنکدر اور سلمان فارسی رضی اللہ عنہ کے درمیان انقطاع ہے، مگر مسلم اور نسائی کی سند جو بطریق شرحبیل بن سمط ہے متصل ہے)
درج بالا اقتباس سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 1665 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن نسائي / حدیث: 3169 کی شرح از حافظ محمد امین ✍️
´سرحد پر پہرے کی فضیلت کا بیان۔`
سلمان الخیر رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " جس نے اللہ کے راستے میں ایک دن ایک رات پہرہ دیا اسے ایک مہینے کے روزے و نماز کا ثواب ملے گا، اور جو پہرہ دینے کی حالت میں مر گیا اسے اسی طرح کا اجر برابر ملتا رہے گا، اور اس کا رزق بھی جاری کر دیا جائے گا، اور وہ فتنوں سے محفوظ ہو جائے گا " ۱؎۔ [سنن نسائي/كتاب الجهاد/حدیث: 3169]
اردو حاشہ: (1) مقصد یہ کہ صرف لڑائی ہی جہاد نہیں بلکہ لڑائی کی تربیت حاصل کرنا‘ لڑائی کی تیاری کرنا اور دشمن سے مقابلے کے لیے تیار رہنا بھی جہا دہے۔ فوج سرحدوں پر بیٹھی ہرے اور اس کے ڈر سے دشمن وبکارہے تو یہ بھی جہاد ہے۔ اس پر اجر عظیم حاصل ہوگا۔ لڑائی تو آخری چارئہ کار ہے جو بہ امرمجبوری اختیار کیا جائے گا‘ اسی لیے رسول اللہﷺ نے لڑائی کی خواہش کرنے سے منع فرمایا ہے۔ ہاں جب مجبوراً لڑنا پڑے تو ڈٹ کر لڑیں۔ (2) ’’ثواب جاری رکھا جائے گا‘‘ جنگی تیاری صدقہ جاریہ کی طرح ہے کیونکہ اس کی برکت سے دشمن کا حوصلہ پست رہتا ہے اور اسلام کی اشاعت میں ترقی ہوتی ہے۔ چونکہ اس کا فائدہ جاری ہے‘ لہٰذا اس کا ثواب بھی جاری رہے گا۔ باقی رہا رزق‘ تو مرنے کے بعد وہ کس طرح جاری رہتا ہے؟ اس کی کیفیت صرف اللہ ہی جانتا ہے۔ (3) ’’امتحان لینے والوں‘‘ یعنی قبر میں سوال وجواب والے فرشتے اس کا امتحان نہیں لیں گے اس کا اس نیکی کی حالت میں فوت ہونا ہی اس کے مخلص مسلمان ہونے کی قاطع دلیل ہے‘ لہٰذا سوال وجواب کی ضرورت ہی نہیں۔ بعض نے اس سے مراد شیاطین لیے ہیں‘ یعنی شیاطین اسے مرتے وقت گمراہ نہیں کرسکیں گے۔ بعض نے اس سے عذاب والے فرشتے مراد لیے ہیں‘ یعنی اسے عذاب کا خطرہ نہیں رہے گا۔ دراصل عربی عبارت میں لفظ ’’فتان‘‘ استعمال کیا گیا ہے۔ اس کے یہ تینوں معنی مراد ہوسکتے ہیں۔ واللّـٰہ أعلم۔ (4) ’’سلمان خیر‘‘ نام تو سلمان تھا جو کہ سلمان فارسی کے نام سے معروف ہیں۔ ان کی نیک نفسی کی وجہ سے انہیں سلمان خیر کہا گیا۔ رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہُ وَأَرْضَاہُ۔
درج بالا اقتباس سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 3169 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن نسائي / حدیث: 3170 کی شرح از حافظ محمد امین ✍️
´سرحد پر پہرے کی فضیلت کا بیان۔`
سلمان رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا ہے: " جس نے اللہ کے راستے میں ایک دن ایک رات پہرہ دیا اسے ایک ماہ کے روزے رکھنے اور نماز پڑھنے کا ثواب ملے گا، اور اگر وہ (اس دوران) مر گیا تو وہ جو کام کر رہا تھا اس کا وہ کام جاری تصور کیا جائے گا۔ اور (منکر و نکیر کے) فتنوں سے محفوظ ہو جائے گا، (یعنی وہ اس سے سوال و جواب کرنے کے لیے اس کے پاس حاضر نہ ہوں گے) اور اس کے لیے اس کا رزق (جو شہداء کا رزق ہے) جاری کر [سنن نسائي/كتاب الجهاد/حدیث: 3170]
اردو حاشہ: مذکورہ حدیث سابقہ حدیث ہی کے مفہوم کی حامل ہے
درج بالا اقتباس سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 3170 سے ماخوذ ہے۔