کتب حدیث ›
سنن نسائي › ابواب
› باب: حاکم تک معاملہ پہنچنے کے بعد آدمی چور کو معاف کر دے تو اس کے حکم کا بیان، اور صفوان بن امیہ کی اس حدیث میں عطا کے شاگردوں کے اختلاف کا ذکر۔
أَخْبَرَنَا هِلَالُ بْنُ الْعَلَاءِ ، قَالَ : حَدَّثَنِي أَبِي ، قَالَ : حَدَّثَنَا يَزِيدُ بْنُ زُرَيْعٍ ، عَنْ سَعِيدٍ ، عَنْ قَتَادَةَ ، عَنْ عَطَاءٍ ، عَنْ صَفْوَانَ بْنِ أُمَيَّةَ : " أَنَّ رَجُلًا سَرَقَ بُرْدَةً لَهُ , فَرَفَعَهُ إِلَى النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فَأَمَرَ بِقَطْعِهِ ، فَقَالَ : يَا رَسُولَ اللَّهِ , قَدْ تَجَاوَزْتُ عَنْهُ ، فَقَالَ : " أَبَا وَهْبٍ , أَفَلَا كَانَ قَبْلَ أَنْ تَأْتِيَنَا بِهِ ؟ " ، فَقَطَعَهُ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ " .
´صفوان بن امیہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ` ایک شخص نے ان کی چادر چرا لی ، وہ اسے لے کر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آئے ، آپ نے ہاتھ کاٹنے کا حکم دیا ، تو وہ بولے : اللہ کے رسول ! میں نے اسے معاف کر دیا ہے ، آپ نے فرمایا : ” ابو وہب ! تم نے اسے ہمارے پاس لانے سے پہلے ہی کیوں نہ معاف کر دیا ؟ “ چنانچہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کا ہاتھ کاٹ دیا ۱؎ ۔
حضرت صفوان بن امیہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ایک آدمی نے ان کی چادر چرا لی، وہ اسے (چور کو) نبی کریم ﷺ کے پاس لے آئے تو آپ ﷺ نے اس کا ہاتھ کاٹ دینے کا حکم دیا، انہوں نے کہا: اے اللہ کے رسول! میں نے اس کو معاف کر دیا، آپ ﷺ نے فرمایا: ”ابو وہب! (معاف ہی کرنا تھا تو) ہمارے پاس لانے سے پہلے کیوں معاف نہ کر دیا؟“ پھر رسول اللہ ﷺ نے اس کا ہاتھ کاٹ دیا۔
وضاحت:
۱؎: حدیث کا خلاصہ یہ ہے کہ چور کے معاملہ کو سرکاری انتظامیہ تک پہنچ جانے سے پہلے جس کا مال چوری ہوا ہے اگر وہ معاف کر دیتا ہے تو چور کا گناہ عند اللہ توبہ سے معاف ہو سکتا ہے، اور ہاتھ نہیں کاٹا جائے گا، لیکن اگر معاملہ سرکاری ذمہ داروں (پولیس اور عدلیہ) تک پہنچ جاتا ہے تب صاحب مال کو معاف کر دینے کا حق بحق سرکار ختم ہو جاتا ہے۔
أَخْبَرَنِي عَبْدُ اللَّهِ بْنُ أَحْمَدَ بْنِ مُحَمَّدِ بْنِ حَنْبَلٍ ، قَالَ : حَدَّثَنَا أَبِي ، قَالَ : حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ جَعْفَرٍ ، قَالَ : حَدَّثَنَا سَعِيدٌ ، عَنْ قَتَادَةَ ، عَنْ عَطَاءٍ ، عَنْ طَارِقِ بْنِ مُرَقَّعٍ ، عَنْ صَفْوَانَ بْنِ أُمَيَّةَ : " أَنَّ رَجُلًا سَرَقَ بُرْدَةً , فَرَفَعَهُ إِلَى النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ , فَأَمَرَ بِقَطْعِهِ ، فَقَالَ : يَا رَسُولَ اللَّهِ , قَدْ تَجَاوَزْتُ عَنْهُ ، قَالَ : " فَلَوْلَا كَانَ هَذَا قَبْلَ أَنْ تَأْتِيَنِي بِهِ يَا أَبَا وَهْبٍ " ، فَقَطَعَهُ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ " .
´صفوان بن امیہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ` ایک شخص نے ایک چادر چرائی ، وہ اسے لے کر نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آئے ، آپ نے اس کا ہاتھ کاٹنے کا حکم دیا تو وہ بولے : اللہ کے رسول ! میں نے اسے معاف کر دیا ہے ، آپ نے فرمایا : ” ابو وہب ! اسے میرے پاس لانے سے پہلے ہی تم نے کیوں نہ معاف کر دیا ؟ “ پھر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کا ہاتھ کاٹ دیا ۔
حضرت صفوان بن امیہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ایک آدمی نے (میری) چادر چرا لی، وہ اسے نبی اکرم ﷺ کے پاس لے گئے، آپ ﷺ نے اس کا ہاتھ کاٹ دینے کا حکم دیا، انہوں نے کہا: اے اللہ کے رسول! میں نے اسے معاف کر دیا، آپ ﷺ نے فرمایا: ”ابو وہب! تو نے یہ کام میرے پاس لانے سے پہلے کیوں نہ کیا؟“ پھر رسول اللہ ﷺ نے اس کا ہاتھ کاٹ دیا۔
أَخْبَرَنَا مُحَمَّدُ بْنُ حَاتِمِ بْنِ نُعَيْمٍ ، قَالَ : أَنْبَأَنَا حِبَّانُ ، قَالَ : حَدَّثَنَا عَبْدُ اللَّهِ ، عَنْ الْأَوْزَاعِيِّ ، قَالَ : حَدَّثَنِي عَطَاءُ بْنُ أَبِي رَبَاحٍ ، " أَنَّ رَجُلًا سَرَقَ ثَوْبًا , فَأُتِيَ بِهِ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ , فَأَمَرَ بِقَطْعِهِ ، فَقَالَ الرَّجُلُ : يَا رَسُولَ اللَّهِ , هُوَ لَهُ . قَالَ : " فَهَلَّا قَبْلَ الْآن ؟ " .
´عطا بن ابی رباح کہتے ہیں کہ` ایک شخص نے ایک کپڑا چرایا ، اسے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس لایا گیا ، آپ نے ہاتھ کاٹنے کا حکم دیا ( جس کا کپڑا تھا ) وہ شخص بولا : اللہ کے رسول ! وہ اسی کے لیے ہے ۱؎ آپ نے فرمایا : ” ایسا اس سے پہلے ہی کیوں نہ کیا “ ۔
حضرت عطاء بن ابی رباح رحمہ اللہ سے روایت ہے کہ ایک آدمی نے کپڑا چرا لیا، اسے پکڑ کر رسول اللہ ﷺ کے پاس لایا گیا، آپ ﷺ نے اس کا ہاتھ کاٹنے کا حکم دے دیا، (کپڑے والے) آدمی نے کہا: اے اللہ کے رسول! یہ کپڑا اس کو معاف ہے، آپ ﷺ نے فرمایا: ”اس وقت سے پہلے کیوں نہ (معاف) کیا۔“
وضاحت:
۱؎: یعنی میں نے اسے دے دیا، اب اسے معاف کر دیجئیے۔