ریاض الصالحین — حدیث نمبر 1267

باب: روزہ افطار کروانے والے کی فضیلت، اس روزے دار کی فضیلت جس کے پاس کھانا کھایا جائے، اور کھانا کھانے والے کا میزبان کے لیے دعا کرنا

باب فضل من فطَّر صائمًا وفضل الصائم الذي يؤكل عنده ودعاء الآكل للمأكول عنده

حدیث نمبر: 1267
وعن أنسٍ - رضي الله عنه: أنَّ النبيَّ - صلى الله عليه وسلم - جَاءَ إِلَى سعد بن عبادة - رضي الله عنه - فَجَاءَ بِخُبْزٍ وَزَيْتٍ، فَأكَلَ، ثُمَّ قَالَ النبي - صلى الله عليه وسلم: «أفْطَرَ عِنْدَكُمُ الصَّائِمُونَ؛ وَأكَلَ طَعَامَكُمُ الأَبرَارُ، وَصَلَّتْ عَلَيْكُمُ المَلاَئِكَةُ». رواه أَبُو داود بإسناد صحيح.
ترجمہ

سیدنا انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ سیدنا سعد بن عبادہ رضی اللہ عنہ کے ہاں تشریف لائے، تو وہ روٹی اور زیتون کا تیل لے آئے، آپ ﷺ نے کھایا، پھر نبی کریم ﷺ نے فرمایا: «أَفْطَرَ عِنْدَكُمُ الصَّائِمُونَ، وَأَكَلَ طَعَامَكُمُ الأَبْرَارُ، وَصَلَّتْ عَلَيْكُمُ المَلَائِكَةُ» (تمہارے پاس روزے دار افطار کریں، اور نیک لوگ تمہارا کھانا کھائیں، اور فرشتے تمہارے لیے رحمت کی دعا کریں)۔
(اسے ابوداود نے صحیح سند کے ساتھ روایت کیا ہے)

حوالہ حدیث رياض الصالحين / كتاب الفضائل / حدیث: 1267
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: صحيح (أبو داود 3854) , شیخ زبیر علی زئی: حسن, وله شاھد حسن في مشكل الآثار (1/498، 499)
تخریج حدیث أخرجه: أبو داود (3854).
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : سنن ابي داود: 3854

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابي داود / حدیث: 3854 کی شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی ✍️
´جب کسی کے یہاں کھانا کھایا جائے تو اس کے لیے دعا کرنے کا بیان۔`
انس رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سعد بن عبادہ رضی اللہ عنہ کے پاس آئے تو وہ آپ کی خدمت میں روٹی اور تیل لے کر آئے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے کھایا پھر آپ نے یہ دعا پڑھی: «أفطر عندكم الصائمون وأكل طعامكم الأبرار وصلت عليكم الملائكة» " تمہارے پاس روزے دار افطار کیا کریں، نیک لوگ تمہارا کھانا کھائیں، اور تمہارے لیے دعائیں کریں۔‏‏‏‏" [سنن ابي داود/كتاب الأطعمة /حدیث: 3854]
فوائد ومسائل:
فائدہ: توضیح: ان کلمات کا ترجمہ جملہ انشائیہ کے طور پر ہوتو یہ دعا ہے۔
جیسے کہ اوپر ترجمے سے ظاہر ہے۔
اور جو حضرات ان کلمات کا ترجمہ بطور خبر کرتے ہیں تو اس صورت میں یہ کلمات دعا نہیں بنتے۔
یعنی روزہ داروں نے تمہارے ہاں روزہ افطار کیا۔
صالح لوگوں نے کھانا کھایا اور فرشتوں نے دعایئں دیں۔
اس صورت میں اس کا مصداق خود رسول اللہ ﷺ اور دیگر شرکائے دعوت تھے۔
تاہم یہ دعایئہ کلمات بھی بن سکتے ہیں۔
جیسا کہ پہلے ترجمے سے واضح ہے۔
اس لئے ان کلمات کو دعا کے طور پرپڑھنا بھی صحیح ہے۔
درج بالا اقتباس سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی، حدیث/صفحہ نمبر: 3854 سے ماخوذ ہے۔