ریاض الصالحین — حدیث نمبر 1157

باب: جمعہ کے دن کی فضیلت، جمعہ کا وجوب، اس کے لیے غسل کرنا، خوشبو لگانا اور جلدی جانا، جمعہ کے دن دعا کرنا اور نبی کریم ﷺ پر درود بھیجنا، اور اس میں قبولیت کی گھڑی کا بیان، اور جمعہ کے بعد کثرت سے اللہ تعالیٰ کا ذکر کرنے کا استحباب

باب فضل يوم الجمعة ووجوبها والاغتسال لَهَا والطّيب والتبكير إِلَيْهَا والدعاء يوم الجمعة والصلاة عَلَى النبي - صلى الله عليه وسلم - وفِيهِ بيان ساعة الإجابة واستحباب إكثار ذكر الله تعالى بعد الجمعة

حدیث نمبر: 1157
وعن أَبي بُرْدَةَ بن أَبي موسى الأشعريِّ - رضي الله عنه - قَالَ: قَالَ عبد الله بن عمر رضي الله عنهم: أسَمِعْتَ أبَاكَ يُحَدِّثُ عَنْ رسول الله - صلى الله عليه وسلم - في شأنِ سَاعَةِ الجُمُعَةِ؟ قَالَ: قُلْتُ: نَعَمْ، سَمِعْتُهُ يَقُولُ: سَمِعْتُ رسول الله - صلى الله عليه وسلم - يقول: «هِيَ مَا بَيْنَ أَنْ يَجْلِسَ الإمَامُ إِلَى أَنْ تُقْضَى الصَّلاةُ». رواه مسلم.
ترجمہ

ابوبردہ بن ابی موسیٰ اشعری رحمہ اللہ سے روایت ہے، انہوں نے کہا: سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما نے (مجھ سے) کہا: کیا تم نے اپنے والد کو جمعہ کی گھڑی کے بارے میں رسول اللہ ﷺ سے حدیث بیان کرتے ہوئے سنا ہے؟ میں نے کہا: جی ہاں، میں نے انہیں کہتے ہوئے سنا: میں نے رسول اللہ ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا: ”وہ (گھڑی) امام کے (منبر پر) بیٹھنے سے لے کر نماز ختم ہونے تک (کے درمیان) ہے۔“
(اسے مسلم نے روایت کیا ہے)

حوالہ حدیث رياض الصالحين / كتاب الفضائل / حدیث: 1157
درجۂ حدیث محدثین: صحيح (رواه مسلم)
تخریج حدیث أخرجه: مسلم 3/ 6 (853) (16).
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح مسلم: 853 | سنن ابي داود: 1049

