ریاض الصالحین — حدیث نمبر 1149
باب: جمعہ کے دن کی فضیلت، جمعہ کا وجوب، اس کے لیے غسل کرنا، خوشبو لگانا اور جلدی جانا، جمعہ کے دن دعا کرنا اور نبی کریم ﷺ پر درود بھیجنا، اور اس میں قبولیت کی گھڑی کا بیان، اور جمعہ کے بعد کثرت سے اللہ تعالیٰ کا ذکر کرنے کا استحباب
باب فضل يوم الجمعة ووجوبها والاغتسال لَهَا والطّيب والتبكير إِلَيْهَا والدعاء يوم الجمعة والصلاة عَلَى النبي - صلى الله عليه وسلم - وفِيهِ بيان ساعة الإجابة واستحباب إكثار ذكر الله تعالى بعد الجمعة
وعنه، عن النبيِّ - صلى الله عليه وسلم - قَالَ: «الصَّلَوَاتُ الخَمْسُ، وَالجُمُعَةُ إِلَى الجُمُعَةِ، وَرَمَضَانُ إِلَى رَمَضَانَ، مُكَفِّراتٌ مَا بَيْنَهُنَّ إِذَا اجْتُنِبَتِ الكَبَائِرُ». رواه مسلم.انہی (سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ) سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا: ”پانچوں نمازیں، ایک جمعہ دوسرے جمعہ تک، اور ایک رمضان دوسرے رمضان تک، اپنے درمیان (ہونے والے گناہوں) کا کفارہ ہیں، جب کبیرہ گناہوں سے بچا جائے۔“
(اسے مسلم نے روایت کیا ہے)
تشریح، فوائد و مسائل
انسان سے مختلف قسم کے گناہ اور قصور سرزد ہوتے رہتے ہیں، اس لیے مختلف گناہوں کے لیے مختلف قسم کی عبادات کفارہ بنتی ہیں، کچھ وضو سے معاف ہوتے ہیں، کچھ کا کفارہ نماز بنتی ہے اور بعض گناہ جمعہ سے معاف ہوتے ہیں، بعض کی بخشش روزے سے ہوتی ہے، اسی طرح اور عبادات ہیں، لیکن کبیرہ گناہوں کی آلودگی اور نجاست اس قدر غلیظ ہوتی ہے اور اس کے قبیح اثرات اس قدر گہرے اور پختہ ہوتے ہیں جن کا ازالہ صرف تو بہ واستغفار سے ہو سکتا ہے۔
ہاں اگر اللہ تعالیٰ کسی پر خصوصی رحم فرما کر یونہی معاف کر دے، تو اس کا فضل وکرم انتہائی وسیع ہے، وہ کسی کا پابند نہیں ہے۔
قرآن مجید میں ہے: ’’اگر تم ان بڑے گناہوں سے بچو گے جن سے تمہیں منع کیا جاتا ہے، تو ہم تم سے تمہاری چھوٹی برائیاں دور کر دیں گے۔
‘‘ (النِّساء: 31)
: مَا لَمْ تُغْشَ: غشيان کا اصل معنی ’’کسی کے پاس آنا ہے‘‘ کہتے ہیں: "غَشِيَ فُلَانًا" ’’فلاں کے پاس آیا‘‘ یہاں مقصد گناہوں کا ارتکاب ہے، جس کو آگے اجتناب الکبائر، بڑے گناہوں سے بچنا سے تعبیر کیا گیا ہے۔
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " ایک جمعہ دوسرے جمعہ تک کے گناہوں کا کفارہ ہے، بشرطیکہ کبیرہ گناہوں کا ارتکاب نہ کیا جائے۔" [سنن ابن ماجه/كتاب إقامة الصلاة والسنة/حدیث: 1086]
فائدہ: (1)
صغیرہ گناہ نیکیوں کی برکت سے معاف ہوجاتے ہیں۔
(2)
کبیرہ گناہ صرف توبہ سے معاف ہوتےہیں۔
(3)
بعض کبیرہ گناہ ایسے ہوتے ہیں۔
کہ ان کی موجودگی میں نیک اعمال کرنے کے باوجود صغیرہ گناہ معاف نہیں ہوتے۔