صحيح مسلم
كتاب الجمعة— جمعہ کے احکام و مسائل
باب فِي السَّاعَةِ الَّتِي فِي يَوْمِ الْجُمُعَةِ: باب: جمعہ کے دن دعا کی قبولیت کے وقت کے بیان میں۔
وحَدَّثَنِي أَبُو الطَّاهِرِ ، وَعَلِيُّ بْنُ خَشْرَمٍ ، قَالَا : أَخْبَرَنَا ابْنُ وَهْبٍ ، عَنْ مَخْرَمَةَ بْنِ بُكَيْرٍ . ح وحَدَّثَنَا هَارُونُ بْنُ سَعِيدٍ الْأَيْلِيُّ ، وَأَحْمَدُ بْنُ عِيسَى ، قَالَا : حَدَّثَنَا ابْنُ وَهْبٍ ، أَخْبَرَنَا مَخْرَمَةُ ، عَنْ أَبِيهِ ، عَنْ أَبِي بُرْدَةَ بْنِ أَبِي مُوسَى الْأَشْعَرِيِّ ، قَالَ : قَالَ لِي عَبْدُ اللَّهِ بْنُ عُمَرَ : أَسَمِعْتَ أَبَاكَ يُحَدِّثُ ، عَنْ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فِي شَأْنِ سَاعَةِ الْجُمُعَةِ ؟ قَالَ : قُلْتُ : نَعَمْ ، سَمِعْتُهُ يَقُولُ : سَمِعْتُ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَقُولُ : " هِيَ مَا بَيْنَ أَنْ يَجْلِسَ الْإِمَامُ إِلَى أَنْ تُقْضَى الصَّلَاةُ " .ابوبردہ بن ابی موسیٰ اشعری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہا: مجھ سے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما نے کہا: کیا تم نے اپنے والد کو جمعے کی گھڑی کے بارے میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے حدیث بیان کرتے ہوئے سنا ہے؟ کہا: میں نے کہا: جی ہاں میں نے انہیں یہ کہتے سنا ہے کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا آپ فرما رہے تھے: ”یہ امام کے بیٹھنے سے لے کر نماز مکمل ہونے تک ہے۔“
حضرت ابو موسیٰ اشعری رضی اللہ عنہ کے بیٹے ابو بردہ سے روایت ہے کہ مجھ سے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما نے کہا: ”کیا تم نے اپنے والد سے جمعہ کی ساعت کے بارے میں حدیث سنی ہے؟“ میں نے کہا: ”ہاں، میں نے ان سے یہ کہتے سنا ہے کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے سنا: ”یہ امام کے بیٹھنے سے لے کر نماز کے پڑھنے تک ہے۔““
تشریح، فوائد و مسائل
لیکن صحیح ترین قول دو ہیں جو احادیث سے ثابت ہیں ابوموسیٰ اشعری رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی روایت سے ثابت ہوتا ہے کہ یہ ساعت امام کے منبر پر بیٹھنے سے لے کر نماز کے اختتام تک ہے اور مسند احمد اور سنن میں مختلف صحابہ رضوان اللہ عنھم اجمعین کی روایات سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ عصر کے بعد ہے اس لیے بعض نے مسلم شریف کی روایت کو ترجیح دی ہے اور اکثریت کے نزدیک یہ عصر کے بعد ہے حافظ ابن قیم رحمۃ اللہ علیہ نے دلائل سے ترجیح عصر کے بعد کی ساعت کو دی ہے لیکن یہ لکھا ہے کہ لوگوں کے اجتماع، ان کی نماز، ان کی اللہ کے حضور عاجزی اور تضرع اور گڑگڑانا کو بھی دعا کی قبولیت میں داخل ہے۔
اس لیے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ا پنی امت کو ان دونوں اوقات میں دعا اور اللہ کے سامنے گڑگڑانے کی ترغیب دی ہے۔
اور اس کا شوق و آمادگی دلائی ہے۔
لیکن یہ دونوں اوقات ایسے ہیں کہ ان میں انسان نماز نہیں پڑھ سکتا۔
اس لیے قَائِمٌ یُّصَلي، کھڑا ہوکر نماز پڑھتا ہے میں تاویل کی ضرورت ہے اس کا یا تو یہ معنی کرنا ہوگا کہ قیام سے مراد مواظبت اور پابندی ہے اور صلوۃ سے مراد دعا ہے کہ وہ دعا پر مواظبت اور پابندی کرتا ہے یا انتظار صلوۃ مراد ہوگا کہ وہ نماز کا منتظر ہے۔
جیسا کہ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی روایت ہے کہ میں نے حضرت عبداللہ بن سلام رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے اس ساعت کے بارے میں پوچھا تو انہوں نے جواب دیا کہ وہ جمعہ کے دن کی آخری ساعت ہے۔
میں نے اعتراض کیا: (وَتِلْكَ السَّاعَةُ لَا يُصَلَّى فِيْهَا)
اس گھڑی میں نماز نہیں پڑھی جاتی تو انہوں نے جواب دیا کہ کیا نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ نہیں فرمایا کہ جو انسان نماز کے انتظار میں بیٹھا ہے۔
(فَهُوَ فِي صَلَاةٍ)
وہ نماز ہی پڑھ رہا ہے۔
تو میں نے کہا، ہاں، انہوں نےکہا، بس یہی بات ہے، اور ابن ماجہ کی روایت میں یہ ہے کہ یہ سوال حضرت عبداللہ بن سلام رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے کیا تھا تو آپﷺ نے انہیں یہ جواب دیا تھا، خلاصہ کلام یہ ہے کہ یہ ساعت توعصر کے بعد ہی ہے لیکن مطلوب دونو، جگہ دعا کرنا ہے اور اس سے یہ بھی ثابت ہوا کہ خطبہ کے دوران دعا مانگنا انصات اورخاموشی کے منافی نہیں ہے۔
(کیونکہ علامہ شامی کے بقول تو یہ ساعت امام کے منبر پر بیٹھنے سے لے کر فراغت نماز تک ہے (شرح صحیح مسلم، علامہ سعیدی، ج2 ص 648)
ابوبردہ بن ابی موسیٰ اشعری رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما نے مجھ سے پوچھا: کیا تم نے اپنے والد سے جمعہ کے معاملہ میں یعنی قبولیت دعا والی گھڑی کے متعلق رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے نقل کرتے ہوئے کچھ سنا ہے؟ میں نے کہا: ہاں، میں نے سنا ہے، وہ کہتے تھے کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے سنا ہے کہ وہ (ساعت) امام کے بیٹھنے سے لے کر نماز کے ختم ہونے کے درمیان ہے۔ ابوداؤد کہتے ہیں: یعنی منبر پر (بیٹھنے سے لے کر)۔ [سنن ابي داود/تفرح أبواب الجمعة /حدیث: 1049]
مختلف روایات میں جمع و تطبیق کی ایک صورت یہ ہے کہ ساعت مختلف اوقات میں منتقل ہوتی رہتی ہے۔