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح مسلم / حدیث: 853 کی شرح از مولانا عبد العزیز علوی ✍️
ابو مو سیٰ اشعری رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے بیٹے ابو بردہ کی روایت ہے کہ مجھ سے حضرت عبد اللہ بن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہما نے کہا: کیا تم نے اپنے باپ سے جمعہ کی ساعت کے بارے میں حدیث سنی ہے؟ میں نے کہا: ہاں میں نے انسے یہ کہتے سنا ہے کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے سنا: ’’یہ امام کے بیٹھنے سے لے کر نماز کے پڑھنے تک ہے۔‘‘ [صحيح مسلم، حديث نمبر:1975]
حدیث حاشیہ: فوائد ومسائل: ساعت جمعہ کے بارے میں بہت اختلافات ہیں حافظ ابن حجر رحمۃ اللہ علیہ نے چالیس سے زائد اقوال نقل کیے ہیں۔
لیکن صحیح ترین قول دو ہیں جو احادیث سے ثابت ہیں ابوموسیٰ اشعری رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی روایت سے ثابت ہوتا ہے کہ یہ ساعت امام کے منبر پر بیٹھنے سے لے کر نماز کے اختتام تک ہے اور مسند احمد اور سنن میں مختلف صحابہ رضوان اللہ عنھم اجمعین کی روایات سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ عصر کے بعد ہے اس لیے بعض نے مسلم شریف کی روایت کو ترجیح دی ہے اور اکثریت کے نزدیک یہ عصر کے بعد ہے حافظ ابن قیم رحمۃ اللہ علیہ نے دلائل سے ترجیح عصر کے بعد کی ساعت کو دی ہے لیکن یہ لکھا ہے کہ لوگوں کے اجتماع، ان کی نماز، ان کی اللہ کے حضور عاجزی اور تضرع اور گڑگڑانا کو بھی دعا کی قبولیت میں داخل ہے۔
اس لیے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ا پنی امت کو ان دونوں اوقات میں دعا اور اللہ کے سامنے گڑگڑانے کی ترغیب دی ہے۔
اور اس کا شوق و آمادگی دلائی ہے۔
لیکن یہ دونوں اوقات ایسے ہیں کہ ان میں انسان نماز نہیں پڑھ سکتا۔
اس لیے قَائِمٌ یُّصَلي، کھڑا ہوکر نماز پڑھتا ہے میں تاویل کی ضرورت ہے اس کا یا تو یہ معنی کرنا ہوگا کہ قیام سے مراد مواظبت اور پابندی ہے اور صلوۃ سے مراد دعا ہے کہ وہ دعا پر مواظبت اور پابندی کرتا ہے یا انتظار صلوۃ مراد ہوگا کہ وہ نماز کا منتظر ہے۔
جیسا کہ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی روایت ہے کہ میں نے حضرت عبداللہ بن سلام رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے اس ساعت کے بارے میں پوچھا تو انہوں نے جواب دیا کہ وہ جمعہ کے دن کی آخری ساعت ہے۔
میں نے اعتراض کیا: (وَتِلْكَ السَّاعَةُ لَا يُصَلَّى فِيْهَا)
اس گھڑی میں نماز نہیں پڑھی جاتی تو انہوں نے جواب دیا کہ کیا نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ نہیں فرمایا کہ جو انسان نماز کے انتظار میں بیٹھا ہے۔
(فَهُوَ فِي صَلَاةٍ)
وہ نماز ہی پڑھ رہا ہے۔
تو میں نے کہا، ہاں، انہوں نےکہا، بس یہی بات ہے، اور ابن ماجہ کی روایت میں یہ ہے کہ یہ سوال حضرت عبداللہ بن سلام رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے کیا تھا تو آپﷺ نے انہیں یہ جواب دیا تھا، خلاصہ کلام یہ ہے کہ یہ ساعت توعصر کے بعد ہی ہے لیکن مطلوب دونو، جگہ دعا کرنا ہے اور اس سے یہ بھی ثابت ہوا کہ خطبہ کے دوران دعا مانگنا انصات اورخاموشی کے منافی نہیں ہے۔
(کیونکہ علامہ شامی کے بقول تو یہ ساعت امام کے منبر پر بیٹھنے سے لے کر فراغت نماز تک ہے (شرح صحیح مسلم، علامہ سعیدی، ج2 ص 648)
درج بالا اقتباس تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 1975 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابي داود / حدیث: 1049 کی شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی ✍️
´جمعہ کے دن دعا قبول ہونے کی گھڑی کون سی ہے؟`
ابوبردہ بن ابی موسیٰ اشعری رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما نے مجھ سے پوچھا: کیا تم نے اپنے والد سے جمعہ کے معاملہ میں یعنی قبولیت دعا والی گھڑی کے متعلق رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے نقل کرتے ہوئے کچھ سنا ہے؟ میں نے کہا: ہاں، میں نے سنا ہے، وہ کہتے تھے کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے سنا ہے کہ وہ (ساعت) امام کے بیٹھنے سے لے کر نماز کے ختم ہونے کے درمیان ہے۔ ابوداؤد کہتے ہیں: یعنی منبر پر (بیٹھنے سے لے کر)۔ [سنن ابي داود/تفرح أبواب الجمعة /حدیث: 1049]
1049۔ اردو حاشیہ:
مختلف روایات میں جمع و تطبیق کی ایک صورت یہ ہے کہ ساعت مختلف اوقات میں منتقل ہوتی رہتی ہے۔
درج بالا اقتباس سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی، حدیث/صفحہ نمبر: 1049 سے ماخوذ ہے۔