ریاض الصالحین — حدیث نمبر 107

باب: مجاہدہ (نفس کے خلاف جدوجہد) کا بیان

باب في المجاهدة

حدیث نمبر: 107
الثالث عشر: عن أبي عبد الله، ويقال: أَبُو عبد الرحمان ثوبان - مولى رَسُول الله - صلى الله عليه وسلم - رضي الله عنه - قَالَ: سَمِعْتُ رسولَ الله - صلى الله عليه وسلم - يَقُولُ: «عَلَيْكَ بِكَثْرَةِ السُّجُودِ؛ فَإِنَّكَ لَنْ تَسْجُدَ للهِ سَجْدَةً إلاَّ رَفَعَكَ اللهُ بِهَا دَرجَةً، وَحَطَّ عَنكَ بِهَا خَطِيئةً». رواه مسلم.
ترجمہ

سیدنا ابو عبداللہ — اور کہا جاتا ہے: ابو عبدالرحمن — ثوبان رضی اللہ عنہ سے، جو رسول اللہ ﷺ کے آزاد کردہ غلام تھے، روایت ہے، انہوں نے کہا: میں نے رسول اللہ ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا: ”کثرت سے سجدے کیا کرو، کیونکہ تم اللہ کے لیے جو بھی سجدہ کرو گے اللہ اس کے بدلے تمہارا ایک درجہ بلند کرے گا اور اس کے بدلے تمہارا ایک گناہ مٹا دے گا۔“
(اسے مسلم نے روایت کیا ہے)

حوالہ حدیث رياض الصالحين / بداية الكتاب / حدیث: 107
درجۂ حدیث محدثین: صحيح (رواه مسلم)
تخریج حدیث أخرجه: مسلم 2/ 51 (488) (225).
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح مسلم: 488 | سنن ترمذي: 388

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ترمذي / حدیث: 388 کی شرح از ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی ✍️
´رکوع اور سجدہ کثرت سے کرنے کی فضیلت۔`
معدان بن طلحہ یعمری کہتے ہیں کہ میں نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے آزاد کردہ غلام ثوبان رضی الله عنہ سے ملاقات کی اور ان سے کہا کہ آپ مجھے کوئی ایسا عمل بتائیں جس سے اللہ تعالیٰ مجھے نفع پہنچائے اور مجھے جنت میں داخل کرے، تو وہ کافی دیر تک خاموش رہے پھر وہ میری طرف متوجہ ہوئے اور انہوں نے کہا کہ تم کثرت سے سجدے کیا کرو ۱؎ کیونکہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ فرماتے ہوئے سنا ہے کہ " جو بھی بندہ اللہ کے واسطے کوئی سجدہ کرے گا اللہ اس کی وجہ سے اس کا ایک درجہ بلند کر دے گا اور اس کا ایک گناہ مٹا دے گا۔‏‏‏‏" [سنن ترمذي/كتاب الصلاة/حدیث: 388]
اردو حاشہ:
1؎:
یعنی: زیادہ سے زیادہ نفل نمازیں پڑھا کرو، اور ظاہر بات ہے کہ زیادہ سے زیادہ نمازیں پڑھے گا تو ان میں زیادہ سے زیادہ رکوع اور سجدے ہوں گے۔
درج بالا اقتباس سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 388 سے ماخوذ ہے۔