ریاض الصالحین — حدیث نمبر 1102

باب: فجر کی دو سنتوں کی تاکید

باب تأكيد ركعتي سنّةِ الصبح

حدیث نمبر: 1102
وعنها، عن النبيِّ - صلى الله عليه وسلم - قَالَ: «رَكْعَتَا الفَجْرِ خَيْرٌ مِنَ الدنْيَا وَمَا فِيهَا». رواه مُسلِمٌ.
وفي رواية: «لَهُمَا أحَبُّ إليَّ مِنَ الدُّنْيَا جَمِيعًا».
ترجمہ

انہی (سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا) سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا: ”فجر کی دو رکعتیں دنیا اور جو کچھ اس میں ہے اس سے بہتر ہیں۔“
(اسے مسلم نے روایت کیا ہے)
اور ایک روایت میں ہے: ”یقیناً یہ دونوں (رکعتیں) مجھے ساری دنیا سے زیادہ محبوب ہیں۔“

حوالہ حدیث رياض الصالحين / كتاب الفضائل / حدیث: 1102
درجۂ حدیث محدثین: صحيح (رواه مسلم)
تخریج حدیث أخرجه: مسلم 2/ 160 (725) (96) و(97).
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : سنن نسائي: 1760 | صحيح مسلم: 725 | سنن ترمذي: 416

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: سنن نسائي / حدیث: 1760 کی شرح از حافظ محمد امین ✍️
´فجر سے پہلے کی دونوں رکعتوں کی محافظت کا بیان۔`
ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " فجر کی دونوں رکعتیں دنیا ومافیہا سے بہتر ہیں۔‏‏‏‏" [سنن نسائي/كتاب قيام الليل وتطوع النهار/حدیث: 1760]
1760۔ اردو حاشیہ: دنیا فانی ہے اور آخرت کا ثواب باقی، لہٰذا ان کا کوئی مقابلہ ہی نہیں، یعنی فجر کی دو سنتوں کا ثواب اس بات سے بہتر ہے کہ اسے ساری دنیا دے دی جائے، لہٰذا انہیں سفر میں بھی نہ چھوڑا جائے۔
درج بالا اقتباس سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 1760 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح مسلم / حدیث: 725 کی شرح از مولانا عبد العزیز علوی ✍️
حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ بیان کرتی ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ’’فجر کی دو رکعت (سنت) دنیا اور جو کچھ اس میں ہے سے بہتر ہیں۔‘‘ [صحيح مسلم، حديث نمبر:1688]
حدیث حاشیہ: فوائد ومسائل: اس سے معلوم ہوتا ہے کہ آخرت میں فجر کی دو رکعت سنت کا اہتمام اور پابندی اس قدر اجرو ثواب کا باعث ہے کہ دنیا اور دنیا میں جو کچھ ہے۔
اس سب سے زیادہ قیمتی اور مفید ہے کیونکہ دنیاو مافیہا سب عارضی اور فانی ہیں اور آخرت کا اجرو ثواب باقی اور غیر فانی ہے۔
درج بالا اقتباس تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 1688 سے ماخوذ ہے۔